پیس ایمبیسڈر کے تحت یوم آزادی امن فیسٹیول کا انعقاد، وطن سے محبت کا تجدید عہد کیا گیا

YOM E AZADI FESTIVAL

YOM E AZADI FESTIVAL

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی کے رہنماء وزیر اعلیٰ سندھ کے سابق کوارڈینٹر فرید انصاری نے کہا ہے کہ قائد اعظم ،قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید اور شہید رانی محترمہ بے نظیر کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچا کر ہی پاکستان ترقی اور خوشحالی سے ہمکنار ہوسکتا ہے۔

انشا اللہ وہ دن بھی جلد آئے گا جب پاکستان دنیا کے نقشہ میں ترقی یافتہ خوشحال اور نشان امن کے طور پر پہچانا جائیگا ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیس ایمبیسڈر ویلفیئر آرگنائزیشن کے زیر اہتمام واحد اسپورٹس گرائونڈ کورنگی میں یوم آزادی کے حوالے سے منعقد ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر رینجرز ،پولیس افسران کے علاوہ نیشنل بنک کے اسپورٹس کنسلٹنٹ حاجی غلام محمد خان ،سندھ شوٹنگ بال ایسوسی ایشن کے نائب صدر ایم شمیم قریشی ،سیکریٹری اطلاعات محمد ارشد سفیر امن پاکستان گینز ورلڈ ریکارڈ ایتھلیٹ اورنگزیب سلطان اور دیگر موجود تھے تقریب میں اسکولوں کے بچوں نے ملی نغمے اور وطن کے گیت سے تقریب کو چار چاند لگادیئے۔

اس موقع پر فضائیہ اسکول فیصل کے ننھی طالبہ کنیزفاطمہ زیب نے یوم آزادی کی مناسبت سے تقریر کرکے شرکاء تقریب کے خون کو گرما دیا ۔جس پر مہمان خصوصی فرید انصاری نے ننھی طالبہ کو ایوارڈ اور کشن انعامات سے نوازا فرید انصاری نے کہاکہ ہمارے بچوں میں ٹیلنٹ موجود ہے۔

ان کی بہتر تربیت اور مواقع فراہم کرکے ہم ان کی ٹیلنٹ کو سامنے لا کر دنیا میں اپنے ملک اور شہر کا نام روشن کرسکتے ہیں انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی ملک میں عوام کی حکمرانی پر یقین رکھتی ہے۔

انشا اللہ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں قائد اعظم ،قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید اور شہید رانی محترمہ بے نظیر کے خواب کی عملی تعبیر کے ذریعے ملک کی ترقی اور عوامی خوشحالی کو یقینی بنا یا جائیگا۔