انڈیا میں مسلم مبلغ ذاکر نائیک کی تنظیم پر پانچ برس کی پابندی عائد

Zakir Naik

Zakir Naik

انڈیا (جیوڈیسک) انڈیا کی حکومت نے ملک کے معروف مسلم مذہبی مبلغ ذاکر نائیک کے ادارے ‘اسلامک ریسرچ فاؤنڈیشن’ پر پانچ برس کے لیے پابندی عائد کر دی ہے۔

حکومت کی جانب سے ذاکر نائیک کے ادارے پر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا الزام لگتے رہے تھے چند روز پہلے ہی حکومت نے ذاکر نائیک کے اس ادارے پر بیرون ملک سے چندہ لینے پر پابندی لگا دی گئی تھی۔

اطلاعات کے مطابق پابندی لگانے کا یہ فیصلہ وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں ہونے والی مرکزی کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں وزارت داخلہ کی جانب سے رسمی نوٹیفکیشن جلد ہی جاری کر دیا جائے گا۔

ذاکر نائیک کا ادارہ ممبئی میں واقع ہے اور وہ اپنی تبلیغی سرگرمیاں وہیں سے انجام دیتے تھے۔ اس سے قبل ریاست مہاراشٹر کی حکومت اور مرکزی وزارت داخلہ نے ذاکر نائیک کے خلاف تفتیش کا آغاز کیا تھا۔

خبروں کے مطابق وزارت داخلہ کو تحقیق کے دوران معلوم چلا تھا کہ اسلامک ریسرچ فاؤنڈیشن نامی ادارے کے بین الاقوامی اسلامی چینل ‘پیس ٹی وی’ سے مبینہ طور پر تعلقات ہیں۔ بھارت میں پیس ٹی وی پر بھی کئی طرح کے الزامات لگتے رہے ہیں۔

بھارتی وزارت داخلہ کے مطابق ذاکر نائیک نے مبینہ طور پر کئی اشتعال انگیز تقریریں کی ہیں۔ پہلی بار جب ذاکر نائیک پر ایسے الزامات لگے تھے تو وہ ملک سے باہر تھے اور اس وقت سے وہ انڈیا واپس نہیں آئے ہیں۔

ذاکر نائیک سے متعلق اس طرح کا تنازع اس وقت شروع ہوا تھا جب اس طرح کی خبریں میڈیا میں نشر کی جانے لگیں کہ بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ کے حملہ آور ذاکر نائیک سے متاثر تھے۔

اطلاعات کے مطابق کچھ حملہ آور ذاکر نائیک کو سنا کرتے تھے۔ ڈھاکہ حملے میں حملہ آوروں سمیت 28 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

لیکن ڈاکٹر ذاکر نائیک نے اس طرح کے تمام الزامات سے انکار کیا ہے کہ وہ اپنی تبلیغ سے کسی بھی طرح کی شدت پسندی پھیلاتے ہیں۔

انہوں نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ان کا کوئی بھی ایسا ایک بھی خطاب نہیں ہے جس میں انھوں نے کسی معصوم کی جان لینے کی بات کہی ہو، چاہے وہ مسلم ہو یا غیر مسلم۔