پاک بھارت اختلافات کا حل تشدد نہیں، بات چیت میں ہے: امریکا

Josh Earnest

Josh Earnest

واشنگٹن (جیوڈیسک) وائٹ ہاؤس ترجمان جوش ارنسٹ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت اپنے اختلافات کا حل سفارتکاری سے نکالیں، تشدد سے نہیں، دنیا بھرمیں کہیں بھی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہیں۔

ترجمان وائٹ ہاؤس جوش ارنسٹ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مذاکرات سے خطے میں امن اور استحکام آئے گا۔ پاک بھارت اختلافات کا حل تشدد نہیں بلکہ بات چیت میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند سالوں کے دوران اس سلسلے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ امید ہے کہ دونوں ممالک ایسی پیش رفت جاری رکھیں گے جس سے خطے میں استحکام آئے۔

ترجمان وائٹ ہاوس جوش آرنسٹ نے اڑی حملے کی براہ راست مذمت سے گریز کیا اور کہا کہ دنیا بھر میں جہاں بھی دہشت گردی ہو اس کی مذمت کرتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں جوش آرنسٹ کا کہنا تھا کہ حال میں اسلام آباد یا نئی دہلی سے کوئی رابطہ نہیں ہوا ۔ تاہم اس بارے میں محکمہ خارجہ سے پوچھا جائے۔