بھارت میں کسانوں کی خودکشیوں میں ریکارڈ اضافہ

Indian Farmer

Indian Farmer

نئی دلی (جیوڈیسک) دنیا بھر میں سب اچھا کا راگ الاپنے والے بھارت کا یہ حال ہے کہ بھارت کے غربت سے تنگ کسانوں میں خود کشیوں میں ریکارڈ اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

رپورٹس کے مطابق کسانوں میں خودکشیوں کا سب سے زیادہ رجحان بھارتی ریاست کرناٹکا میں دیکھا جارہا ہے اور ریاست کے مختلف علاقوں میں صرف 24 گھنٹوں کے دوران کسانوں کی خود کشی کے 7 واقعات رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ جو رپورٹ نہیں ہوئے اس کی تعداد اس کے علاوہ ہے۔

دوسری جانب بھارتی ریاست مہاراشٹر میں بھی صرف 7 ماہ کے دوران کسانوں کی خود کشی کے اب تک 1300 سے زائد واقعات رونما ہو چکے ہیں جو 1981 میں پورے سال ہونے والے واقعات سے بھی زیادہ ہیں۔ مہاراشٹر میں 2013 میں کسانوں کی خود کشی کے 1296 واقعات رپورٹ ہوئے تھے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھی کرناٹکا میں 16 کسانوں نے خود کشی کی تھی جب کہ گزشتہ برس بھارت میں 12 ہزار سے زائد کسانوں نے خودکشی کی تھی۔