سانحہ سیہون شریف میں شہادتوں کی تعداد تیراسی ہو گئی

Sehwan Sharif Blast

Sehwan Sharif Blast

سیہون شریف (جیوڈیسک) نجانے کس کی نظر لگی ہے ، وطن ہمارا لہو لہو ہے ، بزدل دشمن نے چھپ کر ایک اور وار کرتے ہوئے درگاہ لعل شہباز قلندر کو خون میں نہلا دیا ، خودکش حملے میں خواتین اور بچوں سمیت تراسی زائرین شہید ہو گئے جبکہ 250 سے زائد زخمی ہیں۔

دہشت گردوں نے ایک بار پر خون کی ہولی کھیلی ، جمعرات کی شام سات بج کر دس منٹ پر حضرت لعل شہباز قلندر کے مزار پر زائرین دھمال ڈال رہے تھے ۔ رش بھی معمول سے کچھ زیادہ تھا۔

خواتین ، بچوں سمیت ہزاروں زائرین موجود تھے ۔ آنکھیں عقیدت سے جھکی تھیں کہ اچانک قیامت ٹوٹ پڑی ۔ درگاہ کے اندرونی حصے میں ایسا زوردار دھماکا ہوا کہ ہر طرف اندھیرا چھا گیا ۔ پھر ہر طرف آہ و بکا چیخ و پکار تھی ۔ دھماکا اس قدر شدید تھا کہ انسانی اعضا دور تک بکھر گئے ۔ شہدا میں 20 بچے اور 12 خواتین بھی شامل ہیں۔

افسوسناک سانحے میں 250 سے زائد زخمی مختلف ہسپتالوں میں زیرعلاج ہیں جن میں سے کئی کی حالت تشویشناک ہے ، دھماکے کے وقت قریبی ہسپتالوں میں سہولتیں ہونے کی وجہ سے مریض تڑپتے رہے۔

ہسپتال انتظامیہ کے مطابق دھماکے میں جاں بحق تراسی افراد کی شناخت ہوگئی جن کی میتوں کو لواحقین کے حوالے کیا جا رہا ہے ، بڑی تعداد میں زخمیوں کا کراچی کے ہسپتالوں میں بھی علاج ہورہا ہے،ہر کوئی اپنے پیاروں کیلئے دعا گو ہے۔