عمران خان نے عوام سے جتنے دعوے کئے، کوئی پورا نہیں ہوا : پرویز رشید

Pervaiz Rashid

Pervaiz Rashid

اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے عمران خان کی تقریر پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کا ہیلی کاپٹر شہنشاہ معظم تاجدار بنی گالا کی خدمت پر مامور ہے۔

عمران خان بغیر استحاق خیبر پختونخوا کا ہیلی کاپٹر استعمال کر رہے ہیں۔ سرکاری ہیلی کاپٹر رکشے کی طرح استعمال کرنے والا بے بنیاد الزام لگا رہا ہے۔ پرویز رشید نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی عوام دہائی دے رہی ہے کہ خدارا ممکنہ سیلاب سے بچاؤ لیکن عمران خان ملک میں افراتفری برپا کرنے میں مصروف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے نئے پاکستان میں ہر محکمہ آثار قدیمہ کی یاد تازہ کر رہا ہے۔ صوبے کے ہسپتالوں میں طبی آلات پورے ہیں نہ لوگوں کو ادویات میسر ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ تحریک انصاف کے چیئرمین نے عوام سے آج تک جو بھی وعدے کئے، وہ آج تک پورے نہیں ہوئے۔

انہوں نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ خان صاحب عوام نے آپ کو خدمت کرنے کیلئے ووٹ دیا تھا، خدمت کروانے کیلئے نہیں۔ کے پی کے عوام حکومت تلاش کر رہی ہے لیکن وہ پنجاب میں انتشار پھیلا رہے ہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ اے ٹی ایم مشینوں سے ترقی کے چراغ بجھائے نہیں جا سکیں گے۔