عمران خان کا تضادات پر مبنی رویہ افسوسناک ہے، غلام دستگیر خان

 Ghulam Dastgir Khan

Ghulam Dastgir Khan

گوجرانوالہ : مسلم لیگ ن کے سینئر راہنما و سابق وفاقی وزیر غلام دستگیر خان نے کہا ہے کہ عمران خان کا تضادات پر مبنی رویہ افسوسناک ہے، انہوں نے جوڈیشل کمیشن کے قیام کے لئے اپنی مرضی کے نکات شامل کرائے تھے، صبح و شام قلابازیاں کھانے والے سیاستدان قوم کی راہنمائی کرنے کے قابل نہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش پر پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن کا قیام طویل بحث و تمحیص کے بعد اتفاق رائے سے عمل میں لایا گیا تھا اورجوڈیشل کمیشن کسی بھی فریق کی توقعات کے مطابق فیصلہ دینے کا پابند نہیں تھا۔

فیصلے سے ثابت ہو گیا کہ کنٹینر پر کھڑے ہو کر لگائے گئے الزامات کی حیثیت صفر تھی، دھاندلی کے واویلے پرکھودا پہاڑ نکلا چوہا کی مثال صادق آتی ہے۔

تحریک انصاف کے سر براہ نے بغیر ثبوت کے عدلیہ،پارلیمان اور منتخب وزیر اعظم پر کیچڑ اچھالا اور اب معافی کا مطالبہ بھی وزیر اعظم سے کر رہے ہیں جو کہ انتہائی مضحکہ خیز اور بچگانہ بات ہے،انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کا واحد ایجنڈہ مسلم لیگ ن کی حکومت کی ٹانگیں کھینچنا اور اسکا وقت ضائع کرنا ہے۔

ایسے راہنما قوم کی نائو پار لگانے کی قابلیت نہیں،رکھتے، ان کے تمام منفی ہتھکنڈوں کے باوجود وزیر اعظم میاں نواز شریف ملک کو آگے لے کر جائیں گے اور مسائل کا خاتمہ کر کے ہی دم لیں گے۔