حریت رہنماؤں سے ملاقاتیں جاری رکھیں گے، پاکستانی ہائی کمشنر

Abdul Basit

Abdul Basit

نیو دہلی (جیوڈیسک) بھارت میں متعین پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کا کہنا ہے کہ حریت کانفرنس کشمیریوں کی اہم نمائندہ جماعت ہے اور پاکستان حریت رہنماؤں سے ہونے والی ملاقاتوں کو جاری رکھے گا۔

بھارتی اخبار کو دیئے گئے انٹرویو میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے علاوہ دیگر مسائل بھی پاک بھارت تعلقات متاثر کررہے ہیں جنہیں حل کرنے کی ضرورت ہے تاہم کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان اہم معاملہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ حریت کانفرنس کشمیریوں کی اہم نمائندہ جماعت ہے اور حریت رہنماؤں سے ہمارے رابطے مددگار ثابت ہوتے ہیں، پاکستان نے حریت رہنماؤں سے متعدد ملاقاتیں کی ہیں، پاکستان یہ ملاقاتیں نہیں چھپاتا اور آئندہ بھی ان کو جاری رکھے گا۔

واضح رہے کہ 23 اگست کو روس میں پاک بھارت وزرائے خارجہ کے درمیان ہونے والی ممکنہ ملاقات سے قبل سرتاج عزیز کی حریت رہنماؤں سے ملاقات متوقع ہے۔