انڈیا نے نیوزی لینڈ کو پہلے ون ڈے چھ وکٹوں سے شکست دے دی

Virat Kohli

Virat Kohli

دھرم شالہ (جیوڈیسک) انڈیا نے نیوزی لینڈ کو دھرم شالہ میں کھیلے جانے والے سیریز کے پہلے ایک روزہ میچ میں چھ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔

نائب کپتان ویراٹ کوہلی کی شاندار اننگز کی بدولت انڈیا نے 191 رنز کا ہدف بہ آسانی 33 اوورز میں حاصل کر لیا۔

کوہلی نے 81 گیندوں میں نو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 85 رنز بنائے اور آوٹ نہیں ہوئے۔ خیال رہے کہ یہ انڈیا کا 900 واں ون ڈے میچ تھا۔

انڈیا کے ہاردک پانڈیا کو عمدہ بولنگ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ میچ کا سکور کارڈ دیکھنے کے لیے کلک کریں۔

اتوار کو کھیلے جانے والے پہلے میچ میں انڈیا نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔
نیوزی لینڈ کا آغاز اچھا نہ رہا اور صرف 65 رنز پر اس کی سات وکٹیں گر چکی تھیں۔

ٹم ساؤدی نے اس بار بیٹ سے اپنے کھیل کا مظاہرہ کیا نیوزی لینڈ کی جانب سے اوپنر ٹام لیتھم نے 79 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

فاسٹ بولر ٹم ساؤدی نے اپنی بہترین اننگز کے ذریعے نیوزی لینڈ کو ڈوبنے سے بچانے کی کوشش کی تاہم وہ کامیاب نہ ہو سکے۔ انھوں نے اپنے کریئر کا بہترین سکور بنایا اور پہلی نصف سنچری سکور کی۔

انھوں نے نیوزی لینڈ کی جانب سے دسویں نمبر پر آکر نصف سنچری بنانے کا ریکارڈ بھی بنایا۔

انڈیا کی جانب سے ہاردک پانڈیا اور امت مشرا نے تین ،تین وکٹیں لیں جبکہ امیش یادو اور کیدار جادھو کے حصے میں دو، دو وکٹیں آئیں۔

ہاردک پانڈیا نے تین وکٹیں حاصل کیں انڈیا کے لیے یہ قدرے آسان ہدف تھا اور اس نے اسے بہ آسانی حاصل کر لیا۔ کوہلی کے علاوہ اوپنر ریہانے نے 33 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے بریسویل، نیشم اور سوڈھی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی جبکہ کپتان دھونی 21 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔

اس جیت کے ساتھ انڈیا کو پانچ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی سبقت حاصل ہو گئی ہے۔ دوسرا میچ 20 اکتوبر کو دہلی میں کھیلا جائے گا۔

اس سے قبل کھیلی جانے والی ٹیسٹ سیریز میں انڈیا نے تینوں ٹیسٹ میچوں میں کامیابی حاصل کی تھی۔