بھارت کو جان لینا چاہیے کہ ہم مقبوضہ کشمیر میں رہنے والوں کے ساتھ ہیں۔ راجہ فاروق حیدر

Raja Farooq Haider

Raja Farooq Haider

پیرس (زاہد مصطفی اعوان سے) وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا ہے کہ بھارت کو جان لینا چاہیے کہ ہم مقبوضہ کشمیر میں رہنے والے اپنے بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ ہیں اور انھیں ہر گز تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

کشمیر کی جدوجہد ہم سب کشمیریوں کی مشترکہ جدوجہد ہے اور ایک دن یہ جدوجہد ضرورکامیابی سے ہمکنار ہو گی۔ ان خیالات کااظہارانھوں نے کشمیر کونسل یورپ (ای یو )کے چیئرمین علی رضا سید سے آزادکشمیرکے دارالحکومت مظفرآباد میں ملاقات کے دوران کیا۔علی رضاسید ان دنوں پاکستان اور آزادکشمیرکے دورے پرہیں۔ملاقات میں یورپ میں مسئلہ کشمیرپر جاری جدوجہد اور مقبوضہ کشمیرکی تازہ ترین صورتحال پرتبادلہ خیال کیاگیا۔

وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے بھارت کی طرف کشمیریوں پربڑھتے ہوئے مظالم خصوصاًنہتے کشمیریوں پر پیلٹ گن کے استعمال پرسخت تشویش ظاہرکی اور حالیہ دنوں کنٹرول لائن پر بھارتی فائرنگ اوراس دوران قیمتی جانوں کے نقصان کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔

انھوں نے یورپ میں کشمیرکونسل ای یو اور خاص طورپر کونسل کی طرف سے یورپی پارلیمنٹ میں کشمیرای یو۔ویک کی حالیہ تقریبات کو سراہا۔یادرہے کہ وزیراعظم راجہ فاروق حیدر اس بارکشمیرای یو۔ویک کی تقریبات کے مہمان خصوصی تھے۔ ان کے ہمراہ سینئروزیرچوہدری طارق فاروق اور ایم ایل اے راجہ جاویداقبال بھی موجودتھے۔ وزیراعظم نے کہاکہ علی رضاسید سمیت کشمیرکونسل یورپ کے تمام رہنماوؤں کی جدوجہد قابل ستائش ہے ۔ انھوں نے بھارت کی طرف سے پاکستان اورکشمیریوں کے خلاف پروپگنڈے کی بھی مذمت کی۔

انہوں نے کہا کہ بھارت اپنی تمام تر مشینری اور وسائل استعمال کرتے ہوئے عالمی برادری کو مسئلہ کشمیر پر گمراہ کرنے کی کوشش کررہاہے۔ملاقات کے دوران سینئر وزیر آزاد کشمیر چوہدری طارق فاروق اورایم ایل اے برائے اووسیزراجہ جاوید اقبال بھی موجودتھے۔مسئلہ کشمیرکو یورپ میں اجاگرکرنے کے لئے آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی غورکیاگیااوراس سلسلے میں ضروری تجاویزکا تبادلہ کیا گیا۔

کشمیرکونسل ای یو کے چیئرمین علی رضاسید نے کہاکہ حالیہ دنوں کشمیرکونسل ای یوکی طرف سے یورپی پارلیمنٹ میں کشمیرای یو۔ویک کافی کامیاب رہا۔خاص طورپران تقریبات میں آپ کی شرکت سے ہمیں کافی حوصلہ ملاہے اورآپ کی ان کوششوں کے دوررس نتائج برآمد ہوں گے۔

وزیراعظم راجہ فاروق حیدرخان نے کشمیریوں کے مابین خاص طورپر یورپ اور دیگرممالک میں رہنے والے ہم وطنوں کے مابین اتحاد و اتفاق کی ضرورت پر زور دیا اور کہاکہ آپس کے اتفاق سے مسئلہ کشمیرکو بہتر طورپر اجاگرکرنے میں مددملے گی۔کشمیرکونسل ای یو کے چیئرمین علی رضاسید نے کہاکہ عالمی برادری کو مسئلہ کشمیرکی حقیقت کو سمجھناچاہیے کیونکہ اس مسئلے کے حل کے بغیر خطے میں امن نہیں ہو سکتا۔

انھوں نے کہاکہ حق خودارادیت کے حصول تک پرامن جدوجہدجاری رہے گی۔بھارت ظالمانہ ہتھکنڈے اختیارکرکے تحریک آزادی کشمیر کو دبانہیں سکتا۔ ایک لمبے عرصے سے کشمیرپر بھارتی ریاستی دہشت گردی جاری ہے۔

وزیراعظم آزادکشمیرنے علی رضاسیدکو یقین دلایاکہ وہ کشمیرکونسل ای یوکے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھیں گے تاکہ مزید موثر طریقے سے مسئلہ کشمیر مقتدرحلقوں سمیت یورپ کے مختلف طبقات میں اجاگرکیاجاسکے۔ملاقات کے اختتام پر وزیراعظم آزادکشمیرنے علی رضاسید کو روایتی کشمیری تحائف بھی دیئے۔