عمران خان صرف خوابوں میں نواز شریف کا مقابلہ کر سکتے ہیں: خواجہ آصف

Khwaja Asif

Khwaja Asif

سیالکوٹ (جیوڈیسک) شہر اقبال میں مسلم لیگ نون کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے اعلان کیا کہ الیکشن کی تیاری کا آغاز ہو گیا۔ انہوں نے عمران خان پر بھرپور طنز کرتے ہوئے کہا کہ وہ صرف خوابوں میں نواز شریف کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ مخالفین نے ہر مقام پر رکاوٹیں کھڑی کیں مگر نواز شریف کی قیادت میں ہمارا قافلہ منزل کی جانب رواں دواں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے خالی نعرے نہیں لگائے، صرف اقتدار کی جنگ نہیں لڑی، اس سال کے آخر تک تمام اندھیرے چھٹ جائیں گے۔

خواجہ آصف نے دعوی کیا کہ ملک سے دہشتگردی 80 فیصد کم ہو گئی ہے تاہم سب کو مل کر دہشتگردی کے خلاف لڑنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کی قیادت میں حکومت نے دلیرانہ فیصلے کئے۔ خواجہ آصف نے دعوی کیا کہ دنیا میں کہیں بھی کسی حکمران نے تین نسلوں کا حساب نہیں دیا، حساب مانگنے والے اپنا حساب دینے کا حوصلہ نہیں رکھتے۔

خواجہ آصف نے مخالفین کو مشورہ دیا کہ جلسوں میں نعرے لگانے والے اپنے گریبانوں میں جھانکیں، ہم ہر آزمائش میں سرخرو ہونگے۔ وزیر دفاع بولے حواس باختہ لوگ پارسائی کا سبق نہ دیں، ان کے اصل چہرے بے نقاب کریں گے۔