بھارت اقتصادی رہداری کے منصوبے سے خوفزدہ ہے، شاہ اویس نورانی

JUP

JUP

کراچی : جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور مرکزی جماعت اہل سنت کے نگران اعلیٰ شاہ محمد اویس نورانی صدیقی نے کہا ہے کہ عالمی استعمار اور دجالی قوتیں اس وقت پاکستان اور مسلم امہ کے خلاف اپنا پورا زور صرف کر رہی ہے۔

اقوام متحدہ یا کوئی بھی عالمی ادارہ بھارت کو یہ نہیں کہتا ہے کہ وہ کشمیرپر اپنا ساٹھ سالہ قبضہ ختم کرے، نہ اسرائیل سے کہا جاتا ہے کہ فلسطین میں جاری پانچ دہائیوں سے ہونے والی قتل و غارت گری ختم کرے، نہ کسی امریکہ نے یہ کہا کہ اس نے 2000 سے لے کر اب تک پندرہ اسلامی ممالک میں بیس لاکھ کے قریب مسلمان ماردیئے ہیں جس میں بچے، بوڑھے اور عورتیںبھی شامل تھیں۔

دنیا کے تمام غیر مسلم اس وقت اسلام پر جنگ مسلط کر رہے ہیں، اگر ہمارے گھر میں آگ لگی ہوئی تو کوئی یہ نہ سمجھے کہ اسے کچھ نہیں ہوگا، مسلم امہ میں جس دن اتحاد قائم ہوگیا اس دن صرف اسلام کا سکہ چلے گا، پاکستان تیس سال سے دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں برابر کا حصہ دار رہا ہے جب کہ بھارت نے دہشت گردوں کو پناہ گاہیں دی ہیں، جس کی مثال بھارت میں کثیر تعداد میں جاری علیحدگی کی تحاریک ہیں۔

افغان سرحد استعمال کر کے حملہ کرنے پر بھارت اور افغانستان کو سخت جواب دیا جائے، محمد دیدہ دل سجادہ نشین خانقاہ غریب آباد لاڑکانہ، پیر محمد علی جان مجددی، مولانا شفیق قادری سے دعوت سحری کے موقع پر اہم ملاقات میں جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور مرکزی جماعت اہل سنت کے نگران اعلیٰ شاہ محمد اویس نورانی صدیقی نے کہا ہے کہ بھارت اقتصادی رہداری کے منصوبے سے خوفزد ہ ہے، خوف سے بدکنے والا اپنی موت کا خود شکار ہوجاتا ہے۔

بھارت افغانستان کی سرحد سے پاکستان پر حملہ کروا رہا ہے، پاکستان کی ترقی بھارت کی آنکھوں میں چبھن پیدا کر رہی ہے، پاکستان کے دفتر خارجہ کو چاہیے کہ چھ مہینے تک افغانستان سے تمام قسم کے سفارتی تعلقات ختم کردے، افغانستان کی ضروریات زندگی کی تمام اشیاء پاکستان سے گزرکر جاتی ہیں، چھ مہینے میں حیثیت کا اندازہ ہوجائے گا۔

محمد دیدہ دل سجادہ نشین خانقاہ غریب آباد لاڑکانہ نے قائد ملت اسلامیہ امام شاہ احمد نورانی صدیقی کی سیاسی، مذہبی، دینی، تبلیغی اور عالمی خدمات کو سراہا ، اس موقع پر جمعیت علماء پاکستان صوبہ سندھ کے جنرل سیکرٹری مولانا شفیق قادری اور جمعیت علماء پاکستان لاڑکانہ ڈویژن کے صدر مولانا پیر محمد علی جان مجددی بھی موجود تھے۔

نیز دعوت کے اختتام پر پاک افغان سرحد پر شہید ہونے والے پاک فوج کے میجرکے لئے فاتحہ کی گئی۔