بھارت دہشتگردی کے ذریعے پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کر رہا ہے، پرویزرشید

Pervaiz Rashid

Pervaiz Rashid

اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید کا کہنا ہے کہ بھارت جو مقاصد 65 کی جنگ میں حاصل نہیں کرسکا وہ مقاصد پاکستانی معیشت کو نقصان پہنچاکرحاصل کرنا چاہتا ہے اور اسی لئے اب پاکستان کو دہشت گردی کے ذریعے عدم استحکام سے دوچار کررہا ہے۔

اسلام آباد میں یوم دفاع پاکستان کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ بھارت کے لئے65 کی جنگ کے حقائق چھپانا ممکن نہیں، 5 ستمبر کو بھارتی جنرل نے لاہور میں جشن منانے کااعلان کیا تھا، آج کا دن بھارت کے لئے یوم جارحیت اورپاکستان کے لئے یوم دفاع ہے، 1965 میں افواج پاکستان کے ساتھ پاکستان کے ہرفرد نے دفاع پاکستان میں حصہ لیا، اپنی آواز اور تحریرکے ذریعے بھی جنگ لڑی گئی۔

پرویز رشید کا کہنا تھا کہ بھارت جومقاصد65 کی جنگ میں حاصل نہیں کرسکا وہ مقاصد پاکستانی معیشت کو نقصان پہنچاکرحاصل کرنا چاہتا ہے، بھارت اب پاکستان کو دہشت گردی کے ذریعے عدم استحکام سے دوچار کر رہا ہے، آج کی جنگ بھی 65 کی جنگ کا تسلسل ہے، ہمیں ضرب عضب کی کامیابی کے لئے پوری کوشش کرنی چاہیے، دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب کو ہر ممکن صورت میں مکمل کریں گے۔