آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ؛ یونس اورمصباح 10 بہترین بلے بازوں میں شامل، بولرزمیں یاسر کا چوتھا نمبر

best batsmen

best batsmen

دبئی (جیوڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) نے کھلاڑیوں کی نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری کردی ہے۔جس کے تحت پاکستان کے یونس خان اور مصباح الحق ٹاپ 10 بلے بازوں کی فہرست میں شامل ہیں جب کہ بہترین بولروں میں یاسر شاہ کا چوتھا نمبر ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری ہونے والی کھلاڑیوں کی نئی ٹیسٹ رینکنگ میں انگلینڈ کے فاسٹ بولر جیمز اینڈریسن اپنے ہی ہم وطن اسٹیورٹ براڈ کو نیچے دھکیل کر پہلے نمبر پر قابض ہوگئے ہیں۔ جبکہ اسٹیورٹ براڈ 2 درجہ تنزلی کے بعد پہلی سے تیسری پوزیشن پر آگئے ہیں۔ بھارت کے ایشون 871 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور پاکستان کے جادوگراسپنر یاسر شاہ چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔ جنوبی افریقا کے ڈیل اسٹین پانچویں، بھارت کے رویندا جڈیجا چھٹے، نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ ساتویں ، آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ آٹھویں ، جنوبی افریقہ کے مورنی مورکل نویں جبکہ ان ہی کے ہم وطن ورنون فلینڈرز دسویں نمبر پر براجمان ہیں۔

کرکٹ کے طویل ترین فارمیٹ میں کسی بیٹسمین کی درجہ بندی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور آسٹریلیا کے اسٹیواسمتھ 925 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر براجمان ہیں ۔ انگلینڈ کے جوئے روٹ 878 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن 868 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔ جنوبی افریقی بیٹسمین ہاشم آملہ بھی گزشتہ پوزیشن پر برقرار ہیں جبکہ پاکستان کے یونس خان بھی 826 پوائنٹس کے ساتھ اپنے سابقہ درجے پانچویں نمبر پر ہی ہیں۔ جنوبی افریقا کے اے بی ڈیویلئیرز چھٹے ، آسٹریلیا کے ایڈم ووجز ساتویں ، اور ان کے ہم وطن جارح مزاج بیٹسمین ڈیوڈ وارنر آٹھویں نمبر پر ہیں ۔ سری لنکا کے اینجلیو میتھیوز نویں اور پاکستان کے ٹیسٹ کپتان مصباح الحق بھی 764 پوائنٹس کے ساتھ دسویں نمبر پر براجمان ہیں۔

آل راؤنڈرز میں کوئی بھی پاکستانی کھلاڑی اپنا نام درج کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکا ۔ پہلے نمبر پر بھارت کے ایشون دوسرے نمبر پر بنگلہ دیش کے شکیب الحسن ، تیسرے نمبر پر انگلینڈ کے اسٹیورٹ براڈ ، جنوبی افریقا کے فلینڈر چوتھے جبکہ انگلینڈ کے بین اسٹوک 1 درجہ تنزلی کے بعد پانچویں نمبر پر ہیں۔