جشن آزادی کی مناسبت سے اہل مدارس کا پیغام اتحاد ویڈیو 12 اگست کو ریلیز کیاجائے گا

Karachi

Karachi

کراچی : جامعہ بنوریہ عالمیہ کے زیر اہتمام رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمدنعیم کی زیرصدارت” جشن آزادی پیغام اتحاد ”کے نام سے 12 اگست کو ریجنٹ پلازہ ہوٹل میں تقریب منعقد کی جائے گی،تقریب میں 14 اگست جشن آزادی کی مناسبت سے اہل مدارس کا پیغام اتحاد ‘ اے میرے پیارے وطن”نغمہ پر مشتمل منفرد ویڈیو پیغام ریلیز کیاجائے گا۔

اس موقع پر جید علماء کرام،سیاستدان ، صحافی، قلمکار، صنعتکار،وکلاء سمیت دیگر شبعہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات شرکت کرینگے اور خطاب کریں گے۔ ترجمان جامعہ بنوریہ عالمیہ کے مطابق جامعہ بنوریہ عالمیہ کے زیراہتمام جشن آزادی پیغام اتحاد کے نام سے تقریب ریجنٹ پلازہ ہوٹل میں 12 اگست شام چار بجے منعقد کی جا رہی ہے جس میں جامعہ بنوریہ عالمیہ کی جانب سے ترتیب دیا گیا۔

ویڈیو پیغام معروف نعت خوان جنید جمشید، مفتی انس یونس، نعمان شاہ اور حافظ ابو بکر کی مشترکہ آواز میں مذہبی ،دلچسپ اور منفرد انداز میں پیش کیاجائے گا۔جس کی ریکارڈ مکمل کرلی گئی ہے جس کامقصد مدارس کے خلاف پروپیگنڈوں کا منہ توڑ جواب دینا ہے اور وطن عزیز میں اتحاد ویگانگت کو فروغ دیناہے۔

ویڈیو پیغام 12اگست بروز بدھ کو شام 4بجے ریجنٹ پلازہ میں تقریب کے موقع پر ریلیز کیاجائے گا۔ تقریب میں شرکت کیلئے تمام جید علماء کرام ،مذہبی وسیاسی جماعتوں کے قائدین ،سیاستدان ، صحافی، قلمکار، صنعتکار،وکلاء سمیت دیگر شبعہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات کو مدعو کیا گیاہے جو تقریب سے خطاب کریںگے۔