آئی سی سی ون ڈے رینکنگ: اے بی ڈی ویلیئرز نے پہلی پوزیشن حاصل کر لی

AB de Villiers

AB de Villiers

دبئی (جیوڈیسک) آئی سی سی نے تازہ ون ڈے رینکنگ جاری کردی ہے۔ آئی لینڈرز کے خلاف دوسرے ون ڈے میں ناکامی کے بعد پاکستان ٹیم رینکنگ میں 88 پوائنٹس کے ساتھ نویں نمبر پر پہنچ گیا ہے جبکہ قومی بلے باز بیٹنگ رینکنگ میں ٹاپ 30 میں جگہ نہیں بنا سکے۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق ٹیم رینکنگ میں سری لنکا کے خلاف دوسرے ون ڈے میں ناکامی کے بعد پاکستان آئی سی سی رینکنگ میں 88 پوائنٹس کے ساتھ نویں نمبر پر پہنچ گیا ہے۔

بنگالی ٹائیگرز نے جنوبی افریقہ کے خلاف ایک روزہ سیریز جیت کر پوائنٹس میں بہتری پیدا کرلی ہے ۔ بنگلہ دیشی ٹیم 96 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر براجمان ہے ۔ بیٹنگ رینکنگ کی بات کی جائے تو جنوبی افریقہ کے اے بی ڈی ویلیئرز کی پہلی پوزیشن برقرار ہے۔

سری لنکا کے تجربہ کار بلے باز کمار سنگاکارا دوسرے نمبر پر موجود ہیں جبکہ کوئی بھی پاکستانی بلے باز ٹاپ 30 میں جگہ نہیں بنا سکا ۔ قومی آل رائونڈر محمد حفیظ کی 32 ویں پوزیشن ہے ۔ باؤلنگ رینکنگ میں آسٹریلوی باؤلر مچل سٹارک سرفہرست ہیں ۔ قومی سپنر سعید اجمل ایک درجہ تنزلی کا شکار ہوکر آٹھویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔

محمد حفیظ کی 16 ویں جبکہ محمد عرفان کی 17 ویں پوزیشن ہے ۔ آل رائونڈرز کیٹگری میں بنگلہ دیش کے شکیب الحسن کا ٹاپ پوزیشن پر راج قائم ہے جبکہ قومی آل رائونڈر محمد حفیظ ایک درجہ کامیابی کے بعد چوتھے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔