انڈیا : ہسپتال میں آتشزدگی سے 19 افراد ہلاک

India Hospital Fire

India Hospital Fire

انڈیا (جیوڈیسک) انڈیا کی مشرقی ساحلی ریاست اڑیسہ (اوڈیشہ) کے دارالحکومت بھونیشور میں ایک نجی ہسپتال میں آگ لگنے سے کم از کم 19 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔

مقامی حکام نے بتایا کہ آگ کی ابتدا ایس یو ایم ہسپتال کے ڈایالسس وارڈ سے ہوئی اور پھر یہ دوسرے وارڈوں میں بھی پھیل گئي۔

آگ نے ہسپتال کے آئی سی یو وارڈ کو بھی اپنی گرفت میں لے لیا جس کے بعد مریضوں کو وہاں سے باہر نکالا گیا۔

درجنوں مریضوں کو شہر کے دوسرے ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ ان میں سے 14 مریضوں نے سرکاری ہسپتال پہنچنے کے دوران ہی دم توڑ دیا۔

حکام کے مطابق زیادہ تر اموات دھویں کی وجہ سے ہوئیں اور ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے اس سانحے کو جانکاہ قرار دیا ہے بھونیشور سے صحافی سندیپ ساہو نے بتایا ہے کہ مزید 32 مریضوں کا شہر کے مختلف ہسپتالوں میں علاج جاری ہے۔

جبکہ بعض مریضوں کو دوسرے شہر کٹک بھی بھیجا گیا ہے۔ آگ بجھانے کے لیے سات گاڑیوں اور 120 فائر فائٹروں نے سخت محنت کی۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے ٹوئٹر کے ذریعے آتشزدگی پر سخت رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

آگ بجھانے کے لیے تقریباً 200 فائر فائٹروں کی خدمات حاصل تھیں سندیپ ساہو کے مطابق لواحقین اپنے اپنے مریضوں کی تلاش میں ایک ہسپتال سے دوسرے ہسپتال بھٹک رہے ہیں اور ان کی مدد کے لیے اڑیسہ حکومت نے ایک مفت نمبر جاری کیا ہے۔

ریاست کے وزیر اعلیٰ نوین پٹنائک نے ہسپتال کا دورہ کیا ہے اور اس حادثے کی تحقیقات کا حکم بھی دیا ہے اس سے قبل سنہ 2011 میں کولکتہ کے ایک ہسپتال میں لگنے والی آگ میں 89 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔