بھارت میں میرے مداح کی گرفتاری شرمناک اقدام ہے: شاہد آفریدی

Shahid Afridi

Shahid Afridi

لاہور (جیوڈیسک) پاکستانی آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے بھارت میں اپنے ایک مداح کی گرفتاری پر سخت افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بڑے دکھ کی بات ہے کہ سیاست کے ذریعے کرکٹ جیسے کھیل میں دخل اندازی کی جا رہی ہے۔

بھارتی ریاست آسام میں ریپون چودھری نامی ایک مداح کی گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ صرف میرے نام کی ٹی شرٹ پہننے پر مداح کی گرفتاری شرمناک اقدام ہے، اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان گرفتاریوں سے کسی مداح کی دلی وابستگی کو ختم نہیں کیا جا سکتا۔ سیاست اور کھیل کو ایک دسرے سے الگ رہنا چاہیے۔ ایسے واقعات سپورٹس مین شپ کے اصولوں کیخلاف ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں بھارتی ریاست آسام میں کھیلے گئے ایک میچ کے دوران پولیس نے پاکستانی آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی کے مداح کو گرفتار کر لیا تھا۔ موصوف کا جرم صرف یہ تھا کہ اس نے پاکستانی ٹیم کی گرین شرٹ زیب تن کی ہوئی تھی۔

رپورٹس کے مطابق ریپون چودھری کو پولیس نے حکمران بھارتیہ جنتا پارٹی کے یوتھ ونگ کی شکایت پر حراست میں لیا۔ اس کے خلاف انڈین پینل کوڈ سیکشن 120 بی 294 کے تحت ایف آئی آر بھی کاٹ دی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق مقامی بھارتیہ یووا مورچہ نے ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرانے کے ساتھ پاکستانی ٹیم شرٹ پہننے کو ملک سے غداری قرار دیا۔

اس سے قبل رواں برس فروری میں بھارتی کپتان ویرات کوہلی کے ایک پاکستانی پرستار عمر دراز کو بھی اپنی چھت پر بھارتی پرچم لہرانے کے جرم میں گرفتار کر لیا گیا تھا تاہم بعد میں ضمانت پر رہا کر دیا گیا تھا۔