بھارت میں عدم برداشت پر احتجاج کا حق سب کو ہے، جیکی شیروف

Jackie Shroff

Jackie Shroff

ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ اداکار جیکی شروف کا کہنا ہے کہ ملک میں جاری عدم برداشت کے موضوع پر بحث کے حوالے سے سب کا احتجاج کرنے کا حق ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ اداکارجیکی شروف کا کہنا ہے کہ اگر ملک میں کچھ غلط ہورہا ہے تو اس پر آواز اٹھانا غلط نہیں ہے، اس وقت ملک میں جاری عدم برداشت کے باعث چھڑنے والی بحث میں ہر کوئی اظہاررائے کرسکتا ہے۔ دنیا میں بھارت جیسے سب سے بڑے جمہوری ملک میں سب کو احتجاج کرنے کا حق ہے۔

جیکی شیروف نے عامر خان کی حمایت میں کہا کہ ان کے بیان کے بعد نتائج اخذ کر نے کے بجائے لوگوں کو یہ سوچنا چاہیئے کہ اداکار نے ایسا بیان کیوں دیا ۔ ہمیں دوسروں کے نقطہ نظر کی عزت کرنی چاہیئے۔

دوسری جانب اظہاررائے کے حوالے سے معروف ہدایتکار فرح خان کا کہنا تھا کہ کوئی شخص اپنا نظریہ واضح کرتا ہے تو اس پر حملوں کی بھرمار کی جاتی ہے تو پھر یہ کیسے کہا جاسکتا ہے کہ ملک میں عدم برداشت نہیں جو کہ ستم ظریفی ہے۔

واضح رہے کہ عامر خان نے 3 روز قبل ایک پروگرام میں کہا تھا کہ ملک میں رونما ہونے والے کئی واقعات نے انہیں اور بالخصوص ان کی اہلیہ کو ملک چھوڑنے کے حوالے سے غورکرنے پرمجبور کردیاہے تاہم وہ خود بھی ملک میں بڑھتے ہوئے عدم تحفظ کے احساس کو شدت سے محسوس کررہے ہیں۔