عمران خان دھرنوں کے بعد عوام کو اب مزید بیوقوف نہیں بنا سکتے۔ نعیم اللہ گل

Lahore

Lahore

لاہور : مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی نعیم اللہ گل نے کہا ہے کہ عمران خان دھرنوں کے بعد عوام کو اب مزید بیوقوف نہیں بنا سکتے۔ کنٹینر سے دھاندلی کا ڈھول پیٹنے والوں کو مایوسی ہوئی۔ ان کے پاس کسی قسم کے کوئی ثبوت نہیں۔ عمران احمقوں کی جنت میں بستے ہیں۔

الیکشن 2018ء میں ہی ہوں گے۔ تبدیلی کے دعویدار اب منہ چھپاتے پھرتے ہیں۔ عوام انہیں مسترد کر چکے ہیں۔ وہ دوسروں کو بہتان لگانے سے پہلے عوام کو ضرور بتائیں کہ انہوں نے کے پی کے میں دودھ اور شہد کی کونسی نہریں بہا دی ہیں؟ پنجاب میں توانائی کے منصوبے شروع کر کے وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے مخالفین کے منہ بند کر دیئے ہیں اور عمران خان کی اس حوالے سے تنقید کھسانی بلی کے کھمبا نوچنے کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو یاد رکھنا چاہیے کہ میٹروبس سے روزانہ 2لاکھ افراد سفر کی معیاری سہولتیں حاصل کرتے ہیں دانش سکول کے قیام پر عمران خان کو بہت تکلیف ہورہی ہے۔ وہ غریب اور لائق بچوں کوتعلیم حاصل کرنے سے نہیں روک سکتے۔ اوئے اوئے اور شرم کرو کے نعرے عمران خان کی بیمار ذہنیت کے عکاس ہیں اور درحقیقت پی ٹی آئی کے سربراہ کی تقریر ان کے ذہنی دیوالیہ پن کو ظاہر کرنے کے لئے کافی ہے۔

عمران خان کی سیاست کا محور صرف اور صرف دوسروں پر الزام تراشی کرنا ہے۔ وہ قومی اداروں’ سیاستدانوں اور کسی پر بھی بغیر تصدیق کئے الزام عائد کر کے اپنی کامیابی سمجھتے ہیں۔ بہتر ہوتا کہ وہ پہلے حقائق جان لیں تاکہ انہیں بعد میں یوٹرن نہ لینا پڑے۔