بھارت : ہولی کی تقریبات میں لڑائی جھگڑے‘ حادثات، 39 افراد مارے گئے

Holi Celebrations India

Holi Celebrations India

لکھنؤ/ نئی دہلی (جیوڈیسک) بھارتی ریاست اترپردیش میں ہولی کی تقریبات کے دوران لڑائی جھگڑوں اور ٹریفک حادثات کے نتیجہ میں 39 افراد ہلاک ہو گئے۔ بھارتی اخبار کی رپورٹ کے مطابق ہولی کی تقریبات کے دوران لکھنؤشہر میں ٹریفک حادثات میں 5 افراد ہلاک ہوئے۔

بلند شہر میں ٹریفک حادثات کے باعث 9 افراد ہلاک ہوئے جبکہ دیگر افراد لڑائی جھگڑوں اور نشے کی حالت میں ڈرائیونگ کرنے کے نتیجہ میں پیش آنیوالے ٹریفک حادثات میں ہلاک ہوئے۔

اترپردیش پولیس نے ٹریفک حادثات میں زخمی ہونیوالوں کی تعداد 252 بتائی ہے۔ اخبار کے مطابق لکھنؤکے ہسپتال میں زخمیوں کے علاج کیلئے جگہ کم پڑ گئی ہے۔ آئی این پی کے مطابق شہر دہلی میں رہائش پذیر نائیجیریا کے دونوں جوانوں پر انتہا پسند ہندوئوں نے اس وقت حملہ کردیا جب دونوں نے ہولی کے تہوار کو ناپسندیدہ قرار دیا۔

نئی دہلی پولیس حکام نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نائجریائی نژاد لوگوں پر کچھ بچوں نے پانی سے بھرے غبارے پھینک دیے جس کی مخالفت کرتے ہوئے ان لوگوں نے بچوں کو ڈانٹ دیا۔

واقعہ کے بعد کچھ نوجوانوں نے مبینہ طور پر ان کے گھر میں ہی کرکٹ اور بیس بال بیٹ سے ان پر حملہ کر کے زخمی کر دیا۔