بھارت میں دھماکے سے چار افراد ہلاک

India Explosion

India Explosion

کولکتہ (جیوڈیسک) بھارتی ریاست مغربی بنگال میں گھر میں بم دھماکے سے چار افراد ہلاک، مرنے والے افراد گھرمیں دیسی ساختہ بم بنا رہے تھے. تفصیلات کے مطابق اتوار کی رات کولکتہ کے شمال میں واقع ایک گاوں میں دھماکے سے چھ افراد زخمی ہوگئے پولیس کے مطابق مغربی بنگال میں واقع بیسناب نگر گاؤں کے گھر میں دیسی ساختہ بم بناتے ہوئے چار افراد ہلاک اور چھ افراد زخمی ہو گئے.

ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پولیس انوج شرما کے مطابق دھماکے سے علاقہ لرز اُٹھا اور گھر مکمل طور پر تباہ ہوگیا، پولیس واقعہ کی تحقیقات کررہی ہے تاہم اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جاسکی۔ مغربی بنگال میں الیکشن کا آخری مرحلہ جمعرات کو ہونے جارہا ہے، گھر میں بنائے جانے والے بم اکثر سیاسی حریفوں کی جانب سے استعمال کئے جاتے ہیں جس کا مقصد پولنگ کے دن الیکشن میں ووٹ حاصل کرنا ہوتا ہے۔

بھارتی حکومت کی جانب سے مغربی بنگال میں الیکشن کے لئے اضافی سیکورٹی کی نفری کو تعینات کیا گیا ہے وزیراعلی ممتا بینرجی کی ترنمول کانگریس پارٹی کے مد مقابل الیکشن میں بائیں بازو کے حریف بی جے پی پارٹی ہے جو قومی سطح پر حکومت کررہی ہے۔

واضح رہے کہ اس سےقبل مارچ میں دو لوگ گھر میں دیسی ساختہ بم بناتے ہوئے ہلاک ہوگئے تھے جبکہ فروری میں پولیس نے ترنمول کانگریس پارٹی کے علاقائی رہنما کے گھرپر چھاپہ مار کر 80 دیسی ساختہ بم برآمد کئے تھے.