آئی سی سی ایوارڈز، سٹیو سمتھ کرکٹر آف دی ایئر کیلئے منتخب

Steve Smith

Steve Smith

دبئی (جیوڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے سالانہ ایوارڈز کا اعلان کردیا آسٹریلیا کے کپتان سٹیو سمتھ کرکٹر آف دی ائیر منتخب ہو گئے۔ انگلینڈ کے امپائر رچرڈ کیٹل برا نے مسلسل تیسری مرتبہ ڈیو ڈ شیفرڈ ٹرافی جیت لی۔

آئی سی سی ایوارڈز کا میلہ آسٹریلیا کے کپتان سٹیو سمتھ نے لوٹ لیا ۔ چھبیس سالہ بلے باز نے گزشتہ برس ٹیسٹ میچز میں ایک ہزار سات سو چونتیس رنز سکور کیے اور کرکٹر آف دی ائیر کی سر گارفیلڈسوبرز ٹرافی اپنے نام کی ۔ ون ڈے کرکٹر آف دی ائیر کا ایوارڈ اے بی ڈویلئیرز کے نام رہا۔

جنوبی افریقہ کپتان نے رواں برس کے آغاز میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے کی تیز ترین سنچری بنائی ۔ ٹی ٹونٹی پرفارمر آف دی ائیر ایوارڈ کے حق دار جنوبی افریقہ کے فف ڈوپلیسی ٹھہرے ۔ ایمرجنگ پلئیر آف دی ائیر ایوارڈ آسٹریلوی پیسر جوش ہیزل ووڈ لے اڑے۔

بہترین امپائرنگ کرنے پر انگلینڈ کے رچرڈ کیٹل برا کومسلسل تیسری مرتبہ ڈیوڈ شیفرڈ ٹرافی سے نوازا گیا ون ڈے ویمن کرکٹر آف دی ائیر کا ایوارڈ آسٹریلوی کپتان سٹیفنی ٹیلر کو دیا گیا۔