عمران خان کا پارلیمنٹ کا بائیکاٹ ختم نہ کرنے کا اعلان

Imran Khan

Imran Khan

اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاناما لیکس کا کیس جب تک سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے، وہ پارلیمنٹ کے اجلاس میں شرکت نہیں کر سکتے۔ بنی گالا میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں انہوں نے بتایا کہ ترک سفیر نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت کی درخواست کی تھی لیکن ہم اپنے فیصلے پر قائم ہیں۔ پارلیمنٹ کا بائیکاٹ ختم نہیں کر سکتے۔ حکومت کے آمرانہ رویے کے بعد ہمارا پارلیمنٹ جانا نہیں بنتا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کا بائیکاٹ ختم نہ کرنے کی وجہ وزیر اعظم نواز شریف ہیں۔ نواز شریف پر کرپشن کے الزامات ہیں، انھیں وزیر اعظم نہیں ہونا چاہیے۔ نواز شریف کو پہلے خود کو تلاشی کیلئے پیش کرتے ہوئے سات مہینے قبل ہی استعفیٰ دے دینا چاہیے تھا۔ جمہوریت میں وزیر اعظم کے پاس کوئی اخلاقی جواز ہی نہیں ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ نواز لیگ اب فلیٹس کے بارے میں نئی کہانی سامنے لے کر آئی ہے۔

نئی کہانی رائیونڈ سے دبئی اور دبئی سے قطر پہنچ گئی ہے۔ واضح ہو گیا ہے کہ ایک جھوٹ کو چھپانے کیلئے مزید جھوٹ بولنا پڑتے ہیں۔ سماعت شروع ہو گی تو سارے جھوٹ سامنے آ جائیں گے۔