ایڈو آئی ہسپتال گدوال کی افتتاحی تقریب 25 مئی کو منعقد ہو گی

Edo Taxila

Edo Taxila

ٹیکسلا (ڈاکٹر سید صابر علی/ تحصیل رپورٹر) واہ کینٹ کی معروف سماجی و فلاحی تنظیم آئی ڈونرز آرگنائزیشن کے زیر اہتمام ایڈو آئی ہسپتال گدوال کی افتتاحی تقریب 25 مئی کو منعقد ہو گی، چیئر مین پی او ایف بورڈ لیفٹیننٹ جنرل ہلال امتیاز ملٹری عمر محمود حیات ہسپتال کا افتتاح کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق ایڈو کے جنرل سیکرٹری خالد اسحاق اور منتظم اعلیٰ سید عبداللہ مسعود کے مطابق جدید سہولیات سے مزین ایڈو آئی ہسپتال 26 ایریا گدوال کی افتتاحی تقریب 25 مئی صبح ساڑھے دس بجے منعقد ہوگی جس کے مہمان خصوصی چیئرمین پی او ایف بورڈ لیفٹیننٹ جنرل عمر محمود حیات ہونگے،ایڈو کے عہدیداران کے مطابق ایڈو کی چالیس سالہ فلاحی خدمات کو دیکھتے ہوئے سابق چیئرمین پی او ایف بورڈ لیفٹیننٹ جنرل سید صباحت حسین نے ایڈو آئی ہسپتال کے لئے اراضی دی جس کی تعمیر پر چالیس ملین روپے کی خطیر رقم خرچ ہوئی،ایڈو کی فلاحی خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے خالد اسحاق ، سید عبداللہ مسعود کا کہنا تھا کہ مذکورہ این جی او واہ کینٹ ، ٹیکسلا ، حسن ابدال اور اسکے مضافاتی علاقوں میں خدمت انسانیت کے عظیم مشن کی تکمیل کے لئے گزشتہ چالیس سالوں سے اپنی فلاحی و سماجی خدمات سر انجام دے رہی ہے۔

جدید آئی ہسپتال کا قیام ایڈو کا دیرینہ خواب تھا جو شرمندہ تعبیر ہونے جارہا ہے،منتظمین کے مطابق ایڈو 1988 سے بصار ت سے محروم افراد اور آنکھوں کے علاج معالجہ کے لئے خدمت کا فریضہ سر انجام دے رہی ہے، اب تک 1,285,000 مریض اس سے مستفید ہوچکے ہیں،جبکہ 8,500مفت موتیہ کے آپریشن ، 9,900موتیہ کے پیڈ آپریشن، آنکھوں کے امراض میں مبتلا 1,450 دیگرآپریشن،570,000 مریضوں کو مفت ادویات فراہم کی گئیں،23,610 مریضوں کو مفت عینکیں فراہم کی گئیں،آنکھوں کی پیوند کاری کے کل 13 کامیاب آپریشن کئے گئے،جبکہ واہ کینٹ ٹیکسلا ، حسن ابدال ، ہری پور اور اسکے مضافاتی علاقوں میں اب تک ایڈو کے زیر اہتمام 63 فری آئی کیمپس لگائے گئے،فری آئی کیمپس کے دوران کل 102,500 مریضوں کو چیک کیا گیا۔

ایڈو اپنی مدد آپ مکے تحت کام کر رہی ہے جس میں بیت المال کا بھی خصوصی تعاون شامل ہے جبکہ ایڈو کے خیر خواہ صحاب ثروت حضرات اپنے عطیات ایڈو کو دیتے ہیں جس سے ایڈو اپنے اخراجات کو پورا کرنے کی سعی کرتی ہے،2006 میں ایڈو کے زیلی ادارے قوت بصارت سے محروم نابینا افراد کی تعلیم و تربیت کے لئے اجالا کے نام سے ادارہ کھولا گیا جہاں اس وقت تیس نابینا افراد زیر تعلیم ہیں جنہیں جدید خطوط پر تعلیم دی جارہی ہے،منتظمین کا کہنا تھا کہ ایڈو کے تمام اراکین خدمت خلق کے عظیم جذبہ سے سرشار ہیں،جدید طرز پر تعمیر ہونے والے ایڈو آئی ہسپتال کا قیام پوری ٹیم کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے،جس پر ایڈو کی پوری ٹیم مبارک باد کی مستحق ہے،قبل ازیں ایڈو کے زیر انتظام لالہ رخ واہ کینٹ اور حسن ابدال میں ایڈو ہسپتال عوام کی خدمت کا فریضہ سر انجام دے رہا ہے۔

ڈاکٹر سید صابر علی
تحصیل رپورٹر ٹیکسلا
موبائل نمبر0300-5128038