سمندری طوفان میکسیو کے ساحل سے ٹکرا گیا، بڑے پیمانے پر تباہی کا خدشہ

Mexico Hurricane

Mexico Hurricane

میکسیکو سٹی (جیوڈیسک) میکسیکو میں ماہر موسمیات کے مطابق بحر الکاہل سے اٹھنے والا ایک شدید سمندری طوفان میکسیکو کے ساحل سے ٹکرا گیا ہے جب کہ حکومت نے 3 ریاستوں میں ہنگامی صورتحال کا اعلان کردیا ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق پٹریشیا نامی سمندری طوفان کے بارے میں بتایا جارہا ہے کہ یہ اب تک ریکارڈ کیا گیا شدید ترین سمندری طوفان ہے اور اس سے بڑے پیمانے پر تباہی کا خدشہ ہے۔ حکام کی جانب سے پہلے ہی پیٹریشیا نامی سمندری طوفان سے بچاؤ کے لیے رہائشی علاقے خالی کرانا شروع کر دیے تھے جب کہ طوفان کو کیٹیگری پانچ قرار دیا گیا ہے اور اس کی رفتار 300 کلومیٹر فی گھنٹے سے بھی زیادہ ہے۔

سمندری طوفان کی زد میں آنے والی تین ریاستوں پیورٹو ولارٹا، کولیما اور گیوریرو میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے تمام تعلیمی ادارے بند کردیئے گئے ہیں جب کہ پولیس کی جانب سے لوگوں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ ساحلی علاقے میں جانے سے گریز کریں جب کہ لاؤڈ اسپیکروں کے ذریعے ہوٹلوں میں مقیم افراد کو بھی علاقہ خالی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ادھر پیورٹو ولارٹا سمیت دو اور شہروں کے ہوائی اڈے بھی سمندری طوفان کے پیش نظر بند کر دیے گئے ہیں۔

میکسیکو کے نیشنل ڈیزاسٹر فنڈ کے مطابق پٹریشیا طوفان سے چار لاکھ لوگ متاثر ہو سکتے ہیں جب کہ ورلڈ میٹرولوجیکل آرگنائزشن کے مطابق یہ طوفان اتنا تیز ہے کہ ایک ہوائی جہاز کو فضا میں اڑا سکتا ہے اور اس کا موازنہ سال 2013 میں فلپائن کے ہائین سمندری طوفان سے کیا جا سکتا ہے جس میں 6 ہزار 300 لوگ مارے گئے تھے۔