پاک بھارت سیکریٹری خارجہ ملاقات، پاکستان کی ’’را‘‘ کی بلوچستان اور کراچی میں سرگرمیوں پر تشویش

India

India

نئی دلی (جیوڈیسک) سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے ہارٹ آف ایشیا استنبول پراسس کے اجلاس کے دوران بھارتی ہم منصب جے شنکر سے ملاقات کی جس میں پاکستان کی جانب سے ’’را‘‘ کی بلوچستان اور کراچی میں سرگرمیوں اور سمجھوتہ ایکسپریس واقعے کے ملزمان کی رہائی پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق نئی دلی میں ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کے دوران پاک بھارت سیکریٹری خارجہ ملاقات ہوئی، اس موقع پر بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط خان بھی موجود تھے۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات اور تصفیہ طلب معاملات کے لئے جامع مذاکراتی عمل کی بحالی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے بعد پاکستان کے سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے کہا کہ بھارتی ہم منصب سے ہونے والی اس ملاقات نے باہمی امور پر تبادلہ خیال کے لیے بہت اہم موقع فراہم کیا۔ ملاقات میں مسئلہ کشمیر سب سے اہم معاملے کی حیثیت سے زیر بحث آیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے عوام صرف اور صرف اقوام متحدہ کی قراردادوں کے ذریعے مسئلے کا حل چاہتے ہیں۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق بھارتی ہم منصب سے ملاقات کے دوران سیکریٹری خارجہ نے کہا کہ دونوں ممالک کو مسلسل، بامعنی اور جامع مذاکرات پر کاربند رہنا چاہیے، پاک بھارت جامع مذاکرات کا عمل آگے بڑھانے کی ضرورت ہے، اس کے لئے بھارتی سیکریٹری خارجہ کو جلد پاکستان کاطے شدہ دورہ کرنا چاہیے۔

سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے بھارتی ہم منصب کی توجہ سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس کی جانب مبذول کراتے ہوئے کہا کہ سمجھوتہ ایکسپریس واقعے میں 42 پاکستانی شہید ہوئے، پاکستان کے بار بار مطالبے کے باوجود تحقیقاتی رپورٹ فراہم نہیں کی جا رہی، واقعہ کے ذمہ داروں کی رہائی کا ماحول تیار کرنا تشویش ناک ہے۔ اس کے علاوہ سیکرٹری خارجہ نے ’’را‘‘ کے حاضر سروس ایجنٹ کل بھوشن یادیو کا معاملہ بھی اٹھایا۔ انہوں نے را کی بلوچستان اور کراچی میں پاکستان مخالف سرگرمیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہیں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات معمول پر لانے کی کوششوں کے لئے دھچکا قرار دیا۔

نئی دلی میں پاکستان ہائی کمیشن کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان اپنے پڑوسیوں سے اچھے تعلقات چاہتا ہے، یہ ہی وزیراعظم نوازشریف کاعزم ہے، بھارتی سیکریٹری خارجہ سے ملاقات کے دوران کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب امور پر گفتگو ہوئی، اعزاز چوہدری نے کشمیر کے مسئلے کے فوری حل پر زور دیا۔

دوسری جانب بھارتی دفتر خارجہ کے ترجمان وکاس سواروپ نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ پر اس ملاقات کو انتہائی اہم قرار دیا۔
واضح رہے کہ دونوں ممالک کے سیکریٹری خارجہ کی ملاقات جنوری میں طے تھی لیکن پٹھان کوٹ واقعے کے باعث اس ملاقات کو منسوک کردیا گیا تھا۔