گجرات کی خبریں 24/1/2017

Speech

Speech

گجرات (جی پی آئی) پاکستان عوامی تحریک ضلع گجرات کے ایک نمائندہ وفد نے ضلعی صدر چوہدری گلریزمحمود اختر وڑائچ ایڈووکیٹ اور علامہ پروفیسر ڈاکٹر مظہر قادری کی قیادت میں گجرات پریس کلب کا دورہ کیا اور پریس کلب کی نو منتخب کابینہ گجرات پریس کلب برائے سال 2017صدر سید وقار گیلانی ، سینئر نائب صدر محمد احسان چھینہ ، جنرل سیکرٹری راجہ تیمور طارق ، سیکرٹری تقریبات ڈاکٹر رزاق احمد غفاری ، سیکرٹری لائبریری محمد یاسین و دیگر کو مبارک باد دی اور نیک تمنائوں کا اظہار کیا ۔ وفد میں پاکستان عوامی تحریک گجرات شہر کے امیر چوہدری جاوید وڑائچ ، چوہدری محمد محسن سپال ، چوہدری عمران طاہر ایڈووکیٹ ، چوہدری عنایت وڑائچ ، سلیم رضا ، چوہدری عمر وڑائچ ، راجہ اسد علی ، چوہدری عثمان الیاس ، محمد یوسف جنجوعہ شامل تھے ۔ عوامی تحریک کے وفد کی گجرات پریس کلب میں آمد کے موقع پر ڈاکٹر رزاق احمد غفاری ، اعجاز احمد شاکر ، نوازش علی نوازش ، محمد احسان چھینہ ، راجہ تیمور طارق اور دیگر نے وفد کا استقبال کیا ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) سٹیزن فرنٹ اپنے منشور کے تحت سماجی شعور بیدار کرنے کیلئے اپنی تحریک کو آگے بڑھا رہے ہیں جس کا مقصد ہر شہری کو سیاسی کارکن اور سماجی خدمتگار بنانا ہے تا کہ وہ معاشرے میں مثبت سماجی تبدیلیوں کیلئے راہ ہموار کر سکیں ان خیالات کا اظہار سٹیزن فرنٹ ضلع گجرات کے صدر چوہدری علی ابرار جوڑا نے سپریم کونسل کے ماہانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں صفائی کی صورتحال ابتر ہے علی پورہ روڈ ، ریلوے روڈ ، سرکلر روڈ ، پرنس چوک ، سرگودھا روڈ ، فیض آباد و دیگر علاقے جوہڑ کی شکل اختیار کر چکے ہیں ، نو منتخب میئر و ڈپٹی میئر شہر کی بدترین صورتحال پر فوری ایکشن لیں سٹیزن فرنٹ تھنکرز رفورم کے چیئرمین ممتاز دانشور کالم نگار افتخار بھٹہ نے کہا کہ سٹیزن فرنٹ کے کارکنوں کی فکری ،، سیاسی اور سماجی تربیت کیلئے ماہ فروری میں ایک قومی سیمینار کا اہتمام کیا جائے گا جس میں ملک کے نامور دانشور و کالم نگار اظہار خیال کریں گے جس کے انتظامات کیلئے شیخ عرفان کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے اجلاس میں ممتاز دانشور افتخار بھٹہ کے تایازادہ بھائی عاشق حسین بھٹہ ، کی وفات پر فاتحہ خوانی و تعزیت کا اظہار کیا گیا ، اجلاس میں سٹیزن فرنٹ سٹی گجرات کے صدر شیخ عرفان پرویز کو شادی کی پچیسوں سالگرہ کی مبارک باد دی گئیں ۔ اجلاس سے راجہ محمد اعجاز ، عامر چوہدری ، مرزا اکبر بیگ برلاس ، ڈاکٹر رزاق احمد غفاری ، چوہدری اورنگزیب اور سلیم خان نے بھی خطاب کیا اجلاس کے اختتام پر تمام شرکاء اجلاس کی مچھلی سے تواضع کی گئی ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) پاکستان عوامی تحریک ضلع گجرات کے صدر گلریز محمود اختر وڑائچ نے کہا ہے کہ پاکستانی میڈیا نے ہر دور میں ملکی مفادات اور عام آدمی کے حقوق کیلئے جدوجہد کی ہے اس کیلئے بعض اوقات الیکٹرنک اور پرنٹ میڈیا کو بھاری قیمت بھی ادا کرنا پڑی ان خیالات کا اظہار انہوں نے گجرات پریس کلب میں گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ گجرات کے صحافی اس حوالہ سے خصوصی طور پر دادِ تحسین کے حقدار ہیں کہ انہوں نے ہر دور میں روایتی ذرائع ابلاغ کی روایات سے ہٹ کر عوام الناس کے مسائل کو احکام بالا تک پہنچانے کے اپنے فریضہ کو بڑی خوبصورتی سے ادا کیا انہوں نے پریس کلب کی نو منتخب کابینہ برائے 2017کو مبارک باد بھی دی اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ممتاز مذہبی سکالر پروفیسر علامہ ڈاکٹر مظہر حسین قادری نے کہا کہ علامہ پروفیسر ڈاکٹر طاہر القادری کی قیادت میں پاکستان عوامی تحریک عالم اسلام اور بلخصوص پاکستان کے خلاف شر پسند اور دہشت گرد عناصر کی مذموم سازشوں کو بے نقاب کرنے کی جدوجہد میں مصروف ہے ہم امید کرتے ہیں کہ پاکستانی میڈیا اس جدوجہد میں ہمارا ساتھ دے گا انہوں نے نومنتخب صدر سید وقار گیلانی اور ان کی کابینہ کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارک باد دی اور تواقع ظاہر کی کہ گجرات پریس کلب کے نئے عہدیدار صحافیوں کے ساتھ ساتھ ہر شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ لوگوں کی مشکلات کو اجاگر کرنے اور ان کو حل کرنے میں اپنا حصہ بڑھ چڑھ کر ڈالیں گے ۔ گجرات پریس کلب کے سینئر نائب صدر محمد احسان چھینہ نے پاکستان عوامی تحریک کی طرف سے گجرات پریس کلب کی نو منتخب کابینہ کو مبارک باد دینے کی نیت سے پریس کلب آنے پر ان کا شکریہ ادا کیا نو منتخب جنرل سیکرٹری راجہ تیمور طارق نے اس موقع پر کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ گجرات پریس کلب کی دیگر شعبہ زندگی کے ساتھ تعلقات بہتر ہوں اس کے ساتھ ساتھ گجرات پریس کلب اور گجرات کی صحافی برادری اپنے دوستوں اور ساتھ چلنے والوں کو بھی یہ یقین دلاتی ہے کہ ہم آنے والے وقتوں میں بھی مفاد عامہ کے مسائل کو ملحوض خاطر رکھیں گے تقریب سے منہاج یوتھ لیگ ضلع گجرات کے صدر محمد عمر وڑائچ اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) منہاج ویلفیئر یورپ کے صدر حاجی ارشد جاوید وڑائچ کی طرف سے گجرات پریس کلب کیلئے 20ہزار روپے فنڈ کا اعلان کیا گیا حاجی ارشد جاوید کی طرف سے فنڈز دئیے جانے کا یہ اعلان ان کے بھانجے چوہدری محمد عمر وڑائچ نے کیا جس پر ممبران پریس کلب نے ان کا شکریہ ادا کیا ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) ضلع گجرات میں 66فیملی پلاننگ کے مراکز میں خواتین کو سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جون 2018تک ان مراکز کی تعداد 84ہو جائے گی ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ آفیسر پاپولیشن ویلفیئر عدنان اسلم وڑائچ نے گزشتہ روز گجرا ت پریس کلب میں سیمینار کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا انہوںنے کہا کہ تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں اور ڈی ایچ کیو میں سرجیکل کی سہولیات بھی فراہم کی گئیں ہیں اپنے وسائل کے مطابق اپنے خاندان کا سائز رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے کیونکہ اگر وسائل سے زیادہ آبادی ہو گی تو نہ صرف خاندان کیلئے بلکہ ملک کیلئے بھی نقصان دہ ثابت ہو گی ۔ کمیونٹی بیس ہیلتھ ورکرز اس سلسلہ میں دن رات کام کر رہی ہیں سوشل موبلائزرز بھی اپنے فرائض احسن طریقے سے سرانجام دے رہے ہیں ۔ میڈیا کا کردار اس سلسلہ میں بہت اہم ہے کیونکہ باشعور طبقے تک میڈیا کے ذریعے ہی آواز پہنچتی ہے تحصیل آفیسر پاپولیشن ویلفیئر عفت کمال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین خون کی کمی کا شکار ہیں جو کہ ان کیلئے بھی نقصان دہ ہے ہمیں لوگوں میں یہ شعور بیدار کرنا ہے کہ وہ خواتین کو مناسب خوراک فراہم کریں اور اپنے بچوں کو تعلیم و دیگر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں تا کہ ملک ترقی کر سکے اپنے خاندان کی خوشیوں کیلئے اپنی فیملی کا سائز اپنے وسائل کے تناسب سے رکھیں نوجوان نسل اس سلسلہ میں بہت اہم ہے ان میں شعور بیدار کرنے کی ضرورت ہے صدر گجرات پریس کلب سید وقار حیدر گیلانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری محکموں اور صحافیوں کے درمیان بہتر تعلقات کے قیام کیلئے کوشاں ہیں اور گجرات پریس کلب کو عوامی ادارہ بنایا گیا ہے جہاں آ کر صحافیوں کے ذریعے عوام اپنے مسائل کے حل کے سلسلہ میں مدد لیتے ہیں ہم بہتر پلاننگ کے ساتھ اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہیں اور گجرات کے صحافیوں اور سرکاری اداروں کے درمیان تعلقات کو بہتر بنا کر عوامی مسائل حل کیے جائیں گے ، مقامی سطح پر عوامی مسائل کا حل ہماری اولین ترجیح ہے ۔ اعجاز احمد شاکر نے کہا کہ صحافیوں کا ڈبل کردار ہے وہ معاشرہ کے ترجمان بھی ہے اور اپنی فیملی کے سربراہ بھی ہم اپنے اخبارات اور الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کا پیغام عوام تک پہنچائیں گے اس موقع پر گجرات پریس کلب کے ممبران کی کثیر تعداد موجود تھی ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) ممتاز ثناء خوانِ رسول قاری غلام سرور نقشبندی نے اپنے تعزیتی بیان میں ممتاز سماجی شخصیت چوہدری صفدر ممتاز سندھو کے والدِ محترم کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ جگہ عطا فرمائے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) حکومت پنجاب نے ڈپٹی کمشنر گجرات لیاقت علی چٹھہ کو ٹرانسفر کرکے ڈپٹی کمشنر سرگودھا تعینات کر دیا ہے، وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کی منظوری کے بعد باقاعدہ احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔ پی ایم ایس سروس کے لیاقت علی چٹھہ کو مارچ 2014میں گجرات میں بطور ڈی سی او تعینات کیا گیا تھا جبکہ رواں ماہ کے آغاز پر بلدیاتی اداروں کی تکمیل کے بعد لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013کے نفاذ کے بعد انہوں نے پہلے ڈپٹی کمشنر گجرات کی حیثیت سے فرائض سرانجام دیے۔ڈپٹی کمشنر لیاقت علی چٹھہ نے اپنے دور تعیناتی میں انہوں نے ضلع گجرات کی تعمیر و ترقی کیلئے گرانقدر خدمات سرانجا م دیں، وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کے وژن کو آگے بڑھاتے ہوئے حکومت پنجاب کے فنڈز سے انکی زیر نگرانی گجرات میں گوجرانوالہ ڈویژن کا سب سے بڑا شہباز شریف پارک کا منصوبہ مکمل کیا گیا، کنجاہ میں میجر شبیر شریف شہید ٹی ایچ کیو لیول ہسپتال، ٹی ایچ کیو لیول ہسپتال لالہ موسیٰ، ٹی ایچ کیو ہسپتال سرائے عالمگیر انکے دور میں مکمل ہوئے، ضلع میں 65سرکاری سکولوں کوپرائمری سے مڈل اور مڈل سے ہائی ، ہائی سے ہائر سیکنڈری کی حیثیت سے اپ گریڈ کیا گیا، جلالپور جٹاں سپورٹس گرائونڈ، کوٹلہ ارب علی خان میں سپورٹس اسٹیڈیم کے منصوبہ کیلئے بطور انتظامی سربراہ انہوںنے بھرپور کردار ادا کیا، سرائے عالمگیر میں پبی، کینال ویو سمیت متعدد پارک بنائے گئے۔وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کی طرف سے ایم پی اے حاجی عمران ظفر کی درخواست پر سٹی روڈز پیکج کے منصوبوں کی نگرانی، عزیز بھٹی شہید ہسپتال کی اپ گریڈیشن کے منصوبوں کی تکمیل کیلئے بھی گرانقدر خدمات سرانجام دیں۔ ڈپٹی کمشنر لیا قت علی چٹھہ نے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ ماڈل کامیابی سے متعارف کرایا اور گجرات میں کڈنی سنٹر، باب گجرات، ٹراما سنٹر، برن یونٹ، بیوٹیفکیشن آف گجرات، وال آف گجرات، پبی فارسٹ پارک، کینال ویو پارک سرائے عالمگیر، سٹریٹ لائٹس جیسے شاہکار منصوبہ جات مکمل کرائے ۔ وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف نے سیاسی قیادت اور عوامی مطالبہ پر شاہین چوک فلائی اوور کے منصوبے کی منظوری دی، 82کروڑ روپے لاگت کے اس منصوبے کی تکمیل کیلئے ڈپٹی کمشنر نے بطور ضلعی انتظامی سربراہ اپنا بھرپور رول ادا کیا اور یہ پراجیکٹ وقت سے پہلے مکمل ہونے کی توقع ہے۔ لیاقت علی چٹھہ کی جگہ ڈپٹی کمشنر کا عہدہ سنبھالنے والے عرفان علی کاٹھیا کا تعلق پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروسز سے ہے اور انہیں بھی انتظامی امور کا وسیع تجربہ حاصل ہے۔ عرفان علی کاٹھیا نے بطور ایڈمنسٹریٹر ٹی ایم اے سٹریٹ لائٹس کے منصوبہ، شہر میں خصوصی صفائی مہم کے منصوبے کامیابی سے مکمل کئے۔ عرفان علی کاٹھیا نے ریونیو ریکوری بہتر بنانے، لینڈ ریکارڈ سنٹرز کے منصوبہ جات کو آگے بڑھانے، لینڈ ریکارڈ کی کمپوٹرائزیشن کو مکمل کرنے کیلئے ہر موقع پر بھرپور صلاحیتوں کا مظاہر ہ کیا اور سابق ڈپٹی کمشنر لیاقت علی چٹھہ کی زبردست معاونت کی۔
۔۔۔۔۔۔
گجرات( جی پی آئی) دی ایجوکیٹرز بارہ دری کیمپس معیاری تعلیمی ادارہ ہے جہاں بچوں کی بہترین تعلیم و تربیت کی جا رہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انسپکٹر چوہدری محمد سعید وڑائچ نے بارہ دری کیمپس میں سپورٹس فیسٹیول کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہزاد شفیق شرقپوری کی قیادت میں یہ ادارہ اپنی ذمہ داریاں احسن طریقہ سے سرانجام دے رہا ہے۔ اور بچیوں نے جس طرح سپورٹس فیسٹیول میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا یہ انکی شبانہ روز تربیت کا نتیجہ ہے۔ اگر بچوں کی بہترین تربیت کی جائے تووہ تمام چیلنجز کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں آج اس بات پر بے حد مسرت کا اظہار کرتا ہوں کہ شہزاد شفیق شرقپوری نے کچھ عرصہ قبل جو پودا لگایا آج تناور درخت بن چکا ہے۔ ایگزیکٹو ممبر لیڈیز کلب گجرات محترمہ ہما سہیل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دی ایجوکیٹرز بارہ دری کیمپس کا ماحول مجھے اپنے گھر جیسا لگتا ہے۔ جہاں پر بچوں کو بہتر انداز میں تربیت دی جا رہی ہے اور انہیں اخلاقیات اور دنیاوی تعلیم سکھائی جاتی ہے۔ میری دعا ہے کہ یہ ادارہ اسی طرح کام کرتا رہے۔ شہزاد شفیق شرقپوری نے کہا کہ میں نے یہ ادارہ خدمت خلق کے جذبہ کے تحت شروع کیا اور میں اللہ تعالیٰ کا شکر گزار ہوں میں اپنا فریضہ احسن طریقہ سے سرانجام دے رہا ہوں۔ اس وقت اس ادارے میں گیارہ سو مستحق و یتیم بچے فری تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ انہیں یونیفارم بھی سکول کی جانب سے فراہم کیا جاتا ہے۔ جبکہ ٹیچرز ‘ پولیس ملازمین ‘ صحافی اور وکلاء کے بچوں کو 50 فیصد رعایت دی جاتی ہے۔ تاکہ معاشرہ کی خدمت کرنے والے طبقے کو سہولیات مل سکیں۔ اور ہم پاکستان کی آنے والی نسل کو مضبوط اور ذہین بنا سکیں۔ اس موقع پر طالبات نے مختلف کھیلوں میں حصہ لیا جنہیں حاضرین نے بے حد سراہا۔
………………………………
گجرات( جی پی آئی) دی ایجوکیٹرز بارہ دری کیمپس میں سپورٹس فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں ایک نیا انداز متعارف کروایا گیا جس میں پاکستانی مسلح افواج (نیوی’ فضائیہ ‘ بری فوج ) کے دستوں کی شکل میں بچوں کے یونیفارم پہنا کر مارچ پاس کروایا گیا اور پاکستان آرمی کی تاریخ سے آگاہ کیا گیا۔ تاکہ طالبات میں آگے بڑھنے کا جذبہ پیدا ہو سکے اور وہ اپنے مستقبل کا خود فیصلہ کر سکیں۔ اور اسی انداز میں انکی تربیت ہو۔
………………………………
گجرات( جی پی آئی) موضع ادودال میں عظیم الشان سالانہ محفل نعت کا انعقاد کیا گیا۔ جس کی صدارت صاحبزادہ پیر سید حسن محمود شاہ گجراتی نے کی۔ جبکہ مہمان خصوصی سید محمد علی نقوی تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پیر سید حسن محمود شاہ گجراتی نے کہا کہ موجودہ حالات میں ہمیں متحد ہونے کی ضرورت ہے تاکہ اغیار کا مقابلہ ڈٹ کر کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں مسلمانوں کو جن چیلنجز کا سامنا ہے ان میں دین سے دوری سب سے اہم ہے۔ ہمیں لوگوں کو بتانا ہے کہ اسلام دین امن ہے۔ دہشتگردی کا اس سے دور کا واسطہ نہیں۔ محافل نعت کے ذریعے امن اور پیار کا درس لوگوں تک پہنچایا جائے۔ چیف ایگزیکٹو کارروان مالک اشتر سید محمد علی نقوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ادودال کے باسی مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے نبی کریم ۖ کی محفل کا انعقاد کیا۔ اور ملک کے اہم علماء کرام اور ثناء خوان رسول کو مدعو کیا۔ نوجوانوں کو اسلام کی بنیادی تعلیمات سے آگاہ کیا جانا چاہئے۔ تاکہ وہ اسلام کے بارے میں اپنے علم کو بڑھا سکیں۔ اس موقع پر نقابت کے فرائض دلاور جلالی نے سرانجام دئیے۔ جنید لیاقت مدنی و دیگر ثناء خوان رسول نے ہدیہ نعت پیش کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) گجرات میں برن یونٹ عزیز بھٹی شہید ہسپتال میں مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز کی جانب سے افتتاحی تقریب سے قبل بھرتی کی گئی 17 سٹاف نرسز کو نہ تو تقرری لیٹرز جاری کئے گئے اور 4 ماہ سے تنخواہوں کی ادائیگی بھی نہ ہو سکی، گذشتہ روز متاثرہ سٹاف نرسز ثمرینہ، مریم، صبائ، ماریہ، انیلہ، شبانہ، ارم و دیگر نے گجرات پریس کلب پہنچ کر اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا، ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت گجرات نے برن یونٹ عزیز بھٹی شہید ہسپتال کے 17 رکنی سٹاف کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا، 4 ماہ سے برن یونٹ کے نرسنگ سٹاف کو نہ ہی تنخواہیں دی گئیں اور نہ ہی انہیں ریگولر کیا جا رہا ہے، متاثرہ خواتین حکام بالا کی توجہ حاصل کرنے کیلئے گجرات پریس کلب پہنچ گئیں، انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آج سے 4 ماہ قبل محکمہ ہیلتھ گجرات کی طرف سے دئیے گئے نوکریوں کے اشتہار پر ہم نے درخواستیں جمع کروائیں، جس کے بعد باقاعدہ انٹرویو کے بعد 17 سٹاف نرسز کو محکمہ کی طرف سے بھرتی کیا گیا اور ہمیں عزیز بھٹی شہید ہسپتال کے برن یونٹ میں ذمہ داریاں سونپی گئیں لیکن 4 ماہ گزر جانے کے باوجود ہمیں نہ تو ہمیں تقرری کے لیٹر دئیے جا رہے ہیں اور نہ ہی 4 ماہ سے تنخواہ دی جا رہی ہے، احتجاج کرنے والی خواتین کا کہنا تھا کہ ہمیں 4 ماہ سے ذلیل و خوار کیا جا رہا ہے، ہم کبھی ڈی سی اور کبھی ایم ایس کے چکر لگا رہی ہیں لیکن ذمہ داران مسلسل ٹال مٹول سے کام لے رہے ہیں، انہوں نے مطالبہ کیا کہ ہمیں تقرری کے لیٹر جاری کرنے کے ساتھ 4 ماہ کی تنخواہوں کی ادائیگی کی جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) ڈپٹی کمشنر لیاقت علی چٹھہ نے کہا ہے کہ وکلا اور سائلین کی سہولت کے لئے تینوں تحصیلوں میں ریونیو افسران باقاعدگی سے کورٹ میں بیٹھیں گے، اس حوالے سے ڈیوٹی روسٹر جلد جاری کر دیا جائے گا، ریونیو عدالتوں میں دائر ہونیوالے مقدمات کے مدعا علیہان کی تعمیل یقینی بنانے کیلئے ریونیو ڈیپارٹمنٹ کے اہلکاروں کی ڈیوٹی لگائی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے صدر بار ایسویسی ایشن صابر علی ایڈووکیٹ کی زیر صدارت بار کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عرفان علی کاٹھیا، اسسٹنٹ کمشنر گجرات ظہیر چٹھہ، سیکرٹری بار ایسویسی ایشن عرفان اسحق ایڈووکیٹ، اختر علی چدھڑ ایڈووکیٹ، مشتاق وڑائچ ایڈووکیٹ بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر لیاقت علی چٹھہ نے نومنتخب عہدیداروں کو کامیابی پر مبارکباد دی اور اس توقع کا اظہار کیا کہ شہریوں کی فلاح اور انکے مسائل کے حل کیلئے ضلعی انتظامیہ، ریونیو ڈیپارٹمنٹ اور ڈسٹرکٹ بار ایسویسی ایشن ملکر کام کریں گے۔ بار ایسویسی ایشن کے وفد کی نشاندہی پر ڈپٹی کمشنر لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ تقسیم کے کیسز میں بعض پیچیدگیوں کے حوالے سے وہ آگاہ ہیں اور اس حوالے سے حکومت کو بھی آگاہ کیا گیا ہے۔ انہوںنے بتایا کہ ریونیو ریکارڈ میں نام کی درستگی کے حوالے سے مسائل کے حل کیلئے تحصیلدار کے ساتھ لینڈ ریکارڈ سنٹر کے عملہ کو بھی اختیارات دیدے گئے ہیںتاکہ اراضی مالکان کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ڈپٹی کمشنر نے اے ڈی سی کو ہدایت کی کہ ریونیو افسران کی ڈیوٹی کا روسٹر جلد جاری کیا جائے ، کورٹ ڈے کے موقع پر ریونیو آفیسر دیگر امور سے گریز کریں۔ صدر بار ایسویسی ایشن صابر علی ایڈووکیٹ نے مسائل کا فوری نوٹس لینے پر ڈپٹی کمشنر لیاقت علی چٹھہ کو سراہا ۔ انہوںنے اس امر پر زور دیا کہ ضلعی انتظامیہ/ریونیو ڈیپارٹمنٹ اور بار کے ہر ماہ باقاعدگی سے میٹنگ کا انعقاد کے جائے جس میں مسائل کی نشاندہی اور انکے حل کیلئے اقدامات تجویز کئے جاسکیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) کڈنی سنٹر میں ہیپاٹائٹس سی پازیٹو اور نیگٹو کے بعد ہیپاٹائٹس بی پازیٹو کے مریضوں کے ڈائیلسز کا فوری آغاز کیا جائے گا، سنٹر کیلئے مزید 9ڈائیلسز مشینوں کی خریداری کیلئے فوری اقدامات اٹھائے جائیں، یہ فیصلہ ڈپٹی کمشنر لیاقت علی چٹھہ کی زیر صدارت بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں کیا گیا، جس میں سابق ای ڈی او فنانس چوہدری اصغر، چیف ایگزیکٹوآفیسر ہیلتھ ڈاکٹر عابد غوری، ڈی ایچ او ڈاکٹر زاہد تنویر، چوہدری نواز ریحانیہ، جاوید بٹ، حاجی اورنگزیب بٹ، ذیشان زیب بٹ، شیخ شاہد انور، نثار الدین ساجد راٹھور، ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر عباس گوندل، انجینئر قمر و دیگر نے شرکت کی ۔ ڈپٹی کمشنر لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت تعمیر کیا جانیوالا کڈنی سنٹر دکھی انسانیت کی خدمت کی منازل طے کر رہا ہے، یکم دسمبر کو سنٹر کے افتتا ح سے ابتک یہاں 121مریضوں کی رجسٹریشن کی جاچکی ہے، مجموعی طور پر 538ڈائیلسز کئے جاچکے ہیں اوسطا روزانہ پندرہ مریضوں کے ڈائیلسز کئے جارہے ہیں ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کڈنی سنٹر میں مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر ڈبل شفٹ شروع کرنے کیلئے انتظامات کئے جائیں، بجلی کی بلاتعطل سپلائی کیلئے کڈنی سنٹر کیلئے واپڈز کے ڈبل کنکشن کیلئے گیپکو حکام سے رابطہ کیا جائے گا ۔ بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کڈنی سنٹر میں گردے کی پتھری کے علاج کیلئے لیتھو تھراپی مشین جلد فراہم کر دی جائے گی، ڈائیلسز مشینوں کی تعداد پوری کرنے کیلئے فوری طور پر اعلان کرنیوالے مخیر حضرات سے رابطہ کیا جائے ۔
۔۔۔۔۔۔
کھاریاں (جی پی آئی) جماعت اسلامی ضلع گجرات کے امیر ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا ہے کہ ممتازماہر تعلیم الحاج محمد اسلم بھٹی ایک عظیم شخصیت کے مالک تھے جنہوں نے اپنی ساری زندگی تعلیم و تدریس اور ظلم کے خلاف جہاد میں گزاری وہ گزشتہ روز اپنے قریبی ساتھی اور چیف ایڈیٹر پاسبان عزیزالرحمان مجاہد سے ان کے والد محترم الحاج محمد اسلم بھٹی کی وفات پہ تعزیت کررہے تھے انہوں نے کہا کہ مرحوم نے ایک بھرپور زندگی گزاریوہ ایک سچے عاشق رسول ۖ تھے انہوں نے دوران ملازمت جس جس سکول میں رہے وہاں اللہ کی کبریائی اور اس کے رسول ۖکی تعلیمات کے فروغ کے لئے مساجد کی تعمیر کی۔دوران ملازمت سعودی عرب میں اور پاکستان میں بھی مرزائیت کے خلاف کھلم کھلا جہاد کیااور اس جہاد میں چاہے کسی بھی چیز کی قربانی دینا پڑی انہوں نے کبھی بھی اس سے پیچھے نہیں ہٹے ۔ انہوں نے کہا وہ ایک جنتی انسان ہیںجن کے ایک بیٹے کمانڈرمحمد سعید الرحمان شہید نے مقبوضہ کشمیر میں اپنی مظلوم کشمیری ماوں بہنوں اور بزرگوں کی آواز پہ انڈین آرمی سے جہاد کیا اور جام شہادت نوز کیا جبکہ دوسے بیٹے عزیزالرحمان مجاہد صحافت اور خدمت خلق کے مشن پہ ہر وقت عوام کی فلاح و بہبود میں مگن رہتے ہیں اور اپنے والدین کے لئے صدقہ جاریہ بنے ہوئے ہیں انہوں نے کہا کہ ہم مرحوم کے درجات کی بلندی اور ان کے بچوں کو ان کے لئے صدقہ جاریہ بن جانے کی دعا کرتے ہیں ،اس موقع پہ مقامی امیر حافظ محمد اجمل، حاجی امتیاز احمد، ڈاکٹر عرفان احمد صفی اور حاجی محمد اسلم قاسم آباد بھی موجودتھے
۔۔۔۔۔
کھاریاں (جی پی آئی) راہنما مسلم لیگ(ن) وائس چیئرمین یونین کونسل بھگوال ملک زاہد حسین اعوان نے کہا ہے کہ یونین کونسل کی تعمیر و ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے لئے قائدین کوٹلہ برادران ایم این اے چوہدری عابد رضا، ایم پی اے چوہدری شبیر احمد اور ضلعی چیئرمین چوہدری محمد علی تنویر کی قیادت میں کام جاری ہے جلد مزید فنڈز سے یونین کونسل میں کام شروع کریں گے انشاء اللہ رواں سال کے آخر تک یونین کونسل کے بڑے دیرینہ مسائل حل کرلیں گے اور ضلعی چیئرمین کی شفقت سے بھی مزید ترقیاتی کام کریں گے۔ کوٹلہ برادران کی قیادت میں یونین کونسل بھگوال کو مثالی بنائیں گے۔
۔۔۔۔۔
کھاریاں (جی پی آئی) پانامہ پیپرز معاملہ میں حکمران جھوٹ پے جھوٹ بول کر خود ہی ثبوت مہیا کر رہے ہیں قطری شہزادے کے خط کا جھوٹ بھی جلد پکڑا جائے گا اب وہ وقت دور نہیں جب جھوٹے، کرپٹ اور بدعنوان حکمرانوں سے قوم چھٹکارا حاصل کرے گی ان خیالات کا اظہار راہنما پی ٹی آئی حلقہ پی پی 115 چوہدری ناصر احمد چھپر ایڈووکیٹ نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان حکمرانوں کی کرپشن سے پردہ اٹھانے میں کامیاب ہوئے ہیں اب قوم کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس معاملہ کو انجام تک پہنچانے کے لئے عمران خان کا ساتھ دے انشاء اللہ حکمرانوں کا جانا ٹھہر چکا ہے اور جلد پر گھروں کو جائیں گے اور پھر ان کا احتساب کیا جائے گا یہ فریضہ بھی پی ٹی آئی ہی سرانجام دے گی۔
۔۔۔۔۔
کھاریاں (جی پی آئی) 6کروڑ62 لاکھ روپے کی لاگت سے ملٹری چیک پوسٹ پنجوڑیاں سے براستہ پنجوڑیاں، سہنہ، لدڑ، ڈیری فارم چوک تک5کلومیٹر کارپٹ روڈ کا کام شروع کروانے پر ایم این اے چوہدری عابد رضا کوٹلہ اور ایم پی اے چوہدری شبیر احمد کوٹلہ کے بے حد مشکور ہیں کہ انہوں نے اس کام کے لئے گرانٹ جاری کروائی ہے ان خیالات کا اظہار کونسلر قاضی محمد صفدر پنجوڑیاں، راجہ عبدالرحمن میڑھ پنجوڑیاں اور یونین کونسل سہنہ کے عوام نے کوٹلہ برادران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ سڑک کی تعمیر کے لئے فیصل آباد کی معروف کمپنی ایم ایس ہائی وے کنسٹرکشن تیزی سے کام کر رہی ہے انہوں نے کہا کہ کوٹلہ برادران نے عوام کا یہ دیرینہ مسئلہ حل کر کے عوام کے دل جیت لئے ہیں۔
۔۔۔۔۔
کھاریاں (جی پی آئی) اپنے محبوب لیڈر چوہدری مختار احمد ڈھل کی قیادت میں عوامی خدمت علاقہ کی تعمیر و ترقی اور پارٹی کی مضبوطی کے لئے کام جاری ہے اور انشاء اللہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ کنٹونمنٹ بورڈ کھاریاں کے علاقہ میں تعمیر و ترقی کا بلاتفریق سلسلہ جاری ہے جس کے لئے صدرC.B.K اور چیف ایگزیکٹو آفیسر کے شکرگزار ہیں ان خیالات کا اظہار وائس پریذیڈنٹ کینٹ بورڈ کھاریاں راہنما PTI مسعود احمد چوہان نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت اور تعمیر و ترقی ہی ہمارا مشن ہے جو کہ اپنے قائدین کی قیادت اور ہدایات کی روشنی میں جاری ہے کینٹ بورڈ کے سول علاقہ کی تعمیر و ترقی کے لئے ہم صدر اور چیف ایگزیکٹو کے بھرپور تعاون پر بھی شکر گزار ہیں انہوں نے مزید کہا کہ خدمت کا یہ سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
۔۔۔۔۔
کھاریاں (جی پی آئی) ہم اُن تمام احباب سیاسی سماجی مذہبی کاروباری شخصیات، صحافی برادری کے بے حد مشکور ہیں جنہوں نے ہماری پھوپھی جان کی وفات پر بذریعہ ٹیلی فون، بالمشافہ، بذریعہ اخبارات اور سوشل میڈیا تعزیت کی۔ فاتحہ خوانی کی اور غم میں ہماری ڈھارس بندھائی ان خیالات کا اظہار مشترکہ طور پر سینئر صحافی سید تنویر نقوی، ماہر تعلیم سید ظہیر عباس نقوی اور سید تعبیر حیدر نقوی (کویت) لمے شریف نے کیا۔
۔۔۔۔۔
کھاریاں (جی پی آئی) ہنڈا ایجنسی جی ٹی روڈ کھاریاں صارفین کی خدمت کے لئے کام کر رہی ہے ہمارا عملہ ہر وقت صارفین کی راہنمائی کے لئے حاضر رہتا ہے کمپنی کی طرف سے دی گئی تمام سہولیات بلاتفریق صارفین تک پہنچائی جا رہی ہیں یہاں پر سیل، سروس اور پارٹس کے ہمراہ ایک ہی چھت کے نیچے پانچ سہولیات فراہم کر رہے ہیں ان خیالات کا اظہار چیف ایگزیکٹو محمد عامر رشید بھٹی نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اٹلس ہنڈا کمپنی کے صارفین میں اضافہ ہماری اوّلین ترجیح ہے ہے جس کے لئے دن رات کوشاں ہیں انشاء اللہ ہم اپنی سروسز کو مزید بہتربنائیں گے تاکہ صارفین کا اعتماد بڑھنے کے ساتھ بحال بھی رکھا جا سکے۔
۔۔۔۔۔
کھاریاں (جی پی آئی) گلیانہ روڈ کھاریاں کی تاجر برادری نےDPO گجرات سے مطالبہ کیا ہے کہ آزادی چوک پر ٹریفک پولیس کی ڈیوٹی لگائی جائے یہاں پر ڈیوٹی نہ ہونے کی وجہ سے روزانہ گھنٹوں ٹریفک بلاک رہنا معمول بن چکا ہے غلط پارکنگ بڑی وجہ ہے ڈنگہ روڈ چوک سے کسی ایک ہلکار کو یہاں پر تعینات کیا جائے تاکہ ٹریفک کے مسائل کم ہو سکیں تاجر برادری اس سلسلہ میں مشکلات کا شکار ہے۔
۔۔۔۔۔
کھاریاں (جی پی آئی) الخدمت فائونڈیشن کی کارکردگی سے متاثر ہو کر DC ملتان کی سفارش پر گورنمنٹ پنجاب نے8ہیلتھ یونٹس کی منظوری دے دی۔ یاد رہے کہ سام سنگ پاکستان کے تعاون سے الخدمت فائونڈیشن پاکستان موبائل ہیلتھ یونٹ کے ذریعے پنجاب بھر میں غریب بستیوں اور فیکٹریوں میں مزدوروں کے کلینیکل ٹیسٹ کر رہی ہیں اس کے علاوہ گھر گھر جا کر بھی عوام کے ٹیسٹ کئے جا رہے ہیں جس سے عوام کو بے حد فائدہ ہو رہا ہے اس کارکردگی کو دیکھتے ہوئے ڈی سی ملتان نے سفارش کی جس پر ایکشن لیتے ہوئے8 یونٹس کی منظوری دی گئی ہے۔ اس حوالے سے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے الخدمت فائونڈیشن پنجاب کے صدر سید ضیاء اللہ شاہ ایڈووکیٹ نے کہا کہ ہم پرامید ہیں کہ ان8یونٹس میں سے ضلع گجرات میں بھی غریبوں کے لئے یونٹس فراہم کئے جائیں گے الخدمت فائونڈیشن دکھی انسانیت کی خدمت کا فریضہ سرانجام دیتی رہے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کھاریاں (جی پی آئی) راہنما مسلم لیگ(ن) راجہ سجاد حسین پنڈی ہاشم نے کہا ہے کہ کوٹلہ برادران کی عوام اور علاقہ کے لئے خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ یہ تاریخی تعمیر و ترقی رہتی دنیا تک یاد رکھی جائے گی موجودہ دور کی تعمیر و ترقی آنے والے سیاستدانوں کے لئے کسی چیلنج سے کم نہیں ہے کوٹلہ برادران ایم این اے چوہدری عابد رضا، ایم پی اے چوہدری شبیر احمد اور ضلعی چیئرمین چوہدری محمد علی تنویر کی خدمات کی مثال سابقہ ادوار میں بھی نہیں ملتی ان خیالات کا اظہار انہوں نے اخبار نویسوںسے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کے پلیٹ فارم پر کوٹلہ برادران بلاتفریق تعمیر و ترقی کے لئے عملی اقدامات کر رہے ہیں حلقہ این اے107 میں اربوں روپے کے ترقیاتی فنڈز سے کام تاریخی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہیں اس کے ساتھ ساتھ حلقہ میں صحت، تعلیم اور روزگار کے لئے بھی تاریخی اقدامات کئے جا رہے ہیں ہم قائدین کوٹلہ برادران کی قیادت میں اپنے اپنے علاقہ میں عوامی خدمت میں مصروف عمل ہیں۔
۔۔۔۔۔
کھاریاں (جی پی آئی) علاقہ کے عوام کی خدمت کے لئے24گھنٹے حاضر ہیں اپنی طاقت ، حیثیت اور استطاعت کے مطابق یہ فریضہ سرانجام بھی دے رہے ہیں ان خیالات کا اظہار ممتاز سیاسی شخصیت ملک ضیاء الرحمن ڈوگہ نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اقتدار میں ہوں یا نہ ہوں کوئی فرق نہیں پڑتا۔ اپنے عوام کے مسائل کے حل کے لئے حاضر ہیں اور یہ فریضہ سرانجام دے رہے ہیں یونین کونسل ڈوگہ کے عوام سے سیاسی نہیں پیار و محبت کا رشتہ ہے جو کہ قائم ہے اور انشاء اللہ ہمیشہ قائم رہے گا ہماری خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں میرے آبائو اجداد اور سابق ناظم بڑے بھائی ملک عطاء الرحمن نے اپنے دور میں جو خدمات سرانجام دہی وہ بھی سب کے سامنے ہیں یونین کونسل بھگوال کی تعمیر وترقی اور عوامی خدمات سب کے سامنے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ ہم علاقہ میں موجودہ ہیں اور عوامی خدمت کا فریضہ بھی سرانجام دے رہے ہیں۔
۔۔۔۔۔
کھاریاں (جی پی آئی) ممبر کینٹ بورڈ کھاریاں راہنما PTI ہارون بھٹی مسیح نے کہا ہے کہ علاقہ کی تعمیر و ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے لئے بھرپور عملی اقدامات کر رہے ہیں C.B.K کے صدر اور سی ای او کی راہنمائی اور خصوصی معاونت کے ساتھ تعمیراتی کام بھی جاری ہیں ہم اپنے بہن اور لیڈر تاشفین صفدر مرالہ کی قیادت میں اپنے پارٹی چیئرمین عمران خان کا پیغام بھی ہر خاص و عام تک پہنچانے میں مصروف عمل ہیں پارٹی کی مضبوطی اور ترویج کے لئے دن رات کوشاں ہیں جس کے لئے میرے ساتھیوں اور بزرگوں کا تعاون بھی شامل ہے کینٹ بورڈ کھاریاں کے تمام علاقوں میں بلاتفریق سہولیات کی فراہمی اوّلین ترجیح ہے خدمت کا یہ سلسلہ بہتر انداز میں جاری رکھا جائے گا۔
۔۔۔۔۔
کھاریاں (جی پی آئی) ممتاز اوورسیز پاکستانی افتخار حسین بھٹی پنجوڑیاں (انگلینڈ) ممتاز سیاسی شخصیت فدا حسین بھٹی پنجوڑیاں کی والدہ اور صوبیدار (ر) حبیب اللہ کی ہمشیرہ مرحومہ کی روح کے ایصال ثواب کے لئے مدرسہ حق چار یار پنجوڑیاں میں اجتماعی دعا کا اہتمام کیا گیا۔ مولانا قاری حفیظ الرحمن نے اجتماعی دعا کرائی اس موقع پر معززین علاقہ، سیاسی، سماجی، کاروباری شخصیات عزیز و اقارب دوست احباب اور رشتہ داروں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ نمایاں طور پر شرکت کرنے والوں میں سابق ناظم ملک عطاء الرحمن ڈوگہ،ملک ضیاء الرحمن ڈوگہ، ملک مظہر پنجوڑیاں، چوہدری ساجد محمود بھٹیاں، مظہر بھٹی چک لشکری، راجہ انصار نصیرہ، نواب خاں بٹ لمے شریف، ملک آصف لمے شریف، بائو اکرم لدڑ، راجہ شوکت پنڈی ہاشم، میاں زاہد یونس پنجوڑیاں، ساجد بھٹی پنجوڑیاں، اعجاز برلاس پنجوڑیاں، غیاث بیگ پنجوڑیاں، نذر حسین بٹ لمے شریف، حاجی شیر جنگ بٹ لمے شریف، عدنان بھٹی پنجوڑیاں، عمران ضمیر بھٹی پنجوڑیاں، مسعود گوندل پنجوڑیاں، ریاض بھٹی پنجوڑیاں، عتیق بھٹی پنجوڑیاں، مرزا محمد اکبر شوریاں، مرزا شکیل احمد شوریاں، ابتسام ضمیر پنجوڑیاں، محمد افراہیم پنجوڑیاں، فرخ بھٹی (پنجاب پولیس) ملک طارق پپو لمے شریف، محمد شبیر بھٹی پنجوڑیاں، شمیم حسن بھٹی کونسلر نصیرہ، چوہدری فیاض ڈھل، بائو وڑائچ ڈھل، ذوالفقار بٹ پنجوڑیاں اور دیگر شامل تھے۔
۔۔۔۔۔
کھاریاں (جی پی آئی) عوامی نمائندگان بسم اللہ موڑ سے براستہ بیگہ، چکمال اور سہنے تا ڈوگہ لنک روڈ کی ٹوٹ پھوٹ پر بھی توجہ دیں اور اس سڑک کو بھی تعمیر کروائیں جگہ جگہ بڑے بڑے گھڑے بنے ہوئے ہیں جو کہ ٹریفک کی مشکلات میں اضافہ کر رہے ہیں منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے ہوتا ہے اور نقصان بھی ہو رہا ہے ان خیالات کا اظہار نوجوان سیاسی، کاروباری شخصیت ملک آفتاب حسین اعوان لمے شریف سابق امیدوار وائس چیئرمین (مسلم لیگ ق) یونین کونسل بھگوال نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ علاقہ بھی حلقہ این اے107 میں ہی ہے اور روزانہ ایم این اے اور ایم پی اے کا گزر بھی اسی رستے سے ہوتا ہے عوامی مسائل کا حل عوامی نمائندگان کی ذمہ داری اور عوام کا حق ہے وام مطالبہ کر رہے ہیں کہ اس سڑک کو بھی تعمیر کروایا جائے اور دیگر تعمیر نہیں تو مرمت ہی کروائی جائے جو کہ روز بروز مسائل میں اضافہ کر رہی ہے انہوں نے کہا کہ بسم اللہ موڑ سے براستہ بیگہ، چکمال، سہنہ سے ڈوگہ تک سڑک تعمیر کروائی جائے تاکہ عوامی مشکلات کم ہو سکیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیرآباد (جی پی آئی) سیرت النبی ۖ ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔جماعت اسلا می اسلا م کی سربلندی اورنفاذاسلام کے لئے جدوجہدکررہی ہے۔رحمت العالمین حضرت محمدمصطفیۖ کی زندگی اوران کے فرامین کواپنالیںتوکامیابی ہمارے قدم چومے گی۔اورمسلمان پھردوبارہ ایک قوم بن کرابھرے گی۔ان خیالات کا اظہارجے آئی یوتھ ویمن پنجاب کی صدرثروت سجاد نے جے آئی یوتھ ویمن پی پی104وزیرآبادکے زیراہتمام سیرالنبیۖ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرصدرضلع گوجرانوالہ فرح امتیاز،صوبائی نگران دیہات مہمونہ شہناز،صدرپی پی104الیناحسن،ممبرصوبائی شوریٰ مزمل طاہر،ناظمہ سحر،شہنازاسلم ودیگرنے بھی خطاب کیا۔انہوںنے کہا کہ ہمارے آقاۖ نے بھی دنیامیںاخوت وبھائی چارے کی فضاء قائم کی اوررواداری اوربرابری کی بنیادپرہررنگ ونسل کی تفریق کاخاتمہ کیااورنمازاسکی واضح مثال ہے کہ ادنیٰ اوراعلیٰ ایک ہی صف میںکھڑے ہوجاتے ہیں۔کسی کواس مقام پرغروروتکبرکرنے کی اجازت نہیںہوتی یہ ہی اسلام کی تعلیمات ہیں۔آج اسلام اورنبی کریمۖ کی تعلیمات کواپناکرہم معاشرے میںپھیلی بے راہ وروی،اقرباء پروری،سفارش اورکرپشن زدہ معاشرے کودرست سمت دے سکتے ہیں۔اس موقع پرنعت خوانی،کوئز،گل ہائے سیرت،گوشہ سیرت کے مقابلے بھی ہوئے۔تقریب کے اختتام پرپوزیشن ہولڈرزمیںانعامات تقسیم کئے گئے۔
۔۔۔۔۔۔۔
وزیرآباد (جی پی آئی) ریجنل چیئرمین آل پاکستان ہائیڈرو الیکڑک سنٹرل لیبر یونین یونین ولی الرحمن خان نے کہا ہے یونین کسی سیاسی جماعت کی آلہ کار نہیں بنے گی اور نہ تعیناتی اور تبادلے کی کمائی کھانے دے گی،ایس او پی پر مکمل عمل درآمد کروائیں گے گیپکو مزدور کے پسینے کا سودا نہیں کرینگے انکی کارکردگی بہتر ی کیلئے موٹرسائیکل اور دوران ٹریننگ متعارف کروائی جانے والی ٹی اینڈ پی کی فراہمی یقینی بنانے کی جدوجہد جاری رکھیں گے، گیپکو ڈویثرن وزیرآباد میں ریفرنڈم2017 کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انکا کہنا تھاکہ لائن سپرنیڈنٹ ،میٹرز ریڈرز اور درجہ چہارم کے ملازمین کے ساتھ بدمعاشی برداشت نہیں کرجائے گی۔تقریب سے زونل چیئرمین رانا شہزاد نے کہا کہ ولی الرحمن خان کی قیادت گیپکو ملازمین کیلئے تحفہ ہے۔اس موقع پر ریجنل سیکرٹری پرویز لنگڑیال،میاں عطاالرحمن،مولوی طارق،اخلاق چیمہ،ذوالفقار علی تارڑ،شیر افضل،عباس علی باجوہ،ارشد علی،احسن ڈھلوں،رانا ساجد،ارشد کنگ،ضیاء الرحمن،سیف اللہ بٹ،سعید اوجلہ،قاری ندیم اکرم اور افتخار چیمہ نے بھی خطاب کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔
وزیرآباد (جی پی آئی) انجمن طلباء اسلا م کی گولڈن جوبلی کے سلسلہ میںعشق پاکستان طلباء کنونشن مورخہ 25جنوری بروزبدھ صبح10بجے رواج میرج ہال جی ٹی روڈوزیرآبادمیںہوگا۔جسمیں مہمانان خصوصی مرکزی صدر سید بوعلی شاہ،ناظم شمالی پنجاب محمدارشدقادری،مرکزی نائب صدراول محمدجعفرماجد،عامر چیمہ شہید کے والد پروفیسرنذیراحمدچیمہ،طاہر ہندلی،ڈسٹرکٹ ناظم گوجرانوالہ سیدحسنین نوری،اپناعمررضا،حافظ محمدجمیل ودیگرشرکت کریںگے۔
۔۔۔۔۔۔۔
وزیرآباد (جی پی آئی) فت ملک کااہم ستون ہے۔پرنٹ والیکٹرانک میڈیاکی خبروںپرعوام کااعتمادعوام کے شعور کی نشانی ہے۔موجودہ جمہوریت میاڈیا کی وجہ سے قائم ہے۔صحافی قلم کے ذریعے معاشرے کی بے لوث خدمت کررہے ہیں۔صحافت باوقاراورباعزت شعبہ ہے صحافی خبرکوبغیرتصدیق شائع نہ کریں۔ان خیالات کا اظہارپارلیمانی سیکرٹریزایم پی ایز اکمل سیف چٹھہ اورشوکت منظورچیمہ نے تحصیل پریس کلب وزیرآبادکی ساتویں تقریب حلف برداری کے موقع پر کیا۔صدارت طاہر محمودملک صدر نے کی۔اس موقع پرضلعی صدر مسلم لیگ (ن)یوتھ ونگ فرازاحمدربانی، اے ای اومحمدصفدرچٹھہ،پی ایس اوجاوید اقبال جوئیہ، کونسلرعمران رسول بٹ،نجیب اللہ ملک،قیصراقبال وڑائچ،رانا سلطان احمد،ایس ایچ اومحمدنوازگجر،ڈاکٹرسیدرضاسلطان،گلشادسلیمی،فیصل رضوان،چیئرمین یونین کونسل منظورآبادخالد منظورچیمہ کے علاوہ صحافیوںکی کثیرتعدادموجودتھی۔اکمل سیف چٹھہ نے کہا کہ پنجاب میںترقیاتی کام مسلم لیگ (ن)کے قائد خادم اعلیٰ پنجاب میاںمحمدشہبازشریف کروارہے ہیںان ترقیاتی کاموںکی اسکیمیںایم پی ایزدیتے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔
لاہو (جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ ق کی رکن صوبائی اسمبلی خدیجہ عمرفاروقی نے 2کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے سانگلہ ہل ریلوے انڈر پاس کی بحالی کیلئے پنجاب اسمبلی میں توجہ دلائو نوٹس جمع کروادیا۔ اپنے توجہ دلائو نوٹس میں انہوںنے کہا کہ 2کروڑ کی خطیر رقم سے تعمیر ہونے والا انڈر پاس بدستور مچھلی فارم بنا ہوا ہے 11سال گذرنے کے باوجود انڈر پاس کی بحالی اور پانی کی نکاسی کے لیے اقدامات نہ کرنا بیڈ گورننس کی انتہاہے جس کے باعث سانگلہ ہل کے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے انڈر پاس کی تکمیل کے بعد سے ایک دن بھی یہاں سے ٹریفک نہ گزر سکی ۔خدیجہ فاروقی نے کہا کہ انڈر پاس میں دس فٹ تک پانی کھڑا رہتا ہے جہاں پر مچھروں کی افزائش تیزی سے ہورہی ہے جس کے باعث ملحقہ آبادیوںمیں بیماریاں پھیل رہی ہے اور ڈینگی جیسا خطرناک مرض پھیلنے کا بھی خطرہ ہر وقت لاحق رہتا ہے ۔انڈر پاس میں مسلسل پانی کھڑا رہنے سے انڈر پاس اور ریلوے لائن کو بھی خطرہ لاحق ہے۔وزیراعظم کی جانب سے11نومبرکو سانگلہ ہل موٹر وے انٹر چینج کے افتتاح پر عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ریلوے انڈر پاس کی بحالی کے اعلان کے باوجود اس پر تاحال عملدرآمد نہ ہوا ایل ڈی اے کی ہدایات پر بھی عمل نہ ہوسکا۔قومی خزانے سے 2کروڑ روپے خرچ کرکے اس عوامی منصوبہ کی بحالی نہ ہونا افسوسناک امر ہے اس لیے ذمہ دراوں کے خلاف کارروائی کی جائے اور سانگلہ ہل انڈر پاس بحال کرواکر رپورٹ پنجاب اسمبلی میں پیش کی جائے تاکہ اس منصوبہ سے عوام فائدہ اٹھاسکیں
۔۔۔۔۔
لاہور (جی پی آئی) وفاق المدارس الشیعہ پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی نائب صدر علامہ سید نیاز حسین نقوی نے بحرین میں تحریک اسلامی الوفاق کے تین بے گناہ نوجوانوں کی آل خلیفہ شہنشاہیت کی طرف سے پھانسی پر احتجاج کرتے ہوئے عالمی اداروں سے شیعہ اکثریتی عرب ملک میں عوام کے شہری، جمہوری اور بنیادی انسانوں حقوق کی خلاف ورزیوں کانوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ محض سیاسی اختلاف اور عوام کے جمہوری حقوق کے مطالبے پر کارکنوں کو پھانسی اور رہنماوں کی جیلوں میں قید رکھنا بدترین آمریت کی مثال ہے۔انہوں نے کہا کہ مغربی ممالک جمہوریت کے راگ الاپتے ہیں، مگرانہیں بحرین میں آل خلیفہ کی استبدادی شہنشاہیت کی انصاف کے تقاضے پورے کئے بغیر سیاسی کارکنوں کو جمہوری حقوق مانگنے کے جرم پر سزائے موت دینا نظر نہیں آتا، وہ خاموش ہیں۔جن کا سوائے سیاسی حقوق کا مطالبہ کرنے کے کوئی قصور نہیں تھا۔ان کا کہنا تھا کہ اسلامی اور عالمی قوانین کے تحت سیاسی حقوق مانگنے والوں کی سزائے موت کسی صورت نہیں بنتی تھی، مگر آل خلیفہ حکومت آمرانہ ہتھکنڈوںکے ذریعے بحرین کی اکثریتی شیعہ آبادی کو دبانا چاہتی ہے۔ تحریک اسلامی الوفاق کے قائد آیت اللہ عیسی ٰ قاسم کی شہریت کی منسوخی کے خلاف عوام ان کے گھر کے باہر دھرنا دے کر احتجاج کررہے ہیں کہ وہ اپنے قائد کو ملک بدر نہیں کرنے دیں گے۔مگر اس تمام صورت حال پر او آئی سی اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں۔ علامہ نیاز نقوی نے کہا کہ بحرین کے عوام عدم تشدد کی پر امن عوامی تحریک کے ذریعے اپنے حقوق حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ جوکہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق ہر شہری کا حق ہے، مگر پرامن عوام پر تشدد اور قیدو بند کی سزائیں بحرینی عوام کو دبا نہیں سکتیں۔کیونکہ شہنشاہیت کا اسلام میں کوئی تصور ہے اور نہ ہی بحرینی عوام اب آ ل خلیفہ کو برداشت کریں گے۔انہیںسیاسی حقوق دینا ہوں گے۔ان کا کہنا تھا کہ غیر منصفانہ اور ظالمانہ ہتھکنڈوں سے بحرینی عوام دبنے والے نہیں، وہ جمہوری حقوق حاصل کرنے میں کامیا ب ہوں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور (جی پی آئی) جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجا ز احمد ہاشمی نے ڈونلڈ ٹرمپ کے امریکی صدر کی حیثیت سے حلف اٹھانے کے بعد ناجائز اسرائیلی ریاست کی طرف سے یہودی بستیوں کی تعمیر کے اعلان کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے عالمی بے حسی اور بین الاقوامی برادری کے لئے باعث شرم قراردیا ہے کہ فلسطینیوں کی سرز مین پر ناجائز قبضے کا سلسلہ جاری ہے ۔ کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی قوانین کے تحت فلسطین کا مسئلہ حل ہونا چاہیے تھا جو کہ اب تک حل نہیں ہوا۔ اقوام متحدہ اور مسلم حکمرانوں کی فلسطین کے ایشو پر خاموشی افسوسناک ہے۔ جبکہاو آئی سی کو بھی آئی سی یو سے نکل کر امت مسلمہ کے حقیقی مسائل پر توجہ دینی چاہئے۔نہ یہ کہ صرف ایک دو ممالک کے حقوق کا تحفظ کرے ۔ اسے تمام مسلمانوں کی نمائندگی کرنی چاہیے۔او آئی سی فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے لئے نہ صرف آواز بلند کرے بلکہ عملی طور پر انہیں آزادی بھی دلوائے ورنہ ا پنے مقاصد حاصل کرنے میں ناکام تنظیمیں اپنا وجود کھو کر قصہ ماضی بن جاتی ہیں۔او آئی سی کو یہودی بستیوں کے خلاف لائحہ عمل کی تیاری کے لئے اسلامی سربراہی اجلاس طلب کرکے اسرائیل اور اس کے سرپرست امریکہ کو سخت پیغام دیا جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کراچی (جی پی آئی) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے سینئر نائب صدر حلیم عادل شیخ نے کہا کہ نواز شریف کو اب قطری نہ سعودی شہزادے بچا سکتے ہیں اللہ کی طرف سے ان پر پکڑ شروع ہوچکی ہے ملک کو لوٹ کر انہوں نے قومی خزانے خالی کردیئے ہیں بڑے بڑے منہ والے وزیراعظم سے لاتعلقی کرنے کی بجاء عمران خان پر تنقید کرنے آجاتے ہیں عوام کی عدالت میں چور وزیراعظم اور ان کے درباری اپنا مقدمہ ہارچکے ہیں اور اب سپریم کورٹ کے فیصلے کا انتظار ہے وزیراعظم اپنے درباریوں کے آسرے پر پھستے جارہے ہیں ان کے پاس کسی قسم کا ثبوت نہیں ہے ساری جائیدادیں منی لانڈرنگ کے پئسے سے بنائی گئی ہماری ملک میں باپ بیٹیے کو تحائف دیتا ہے مگر ان شریفوں نے تو نئی رسم ڈال دی باپ بیروزگار تھا بیٹا ارب پتی تھا اس نے تحفے کے طور پر پیسے دیئے حکمرانوں کے جانے وقت قریب آچکا ہے ہم عوام میں بھی اپنا موقف پیش کررہے ہیں ان خیالات کا اظہار حلیم عادل شیخ نے عادل ہائوس کراچی میں مختلف وفد وں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ پوری قوم جان چکی ہے کہ نواز شریف چور ہے اور ہر کوئی کہہ رہا ہے کہ گلی گلی میں شور ہے نواز شریف چور ہے نواز شریف اقتدار پر صرف اپنے کاروبار کو مضبوط کرنے کے لیے آتے ہیں پیپلز پارٹی سے مک مکا کرکے دونوں جماعتوں نے اس ملک کو لوٹا ہے عمران خان نے ان کے کرپشن کی دکان کو بند کیا ہے ، جس ملک کا سربراہ کرپٹ ہوتا ہے وہ ملک کبھی ترقی نہیں کرسکتا سپریم کورٹ کے باہر جو درباری ایک کرپٹ پرائم منسٹر کو صادق و امین ثابت کرنے کی کوشش کررہے ہوتے ہیں سب کو پتہ ہے اس نے کس طرح پئسہ باہر کے ملکوں میں بھیجا اور جائیدادیں بنائی نواز شریف نے باربار قوم سے جھوٹ بولا اس وقت ملک اندہیروں میں ڈوبا ہوا ہے بیروزگاری ہے غربت ہے عام آدمی دووقت کی روٹی نہیں کھا سکتا ایسے میں ن لیگ میٹرو اور سڑکیں بنانے میں مصروف ہے ان چیزوں سے ملک مضبوط نہیں ہوتا جب تک ملک میں عام آدمی مضبوط نہیں ہوگا ، ایک طرف بڑے منہ والے جوکہ کرپشن دفاع ٹیم کا حصہ ہیں اور دوسری جانب مریم نواز کا میڈیا سیل دونوں ہی نواز شریف کا دفاع کرنے میں ناکام ہوچکے ہیں کیوں کہ قوم اب ان حکمرانوں کے خلاف بیدار ہوچکی ہے اور جلد ان کے کرپشن کے اقتدار کا خاتمہ ہوگا ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور (جی پی آئی) والڈ سٹی لاہور اتھارٹی اور الحمرا آرٹس کونسل کی جانب سے تین روزہ گلگت ، بلتستان میوزک فیسٹیول کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہوگئیں۔ واضح رہے کہ 2فروری کو شروع ہونے والے تین روزہ گلگت بلتستان فیسٹیول میں لاہور اور گلگت بلتستان کے کلچر کو ایک دوسرے کے قریب لایا جائے گا۔ والڈ سٹی اتھارٹی کی ترجمان تانیہ قریشی کا کہنا تھا کہ کلچر کا براہ راست انسانی زندگی سے گہرا تعلق ہے۔کلچر انسان کے تعمیری کردار اور ذوق کی عکاسی کرتا ہے اور بلاشبہ لاہور کا کلچر پوری دنیا میں مشہور ہونے کے ساتھ ساتھ یہاں کے لوگوں کے بہترین ذوق کا عکاس ہے۔ گلگت بلتستان فیسٹیول کے انعقاد کا مقصد بھی یہی ہے کہ کلچر کی اہمیت کا صحیح ادراک کروا یا جائے ۔ بلاشبہ ہماری ثقافت اور ورثہ ہماری زندگیوں کا ناگزیر حصہ ہیں جس کے سیاسی سماجی اور معاشی اثرات ہماری بقاء سے جڑے ہوئے ہیں۔تانیہ قریشی کا کہنا تھا کہ موسیقی کے شائقین کے لئے یہ فیسٹیول خاص اہمیت کا حامل ہے کیونکہ دونوں علاقوں کے ثقافتی میوزک کو اس فیسٹیول کا حصہ بنایا جائے گا۔ فیسٹیول میں داخلہ بالکل مفت ہے ۔الحمرا کے اندر گلگت بلتستان کے روایتی دیہاتوں کا ایک ماڈل ویلج بھی تیار کیا جائے گا جہاں کھانے پینے اور موسیقی کے سٹال بھی لگائے جائیں گے۔ والڈ سٹی لاہور اتھارٹی ثقافتی ورثے کو پروان چڑھانے کے لئے پہلے بھی مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کر چکی ہے۔ اس فیسٹیول کا مقصد بھی ثقافتی ورثوں کو متعارف کروانا، قریب لانا اور عوام میں اس کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور (جی پی آئی) پاکستان علماء کونسل کے زیر اہتمام انتہاپسندی ،دہشت گردی ،فرقہ وارانہ تشدد کے خاتمے کے موضوع پر سیمینار آج (24جنوری بروز منگل)اسلام آباد میں ہوگا۔ سیمینار کے مہمان خصوصی رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسٰی ہوں گے جبکہ سیمینار کی صدارت پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کریں گے۔سیمینار میں مختلف ممالک کے سفرائ،وفاقی وزراء اور مختلف مذہبی و سیاسی جماعتوں کے قائدین اور علماء شریک ہوں گے۔

۔۔۔۔۔۔۔
سیالکوٹ (جی پی آئی) محفل میلاد مصطفےٰ ۖ سجانا سنت الہٰیہ ہے ۔عالم ارواح سے لے کر آمد مصطفےٰ ۖ تک تمام انبیاء کرام علیہم السلام ولادت رسول ۖ کے ترانے پڑھتے رہے ۔محفل میلاد محبت رسول ۖ کا اظہار اور نعمت عظمیٰ بصورت مصطفےٰ ۖ ملنے پر اظہار شکر خداوندی ہے ۔رسول اعظم ۖ کی ولادت سے کائنات میں نور توحید چمکا ۔گمراہی نے ڈیرے اٹھا لئے ۔ہدایت کے نہ بجھنے والے چراغ روشن ہوئے ۔اختلافات مٹ گئے ۔محبتیں تقسیم ہونے لگیں ۔دہشت گردی کا خاتمہ ہوا اور پیغمبر امن ۖ نے عالمی امن کے لئے لافانی دستور عطا فرمایا ۔ آج بھی قیام امن کے لئے محفل میلاد النبی ۖ کو گھر گھر تک عام کرنا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار تحریک اویسیہ پاکستان کے مرکزی ناظم اعلیٰ علامہ پیر محمد تبسم بشیر اویسی نے جامع مسجد تاجدار مدینہ رحمت پورہ سیالکوٹ میں منعقدہ عظیم الشان محفل میلاد مصطفےٰ ۖ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ سرکار دو عالم ۖ تمام جہانوں کیلئے رحمت بن کر تشریف لائے ہیں ۔آپ کے آنے سے اس دنیا میں امن و امان قائم ہوا ۔ حضرت محمد مصطفےٰ ۖ کے تشریف لانے سے راہزن رہبر بن گئے ، رنگ و نسل ،قوم و قبیلہ غریب و امیر کا فرق ختم ہو گیا ۔قبیلوں کی دشمنیاں دوستی میں بدل گئیں ۔ پیغمبر امن کی تعلیمات ہمارے لئے مینار ہ نور کی حیثیت رکھتی ہیں ۔آپ نے پیغام توحید و رسالت لوگوں تک پہنچانے کا حق ادا کر دیا ۔دین اسلام کی آبیاری کیلئے آپ نے بہت زیادہ تکلیفیں برداشت کیں لہٰذا ہمیں میلاد منانے کیساتھ آپ کی سیرت کو بھی اپنانا ہو گا ۔ولادت محمد مصطفےٰ ۖ سے ظلمت کے اندھیرے چھٹ گئے ۔حضور اکرم ۖ کی زندگی ہمارے لئے بہترین نمونہ ہے ۔اس موقعہ پر قاری حافظ مشتاق احمد ،حافظ احسان الہٰی صدیقی، قاری غلام مصطفےٰ قادری، پیر بابا ندیم ،محمد عاصم بشیر اویسی،محمد علی رضا قادری،محمد طیب طاہر قادری، ملک ناصر ایڈووکیٹ ،سولی بابا،گرو شکیل،پہلوان گجر ،محمد سلما ن گجر،مہر محمد طارق،محمد عمر راجپوت اور دیگر نے بھی خطاب وہدیہ نعت پیش کیا ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور (جی پی آئی) شیعہ علما کونسل ضلع لاہور کے انتخابات مکمل ہوگئے ہیں۔ ملک شوکت علی اعوان کو صدر اور سید جعفر علی شاہ کو جنرل سیکرٹری منتخب کرلیا گیا ہے۔ نومنتخب عہدیدارو ں سے صوبائی صدر حجتہ الاسلام والمسلمین علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے حلف لیا۔صوبائی نائب صدر میاں فرزند علی چھچھر اور ڈویژنل صدر شہباز حیدرنقوی پر مشتمل الیکشن کمیٹی نے انتخابی عمل کی نگرانی کی۔ جس میں یونٹ صدور اور سیکرٹری جنرل نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ اس موقع پرصوبائی صدر علامہ سبطین حیدر سبزواری نے نو منتخب عہدیداروں کو مبارکبا دیتے ہوئے کہا کہ شیعہ علما کونسل کا کردار قوم کی ترقی اور دفاع سے مزین ہے۔ قائد ملت اسلامیہ کے ہاتھ مضبوط کریں گے۔انہوں نے تنظیم سازی اور کارکنوں کی فکری تر بیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ علما کے دروس کا سلسلہ شروع کیا جائے اور رابطہ عوام مہم کو مضبوط بنایا جائے۔نو منتخب صدر ملک شوکت علی اعوان نے کہا کہ قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کے فلسفہ اتحاد امت اور دفاع تشیع کے مطابق تنظیم کو مضبوط کیا جائے گا۔ جنہوں نے دہشت گردی اور تکفیریت کے خلاف جدوجہد کرکے پاکستا ن میں سیاسی ،مذہبی قوتوں کو مضبوط کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
سوات (جی پی آئی) ڈیڈک کمیٹی کے چیئرمین فضل حکیم خان نے کہا کہ پرائیویٹ تعلیمی اداروں کا کردار قابل تعریف ہے اور تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کررہے ہیں ،دی لنکس سکول سسٹم میں تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ، تقریب کی صدارت سوات پریس کلب کے صدر شہزاد عالم نے کی ، فضل حکیم خان نے کہا کہ صوبائی حکومت نے تعلیم میں اصلاحات کئے ہیں اور تعلیم کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ادنیٰ سے قرآن کو ترجمے سمیت لازمی قرار دیا ہے جس سے معاشرے میں تبدیلی آئیگی ، اور مسلمان اسکی تعلیمات پر کاربند ہو جائیں گے ، انہوں نے کہا کہ کوئی بھی قوم تعلیم کے بغیر ترقی نہیں کرسکتی، اسلئے ہمیں تعلیم کے فروغ کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں گے ، اس موقع پر سکول کے بچوں نے مختلف خاکے ، ملی نغمے بھی پیش کئے اور میڈم مریم نے سکول کے میشن اور کارکردگی کے حوالے سے خطاب کیا ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
سوات (جی پی آئی) ضلع ناظم سوات محمد علی شاہ نے مینگورہ گرڈ اسٹیشن میں دو ہیوی ٹرانس فارمرز کا افتتاح کر دیا 10 کروڑ روپے کی لاگت سے نصب کردہ ٹرانسفارمر نصب کرنے کا کام مکمل ہوا ، ضلع ناظم سوات نے باقاعدہ افتتاح کردیا ، دونوں ہیوی ٹرانسفارمر ز نے کام شروع کردیا ، گرڈ سٹیشن میں دو ہیوی ٹرانسفارمرز کی تنصیب پر علاقے کے عوام کا امیر مقام کو خراج تحسین ، تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام کی خصوصی دلچسپی کی وجہ سے سوات میں بجلی کے کم وولٹیج اوراوور لوڈنگ کامسئلہ حل ہوگیا ہے اس سلسلے میں وزیراعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام نے سوات گر ڈسٹیشن کے لئے دس کروڑ روپے کے خطیر لاگت سے دو ہیوی ٹرانسفارمرز منظور کرائے ، اور ان کی ہدایت پر گزشتہ ایک ہفتے سے دونوں ہیوی ٹرانسفارمرز نصب کرنے کا کام جاری تھا ، جس کے لئے پشاور سے ایک ٹیم آیا تھا اس دوران سوات کے مختلف علاقوں میں بجلی بندکرنا بھی پڑا ، تاہم امیر مقام کی ہدایت پر ایک ہفتے میں دونوں ہیوی ٹرانسفارمرز نصب کرنے کا عمل بھی مکمل ہوگیا ، جس کا باقاعدہ افتتاح ضلع ناظم سوات محمد علی شاہ نے کیا ، اس موقع پر ضلعی کونسلر ز سید افضل شاہ ، ارشاد علی خان ، ن لیگ صوبہ پختونخوا کے نائب صدر محمد قوی خان ایڈوکیٹ ، ن لیگ تحصیل کبل کے صدر عبدالغفور خان ، ضلعی حکومت سوات کے ایڈوائزر آفتاب خان کے علاوہ ایکسین واپڈا اور دیگر متعلقہ حکام ، لیگی کارکن اور مسلم لیگ ن کے منتخب بلدیاتی نمائندے بھی موجود تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔