5 برسوں میں بھارت کے 30 ہیلی کاپٹر تباہ اور 50 فوجی ہلاک ہوئے، بھارتی وزیر دفاع

India Helicopter Crash

India Helicopter Crash

نئی دلی (جیوڈیسک) جنگی جنون میں مبتلا بھارت کا ایک طرف تو یہ عالم ہے کہ آئے روز کسی میزائل کا تجربہ کیا جاتا ہے جب کہ دوسری بھارتی حقیقت یہ ہے کہ بھارت کو جنگی ہیلی کاپٹرز کی شدید کمی کا سامنا اور گزشتہ 5 برسوں میں فوج کے 30 ہیلی کاپٹر تباہ جب کہ 50 اہلکار ہلاک ہو چکے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر دفاع منوہر پریکار کی جانب سے بھارت کے ایوان بالا راجیہ سبھا میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ کئی برسوں سے ملک میں جنگی طیارے اور ہیلی کاپٹرز کے تباہ ہونے کی وجوہات زائدالمعیاد مشینیں، پائلٹ کی غیر معیاری ٹریننگ اور ناقص مینٹینس ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 2010 سے اب تک 28 ہیلی کاپٹرز تباہ ہو چکی ہیں اور زیادہ تر حادثات کی بڑی وجوہات تیکنیکی خرابیاں اور انسانی غلطیاں تھیں، 2011 سے اب تک بھارتی فضائیہ کے 5 ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر بھی تباہ ہو چکے ہیں۔

بھارت کے آرمی آفیسرز کی بیگمات نے رواں برس مارچ میں وزیر دفاع منوہر پریکار کو ایک درخواست لکھی جس میں 1960 کے تیار کردہ زائد المعیاد ہیلی کاپٹرز کو جدید کاپٹرز سے تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔ دوسری جانب بھارت کے ایک آرمی آفیسر کے مطابق گزشتہ دو دہائیوں کے دوران بھارت کے کم از کم 40 چیتا ہیلی کاپٹر تباہ ہو چکے ہیں۔

بھارتی اخبار نے دفاعی ذرائع کے حوالے سے مزید لکھا ہے کہ گزشتہ 10 سالوں سے بھارت میں 197 چھوٹے ہیلی کاپٹرز کے حصول کا معاملہ کرپشن اور تیکنیکی معاملات کی وجہ سے لٹکا ہوا ہے جب کہ گزشتہ برس روس کے ساتھ 200 ہیلی کاپٹرز کی بھارت میں تیاری کے حوالے سے بھی بات چیت جاری ہے تاہم ابھی اس معاہدے پر دونوں ممالک کی جانب سے دستخط ہونا باقی ہیں۔