بھارت پاکستان میں دہشتگردی میں ملوث ہے، ترجمان دفتر خارجہ

Qazi Khalil Ullah

Qazi Khalil Ullah

اسلام آباد (جیوڈیسک) دفتر خارجہ کے ترجمان قاضی خلیل اللہ نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر دفاع کی جانب سے دہشت گردی سے متعلق بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہے۔

دفترخارجہ اسلام آباد میں ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ قاضی خلیل اللہ نے کہا کہ پاکستان کی پالیسی بھارت سمیت تمام ہمسایہ ممالک سے پرامن تعلقات کا فروغ ہے، بھارت سے مسئلہ کشمیر سمیت تمام دیرینہ تنازعات کا پرامن حل چاہتے ہیں، پاکستان کئی برسوں سے دہشت گردی کا سامنا کررہا ہے۔

دہشت گردی کے خلاف جنگ میں دنیا پاکستان کی قربانیوں کی معترف ہے، پاکستان بھارت سے دہشت گردی کا معاملہ اٹھاتا رہا ہے، بھارتی وزیر دفاع کے بیان سے یہ خدشات پیدا ہوگئے ہیں کہ نئی دلی حکومت پاکستان میں دہشت گردی کی کڑیوں میں ملوث ہے۔ پاکستان اپنے قومی مفاد میں تمام ممکنہ اقدامات کرے گا۔

ایگزیکٹ اسکینڈل کے حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ جعلی ڈگریوں کا معاملہ تشویش ناک ہے تاہم یہ وزارت داخلہ سے متعلق ہے، اس کی تحقیقات جاری ہیں اوراس سلسلے میں امریکا سے بھی مدد لی جا رہی ہے کیونکہ اس معاملے میں امریکی یونیورسٹیوں کے نام بھی آئے ہیں۔