آئی سی سی کا اجلاس، پاکستان کی مالی معاونت کرنے پر اتفاق

ICC

ICC

کیپ ٹاؤن (جیوڈیسک) آئی سی سی نے انٹرنیشنل کرکٹ سے محروم پاکستان کی مالی معاونت کیلیے حامی بھر لی، بورڈ نے فیصلہ فنانشل اینڈ کمرشل کمیٹی کی سفارش پر کیا، معاملات کو بعد میں حتمی شکل دی جائے گی،’’بگ تھری‘‘ کا متبادل نظام لانے کے حوالے سے تجاویز آئندہ سال کے آغاز میں پیش کی جائیں گی، آئی سی سی ویمنز ورلڈ ٹوئنٹی 20 ٹورنامنٹ 2020 کا انعقاد مینز ایونٹ کیساتھ نہیں ہوگا، آئرلینڈ، افغانستان اور ایسوسی ایٹ ملکوں کیلیے فنڈز کی منظوری دیدی گئی۔

تفصیلات کے مطابق کیپ ٹاؤن میں ہونے والے آئی سی سی اجلاس میں انٹرنیشنل کرکٹ سے محروم پاکستان کی مالی مشکلات کم کرنے کے حوالے مثبت پیش رفت ہوئی ہے، پی سی بی کا موقف تھا کہ ایک عرصے سے ملک میں انٹرنیشنل مقابلے نہ ہونے کی وجہ سے ہوم سیریز بھی نیوٹرل وینیوز پر کرانا پڑ رہے ہیں، بھاری اخراجات کے سبب ہونے والے مالی مسائل کا حل تلاش کیا جائے۔

اس ضمن میں کی جانے والی کارروائی سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ آئی سی سی بورڈ نے فنانشل اینڈ کمرشل کمیٹی کی سفارش پر رضامندی ظاہر کی ہے کہ کسی نہ کسی صورت پاکستان کی معاونت کرنا چاہیے، اس معاملے پر بات چیت کرنے کے بعد معاملات کو بعد میں حتمی شکل دی جائے گی، دوسری جانب ’’بگ تھری‘‘ کا متبادل نظام لانے کے حوالے سے کام جاری رکھنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

مالی وسائل کی ممبر ملکوں کو تقسیم کا طریقہ کار وضع کرکے آئندہ سال کے آغاز میں ہونے والے اجلاس میں پیش کیا جائے گا،ممبر ملکوں کی باہمی سیریز کے معاملات کو مزید بہتر بنانے کیلیے تجاویز پر غور کیا گیا لیکن کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آسکا، ٹیسٹ کرکٹ کو دوڈویژنز میں تقسیم کرنے کا معاملہ بھی کسی نتیجے تک نہیں پہنچ سکا، 2020 میں آئی سی سی ویمنز ورلڈ ٹوئنٹی 20ٹورنامنٹ کا الگ انعقاد ہوگا۔

میزبان آسٹریلیا کی خواہش پر یہ ایونٹ مینز ٹورنامنٹ سے 6ماہ قبل کروانے کا فیصلہ کیا گیا، مقصد یہ ہے کہ مردوں کے میگا ایونٹ کے دوران دب کے رہ جانے والے خواتین کی مقابلوں کو بھی بھرپور توجہ ملے، اسٹیڈیم میسر ہونے سے ٹی وی رائٹس اور کمرشلز کی بدولت آمدن میں بھی اضافہ ہوگا،آئرلینڈ اور افغانستان کو کرکٹ کے فروغ کیلیے مزید5،5لاکھ ڈالر فنڈ دینے کی منظوری بھی دیدی گئی۔

ون ڈے اور ٹوئنٹی20 انٹرنیشنل کا اسٹیٹس رکھنے والی دیگر ایسوسی ایٹ ٹیموں کو بھی ڈھائی لاکھ ڈالر فی کس دیے جائیں گے، آئر لینڈ کے ڈومیسٹک بین الصوبائی ایونٹ کو فرسٹ کلاس کرکٹ کا درجہ دینے کی بھی منظوری دی گئی،امریکی کرکٹ کو درست بنیادوں پر استوار کرنے کیلیے انتظامی ڈھانچہ بھی تجویزکیا گیا،اس کا رواں سال 15دسمبر تک نفاذ کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔