انڈیا کا اسلام آباد میں سارک کانفرنس میں شرکت سے انکار

Narendra Modi

Narendra Modi

بھارت (جیوڈیسک) انڈیا نے کہا ہے کہ وہ اسلام آباد میں نو اور دس نومبر کو ہونے والے سارک کانفرنس کے اجلاس میں شرکت نہیں کرے گا۔

انڈیا نے اس بارے میں سارک کانفرنس اجلاس کی صدارت کرنے والے ملک نیپال کو اس کی اطلاع دے دی ہے۔

سارک سربراہی کانفرنس، جنوبی ایشیا کے آٹھ ممالک کے سربراہوں کا اجلاس ہے جو ہر دو سال میں منعقد ہوتا ہے اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات اس کانفرنس کا 19 واں اجلاس ہے۔

انڈین وزارت خارجہ نے براہ راست پاکستان کا نام نہیں لیا۔ تاہم اس نے یہ اشارہ بھی دیا ہے کہ اس کانفرنس میں ایک اور ملک شامل نہیں ہو سکتا ہے۔

دوسری جانب پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ انڈیا کا اعلان غیر متوقع ہے اور اس حوالے سے ہم سے باضابطہ رابطہ نہیں کیا گیا۔

انھوں نے لکھا کہ انڈین وزراتِ خارجہ کی ٹویٹ سے انڈیا کی شرکت نہ کرنے کا علم پاکستان کو ہوا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’پاکستان اب بھی علاقائی امن اور تعاون کا پابند ہے۔‘

ٹویٹ میں نفیس زکریا کا کہنا تھا ’جہاں تک کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کے لیے دی گئی توجیہہ کی بات ہے تو دنیا جانتی ہے کہ انڈیا پاکستان میں دہشت گردی پھیلا رہا اور دہشت گردوں کی مالی معاونت کررہا ہے۔‘

انھوں نے مزید کہا کہ ’انڈیا، پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کرکے بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی کررہا ہے۔‘