بھارتی چیف جسٹس عدلیہ کے مسائل بیان کرتے ہوئے وزیراعظم کے سامنے روپڑے

India, Chief Justice

India, Chief Justice

نئی دھلی (جیوڈیسک) بھارتی چیف جسٹس ٹی ایس ٹھاکر عدلیہ کے مسائل بیان کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نریندر مودی کے سامنے رو پڑے جس کے بعد مودی نے ان سے بند کمرے میں ملاقات کی۔

نئی دلی میں عدلیہ اورانتظامیہ کے موضوع پر کانفرس منعقد ہوئی جس میں وزیراعظم نریندر مودی سمیت مختلف ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ سمیت متعلقہ ریاستوں کے چیف جسٹس صاحبان نے شرکت کی اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے بھارت کے چیف جسٹس ٹی ایس ٹھاکر نے حکومت سے کہا کہ وہ عدلیہ پر تنقید نہ کرے کیونکہ عدلیہ میں اصلاحات کی ذمے دار ملک کے چیف ایگزیکٹو یا وزیرِ اعظم پر عائد ہوتی ہے اور اس ضمن نے حکومتوں نے اپنا کردار ادا نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام بوجھ عدلیہ پر ڈالنا درست نہیں اور اس طرح محض تنقید کرنا درست نہیں ہوگا۔

ایک موقع پر بھارت کے چیف جسٹس ٹی ایس ٹھاکر ملک میں عدلیہ پر دباؤ اور عوامی مسائل کا ذکر کرتے ہوئے رو پڑے جس کے بعد وزیراعظم نریندر مودی نے کانفرنس کے اختتام کے بعد چیف جسٹس سے اس حوالے سے بند کمرے میں ملاقات کی اورانہیں مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔