گجرات کی خبریں 12/4/2016

GPI News

GPI News

گجرات (جی پی آئی) جامعہ قاسمیہ زاہدیہ اسلامک سنٹر فتح پور میں ماہانہ محفل ذکر سبحانی و عرس مبارک خواجگان موہڑہ شریف کی محفل منعقد ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق جامعہ قاسمیہ زاہدیہ اسلامک سنٹر فتح پور (یو سی پوران) میں ماہانہ محفل ذکر سبحانی و عرس مبارک خواجگان موہڑہ شریف کی محفل منعقد ہوئی۔ جسکی صدارت مرکزی صدر اتحاد المشائخ پاکستان ڈاکٹر شہزادہ پیر فضیل عیاض قاسمی و الئی دربار عالیہ موہڑہ شریف نے کی۔ محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک و نعت رسول مقبول ۖ سے کیا گیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر شہزادہ پیر فضیل عیاض قاسمی نے خطاب کرتے ہوئے کا کہ پاکستان اولیاء اللہ کا فیضان ہے۔ پاکستان کی سلامتی می پوری ملت اسلامیہ کی بقاء ہے۔ علماء و مشائخ محبت رسول ۖ کو فروغ دیتے ہوئے قانون کی بالا دستی قائم کریں۔ عشق رسول کا تقاضا ہے کہ قوم مسلم پاسبان حرم و پاسبان ناموس رسول بن جائے۔ حضرت پیر خواجہ قاسم صادق موہڑی نے اپنے عمل و کردار سے تبلیغ دین اور اتحاد امت کا فریضہ سرانجام دیا۔ بزرگان دین اور مشاہیر اسلام خلق خدا کو محبت و کردار سے دربار مصطفی کے ساتھ وابستہ کرتے رہے۔ نسبت رسالت ۖ سے ہی مقام ولایت میں سر بلندی اور عروج آتا ہے اگر ہم دنیا و آخرت میں سرخرو ہونا چاہتے ہیں تو آپ ۖ کے اسوہ حسنہ پر عمل کرنا ہو گا۔ اللہ تعالیٰ کے احکامات پر عمل کرنا ہو گا۔ قرآن و سنت کے مطابق زندگی بسر کرنا ہو گی۔ اسی میں ہماری دنیا و آخرت کی بہتری ہے۔
………………………
………………………

گجرات (جی پی آئی) آزاد کشمیر کے وزیر صنعت و تجارت چوہدری اکبر ابراہیم نے اپنی وزارت سے استعفیٰ دیدیا۔ اور انہوں نے حلقہ جموں 5 سے الیکشن لڑنے کا اعلان کر دیا۔ وہ گزشتہ روز میڈیا ہائوس گجرات میں پریس کانفرنس کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ بلدیاتی انتخابات کی وجہ سے ق لیگ کے ساتھ اختلافات پیدا ہوئے تھے جلد ہی کسی دوسری سیاسی جماعت میں شمولیت کا اعلان کرونگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ رمضان المبارک سے قبل الیکشن ہوں جائیں۔ وزیر اعظم پاکستان نے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کرنی ہے جنہوں نے الیکشن شیڈول کا اعلان کرنا ہے۔ اور میں نے اپنے 15 سالہ سیاسی کیریئر میں عوام کی خدمت کی ہے۔ عوام کو روزگار فراہم کیا اور ووٹرز کی عزت نفس کو برقرار رکھا ہے لوگ مجھ سے محبت کرتے ہیں اور اسی خدمت کی وجہ سے ہر بار مجھے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل ہوتی ہے میں نے الیکشن سے قبل جو وعدے کئے تھے انہیں پورا کیا ہے قبرستانوں کی خوبصورتی ‘ چار دیواریوں کی تعمیر کے حوالہ سے کام کیا ہے اور اپنے اپنے علاقوں میں جہاں کہیں بھی ڈویلپمنٹ کی ضرورت تھی وہاں کام کروایا ہے۔ پانامہ لیکس ایک انٹرنیشنل ایجنڈا جو ہر ملک کے خلاف عالمی طاقتیں کرتی رہتی ہیں تاکہ وہاں پر سیاسی افراتفری پھیلی رہی۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر دنیا کا سلگتا ہوا مسئلہ ہے۔ 1947سے لیکر آج تک ہر حکومت نے اس مسئلہ کو حل کرنے کی کوشش کی ہے لیکن ابھی تک UNO اس مسئلہ کو حل نہیں کر سکی۔ جس علاقہ میں ان لوگوں کا اپنا مفاد ہوتا ہے وہ مسائل حل کر لیتے ہیں ہمارا مطالبہ ہے کہ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق استصواب رائے کا حق دیا جائے۔ چوہدری اکبر ابراہیم نے کہا کہ میں نے برادری ازم سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر عوام کی خدمت کی ہے اور اُمید ہے کہ عوام مجھے بھاری اکثریت سے کام کروائے گی۔ انہوں نے میڈیا ہائوس کے کردار کی تعریف کی۔ اس سے قبل میڈیا ہائوس کے ممبران سید اظہر جنگی’ عاصم سید’ مرزا شاکر بیگ ‘ سعید احمد’ سید قنبر اعجاز شاہ’ ڈاکٹر رزاق غفاری و دیگر نے چوہدری اکبر ابراہیم کا استقبال کیا۔
………………………
………………………
گجرات (جی پی آئی) YDA گجرات کے انتخابات میں ڈاکٹر کامران لطیف بھاری اکثریت سے صدر منتخب ہو گئے۔ ڈاکٹر سعود افضل ‘ ڈاکٹر عامر حمید’ اور ڈاکٹر شیراز کی زیر نگرانی الیکشن ہوئے جس میں ڈاکٹر کامران لطیف ‘ ڈاکٹر احتشام اور ڈاکٹر عظمت نے صدارت کیلئے الیکشن لڑا۔ 176 ووٹ کاسٹ ہوئے ڈاکٹر کامران لطیف نے 74ووٹ حاصل کئے اور کامیاب قرار پائے۔ ڈاکٹر فلک میر CMO عزیز بھٹی شہید ہسپتال اور سماجی شخصیت مہر فاروق خالد نے YDA کے نو منتخب صدر ڈاکٹر کامران لطیف کو مبارکباد پیش کی ہے اور کہا ہے کہ وہ پہلے کی طرح بھر پور انداز میں کمیونٹی کے مسائل کے حل کیلئے کام کریںگے۔
………………………
………………………
گجرات (جی پی آئی) TMA گجرات کی نا اہلی کی وجہ سے محلہ فیض آباد گندگی کی آماجگاہ بن گیا۔ نالیاں گندے پانی سے اَٹ گئیں۔ علاقہ میں بیماریاں پھیلنے کا اندیشہ ۔ TMA کے سپر وائزرز ورکرز کو علاقہ میں کام کرنے کی بجائے۔ سڑکوں پر لے جاتے ہیں ممتاز سماجی شخصیت ڈاکٹر نذیر احمد نے کہا ہے کہ ٹی ایم اے کے حکام کی ملی بھگت اور سپر وائزرز کی من مانی کی وجہ سے محلہ فیض آباد میں صفائی نہ ہونے کے برابر ہے سینٹری ورکرز کو علاقہ میں کام کرنے نہیں دیا جاتا۔ جس علاقہ میں گندگی پھیل گئی ہے نالیاں عرصہ دراز سے صاف نہیں ہوئی۔ نالیوں میں کیچڑ جم چکا ہے اگر یہی صورتحال رہی تو علاقہ میں بیماریاں پھیل جائیں گی۔ ڈی سی او گجرات اور ٹی ایم او گجرات سے مطالبہ کیا جاتا ہے کہ اس سلسلہ میں ایکشن لیں اور ورکرز کو علاقہ میں کام کرنے دیا جائے اور سڑکوں کیلئے علیحدہ بندے بھرتی کئے جائیں تاکہ صفائی کا نظام بہتر ہو سکے۔
………………………
………………………
گجرات (جی پی آئی) پارلیمانی سیکرٹری صحت کا عزیز بھٹی شہید ہسپتال لوکل پرچیز ریکارڈ نہ ہونے کا اعتراف بڑے پیمانے پر گھپلوں اور سیاسی بنیادں پر منظور نظر افراد کو محکمہ ہیلتھ میں ایگزیکٹو عہدوں پر لگوانے والوں کو نوازنے کی کھلی دلیل ہے۔ جن کی ناک کے نیچے انسانی جانوں سے کھیلنے’ معصوم پھولوں کو موت کے منہ میں دھکیلنے کا عمل جاری رہا وہ اس لیول کے بڑے سکینڈل میں کس طرح آزادانہ رپورٹ لکھ سکیں گے۔ یہ کس قدر سادہ بیمار ہوئے جس کے سبب اسی عطار کے لونڈے سے دوا لیتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر طارق سلیم نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی شخصیات کو بچا کر کچھ لوگوں کی قربانی مستحسن عمل نہیں اور نہ ہی ضلع گجرات کے غیور عوام اس کرپشن سکینڈل پر مٹی پائو کی اجازت دیں گے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ مچھر چھاننے اور ہاتھی نگلنے کے جس فارمولے پر پنجاب حکمران اور ان کی انتظامیہ لگی ہوئی ہے یہ جنگ کے قانون کی طرف اشارہ ہے۔ نام نہاد اشرافیہ اور ممبران اسمبلی کیلئے کوئی قانون ضابطہ نہیں مگر معمولی درجے کے تاجر’ میڈیکل سٹورز والے چھابڑی فروش مقدمات بھگت رہے ہیں۔
………………………
………………………
گجرات (جی پی آئی) اسسٹنٹ کمشنر سرائے عالمگیر شعیب نسوانہ اور اسسٹنٹ کمشنر گجرات نورالعین کی زیر قیادت ٹیموں نے مختلف علاقوں میں چیکنگ کے دوران صفائی کے ناقص انتظامات، غیر معیاری کوکنگ آئل استعمال کرنے ، ملازمین کے ہیلتھ کارڈ نہ بنوانے پر سرائے عالمگیر میںالجنت بیکرز کے کارخانہ، شاہدولہ روڈ پر شیزان بیکری کو سیل کر دیا، گرانفروشی پر 3دوکانداروںکے خلاف مقدمات درج کر ادیے گئے جبکہ ایک بیکری مالک پر 4ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا ہے۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ اور ڈائریکٹر فوڈ اتھارٹی عرفان علی کاٹھیا کی ہدایت پر اے سی سرائے عالمگیر شعیب نسوانہ نے ٹیم کے ہمراہ مختلف علاقوں میں متعدد سویٹس شاپس اور فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کی اس دوران صفائی کے ناقص انتظامات ، حفظان صحت کے اصولوںکا خیال نہ رکھنے ، غیر معیاری کوکنگ آئل استعمال کرنے پر الجنت سویٹس کو سیل کر دیا گیا جبکہ سرہندی سویٹس کے مالک وقاص پر چارہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا گیا۔ اسی طرح اے سی گجرات نورالعین نے شاہدولہ روڈ پر شیزان بیکری کی اچانک چیکنگ کی جہان زائد المعیاد اشیا فروخت کی جارہی تھیں جس پر بیکری کو سیل کر دیا گیا۔ دوران چیکنگ انہوںنے گرانفروشی پر سبزی فروش اعظم، شاہد انجم اور پھل فروش آصف پر مقررہ نرخوں سے زائد قیمت وصول کرنے پر مقدمات درج کرادیے۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کامیاب کریک ڈائون پر اے سی سرائے عالمگیر اور اے سی گجرات، انکی ٹیم کو شاباش دی ہے۔
………………………
………………………
گجرات (جی پی آئی) ) محکمہ زراعت توسیع کے زیر اہتمام ضلع گجرات میں بیک وقت 17مقامات پر یوم کاشتکاراں کا انعقاد کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں کسانوںنے شرکت کی ۔ ڈی او زراعت توسیع محمد رفیق تارڑ نے بتایا کہ حکومت پنجاب اور ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ کی ہدایات کے مطابق تحصیل گجرات اور کھاریاں میں چھ چھ مقامات جبکہ تحصیل سرائے عالمگیر میں 5مقامات پر کسان ڈے کا انعقاد کیا گیا تھا جس کا مقصد وزیر اعلی پنجاب کے خصوصی پروگرام کے تحت کاشت کاروں کو بیماریوں سے پاک گندم کے بیج کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنا تھا۔ انہوںنے بتایا کہ گذشتہ سال ضلع بھر کے 1043موضعات کے کسانوں کو گندم کے جدید بیج فیصل آباد 2008فراہم کیا گیا تھا اور ماڈ ل فارم بنائے گئے تھے۔ انہوںنے بتایا کہ ضلع میں نئے بیچ سے بھرپور پیداوار کے نتیجہ میں آئندہ سال 2لاکھ ایکٹر اراضی پر کاشت کے لئے بیج دستیاب ہوگا۔ انہوںنے بتایا کہ یوم کاشتکاراں کے موقع پر ماہرین کسانوںکو مختلف فصلوں کی پیداوار میں اضافہ، جانوروںکو بیماریوں سے بچانے کے لئے حفاظتی اقدامات ، اصلاح آبپاشی، مٹی اور پانی کے تجزیے سمیت دیگر اہم امور پر آگاہی فراہم کی جبکہ ای ڈی او زراعت محمد جمیل نے مختلف مقامات پر کسان ڈے کی تقریبات میں شرکت کی۔
………………………
………………………
گجرات (جی پی آئی) ااسسٹنٹ کمشنر کھاریاں میاں اقبال مظہر کی پریس ریلیز کے مطابق درج ذیل آفیسرز کو تحصیل کھاریاں کے مختلف علاقوںکے لئے پرائس مجسٹریٹ مقرر کیا گیا ہے۔ عوام الناس مقررہ نرخوں سے زائد قیمت وصول کرنے کی صورت میں دکاندار کی شکایت متعلقہ ایریا کے علاقہ مجسٹریٹ کو ان کے موبائل نمبر پر کی جاسکتی ہے۔ اسکے علاوہ دفتر اسسٹنٹ کمشنر کے ٹیلی فون نمبر 053-9240212پر بھی شکایت درج کرواسکتے ہیں۔
نمبر شمار
نام پرائس مجسٹریٹ
موبائل نمبر
علاقہ
1
مسٹرطارق سعید محسن تحصیلدار /سپیشل پرائس مجسٹریٹ کھاریاں
0300-9643113
تحصیل کھاریاں
2
ملک شفقت منیر ٹی ایم او /سپیشل پرائس مجسٹریٹ کھاریاں
0300-5418917
تحصیل کھاریاں
3
چوہدری مظہر اقبال نائب تحصیلدار/سپیشل پرائس مجسٹریٹ لالہ موسیٰI-
0300-8626400
لالہ موسیٰ قانونگوئی نمبرI-
4
مسٹرقیصر محمود اختر نائب تحصیلدار /سپیشل پرائس مجسٹریٹ لالہ موسیٰ II-
0300-9623396
لالہ موسیٰ قانونگو ئی نمبرII-
5
مسٹرسجاد احمد نائب تحصیلدار /سپیشل پرائس مجسٹریٹ ڈنگہ
0300-6269171
ڈنگہ قانونگوئی نمبرI&II-
6
چوہدری محمد افضل نائب تحصیلدار /سپیشل پرائس مجسٹریٹ کھاریاں
0300-8621498
کھاریاں قانونگوئی نمبرI-
7
مسٹرخادم حسین نائب تحصیلدار /سپیشل پرائس مجسٹریٹ کوٹلہ
0300-7563368
کوٹلہ قانونگوئی نمبرI&II-
8
مسٹرارشد وڑائچ نائب تحصیلدار /سپیشل پرائس مجسٹریٹ علاقہ جوڑا
0300-6426054
جوڑا قانونگوئی نمبر I&II-
9
ملک محمد سلیم نائب تحصیلدار /سپیشل پرائس مجسٹریٹ کھاریاں I-
0321-6205200
صبور قانونگوئی نمبرI&II-
10
مسٹرمختار احمد نائب تحصیلدار /سپیشل پرائس مجسٹریٹ کھاریاں II-
0300-6233971
کھاریاں قانونگوئی نمبرII-
………………………
………………………
گجرات (جی پی آئی) جامعہ گجرات میں UOGڈیبیٹنگ سوسائٹی کے زیر اہتمام منعقدہ دو روزہ چوتھے کُل پاکستان بین الکلیاتی تقریری مقابلہ جات کا اختتام ہو گیا۔ تقریری مقابلہ جات کی تقریب تقسیم انعامات کے مہمانِ خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیا ء القیوم تھے جبکہ مہمان اعزازی رجسٹرار ڈاکٹر طاہر عقیل تھے۔ ڈاکٹرضیا ء القیوم نے اس موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تقریر انسان کے وصفِ بیان کا معجزۂ فن ہے۔ نوجوان طلبا و طالبات میں فنِ تقریر کی رُحجان سازی جامعات کا اہم فریضہ ہے۔ طلبہ کی فکری صلاحیتوں کو اُجاگر کرنے کے لیے جامعہ گجرات ہر ممکن کا وشیں بروئے کار لارہی ہے۔ معاشرہ میں رواداری، برداشت اور اعتدال کے فروغ کے لیے تقریر و مکالمہ بنیادی جزو ہیں۔ مجھے خوشی ہے کہ UOGڈیبیٹنگ سوسائٹی کے کار پردازان نے آج یہاں پاکستان کے پانچوں صوبوں سے طلباء کو یہاں ایک نیک مقصد کے لیے پاکستان کے پانچوں صوبوں سے طلباء کو یہاں اکٹھا ہونے کا موقع فراہم کیا ہے۔ تبادلۂ خیال ہمیں دوسروں کی رائے کا احترام کرنا سکھاتا ہے۔ ڈاکٹر طاہر عقیل نے کہا کہ پاکستان کے مختلف صوبوں اور قومیتوں میں ہم آہنگی کے جذبات کو فروغ دینے کے لیے طلبا و طالبات بہترین سفیر کا کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ہمارا اندازِ بیان ہمارے خیالات کا سوچ کا بہترین عکاس ہوتا ہے۔ تقریری مقابلہ جات کے منصفین محمد حیدر معراج اور کامران احمد نے اُردو مقررین کی تقریروں کا جائزہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ تقریر کے موضوع میں ربط اور کلام میں روانی بہت اہم ہے ۔ تقریر فقط خطابت نہیں بلکہ دوسروں تک اپنے خیالات مؤثر انداز میں پہنچانے کا نام ہے۔ ہمراز احمد شیروانی نے انگریزی تقریروں کا جائزہ پیش کیا۔ کوارڈینیٹر رانا احمد شہید نے اظہارِ تشکر میں مقابلہ جات کا اہتمام کرنے والی ٹیم اور جامعہ گجرات کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ ان دو روزہ تقریری مقابلہ جات میں پاکستان کے پانچوں صوبوں سے تعلق رکھنے والی جامعات کی کُل چالیس ٹیموں نے شرکت کرتے ہوئے اپنے فنِ تقریر کے جوہر دکھائے۔ مقابلہ کی ٹرافی کی حقدار گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کی ٹیم ٹھہری اور بیس ہزار روپے کا نقد انعام بھی حاصل کیا۔ انفرادی طور پر انگریزی تقریروں کے مقابلہ میں UETٹیکسلا کی فاطمہ اوّل، رابعہ رحمان دوم اور پنجاب یونیورسٹی کے حماس چوہدری سوم ٹھہرائے گئے۔ اُردو تقریروں کے مقابلہ میں جی سی یو لاہور کے کفیل رانا اوّل، UETٹیکسلا کے محمد عامر دوم اورFASTفیصل آباد کے حسان الرشید سوم ٹھہرائے گئے۔ ان تمام مقررین کو بالترتیب دس ہزار، سات ہزار اور پانچ ہزار روپے کے نقد انعامات سے بھی نوازا گیا۔ اعزازی انعامUOGکے طالب علم حذیفہ نے حاصل کیا۔ جبکہ کیڈٹ کالج پشین کی ٹیم کو حوصلہ افزائی کا انعام بیس ہزار روپے نقد کی صورت میں دیا گیا۔ مقابلہ جات کے منصفین میں صائمہ انور، عبدالواحد، صافیہ ضیائ، ہمراز احمد، کامران احمد اور محمد حیدر معراج شامل تھے۔
………………………
………………………
گجرات (جی پی آئی) ملت اسلامیہ کیلئے اسوۂ رسول ۖ ہی مشعل راہ ہے ۔ ملک و قوم سیرت النبی ۖ سے ہر سطح اور ہر شعبہ میں راہنمائی حاصل کر سکتے ہیں ۔رسول اعظم ۖ کی سیرتِ طیبہ میں ہی کامیابی اور سنتِ رسول ۖ پر عمل پیرا ہو کر ہی ہم دنیا کو مسخر کر سکتے ہیں ۔نبی کریم ۖ نے ہر رشتے ، طبقے اور فرد کے حقوق و فرائض متعین کئیے ۔ عورتوں کو عزت عطا فرمائی، غلام و آقا کا تصور ختم کیا ۔خود انحصاری اور اعتماد کی فضا قائم کر کے عرب کے بدو افراد کو قوموںکی امامت کے قابل بنایا ۔آج پھر پاکستان میں اُسی اسلامی تشخص کو اجاگر کر کے پوری قوم کو سنتِ نبوی ۖ کا پیکر بنا کر ترقی کی منازل کی طرف گامزن ہونے کی ضرورت ہے ۔باہمی انتشار ، عرب و عجم کا تصور اور قوم و قبیلوں کا تفاخر ہماری پستی کی علامت ہے ۔ ان خیالات کا اظہار قائد تحریک اویسیہ پاکستان علامہ پیر محمد تبسم بشیر اویسی نے معصوم پور نزد شکریلہ شریف میں 9ویں سالانہ جشن میلاد مصطفےٰ ۖ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ کانفرنس کی صدارت پیر سید محبوب حسین شاہ سجادہ نشین آستانہ عالیہ شکریلہ شریف نے فرمائی جبکہ علامہ مفتی نعیم اللہ نعیمی ناظم اعلیٰ مرکز اہلسنت سرائے عالمگیر ،مولانا سید مدثر حسین شاہ آف چک سکندر ، چوہدری محمد یعقوب اویسی ایڈووکیٹ مہمانان خصوصی تھے ۔ علامہ پیر محمد تبسم بشیر اویسی نے کہا کہ ملک و قوم کو فرقہ واریت کی دلدل میں دھکیلنے والے ملک و قوم کے دشمن ہیں ۔ ملتِ اسلامیہ کا ایک خدا ،ایک رسول ،ایک قرآن اور ایک دستور حیات ہے ۔آج قوم کو بھی ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونے کی ضرورت ہے ۔رسول اعظم ۖ نے افراد ملت کی تربیت کر کے عظیم قوم بنایا ۔ اسوۂ رسول ۖ کسی طبقہ ،قوم یا قبیلہ کے لئے نہیں بلکہ کائنات ارضی کے لئے نمونہ ہے ۔اسی پاکیزہ سیرت سے راہنمائی حاصل کر کے عرب کے بدودنیا کے رہبر بن گئے ۔ جھگڑنے والے محبتوں کے سفیر اور دولت پہ مغرور ،در رسول ۖ کے فقیر بن گئے ۔حضور اکرم ۖ نے فرد سے لے کر قوم و ملت کی تربیت و اصلاح کا جامع پلان عطا فرمایا ۔موجودہ دور میں اصلاح معاشرہ کی اشد ضرورت ہے ۔معاشرے میں بگاڑ سے ہی دہشت گردی، لاقانونیت، فرقہ بندی اور چور بازاری جنم لیتی ہے ۔اس موقعہ پر قاری اشتیاق احمد ، قاری محمد ارشد اویسی آف نارووال ،صاحبزادہ علی رضا نوری آف کھاریاں ،صوفی غلام مصطفی قادری آف کراچی ، علامہ محمد دانش عطاری اور دیگر نے بھی خطاب و ہدیہ نعت پیش کیا۔