بھارت ایک انچ بھی سرحد کے اندر آیا تو روتا دھوتا واپس جائے گا، وزیر دفاع

Khawaja Asif

Khawaja Asif

اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان نے بھارت کی جانب سے غیر ذمہ دارانہ بیانات پر شدید رد عمل کا اظہار کیا ہے جب کہ وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا ہےکہ بھارت یاد رکھے کہ پاکستان برما نہیں بلکہ ایٹمی قوت ہے اور اگر بھارت ایک انچ بھی سرحد کے اندر آیا تو روتا دھوتا واپس جائے گا دوسری جانب وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ بھارتی قیادت دن میں خواب دیکھنا چھوڑ دے اس کی دھمکی سے پاکستان مرعوب ہونے والا نہیں۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم اور کابینہ ممبران کے بیانات پاک بھارت تعلقات کو زہرآلود کررہے ہیں تاہم وہ یاد رکھیں کہ پاکستان برما نہیں بلکہ ایٹمی قوت ہے اگر بھارت ایک انچ بھی سرحد کے اندر آیا تو روتا دھوتا واپس جائے گا جب کہ ہم آتش فشاں پر بیٹھے ہیں اگر وہ پٹھا تو سب کا ہی نقصان ہوگا۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ہم بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور پاک فوج کو پوری دنیا سراہتی ہے جو اس وقت دہشت گردوں کے خلاف کامیاب جنگ لڑرہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو اقتصادی راہداری کی بہت تکلیف ہے جب کہ بھارت کے ساتھ سارا جھگڑا کشمیر کا ہے جس پر پاکستان آج بھی امن کا خواہشمند ہے کیونکہ کشید گی کی صورتحال برصغیرمیں بہت بڑی تباہی کاپیش خیمہ ثابت ہوسکتی ہے۔