بھارت اور امارات کے درمیان 16 معاہدوں کی منظوری

India UAE Agreement

India UAE Agreement

ممبئی (جیوڈیسک) بھارت اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دو طرفہ تعاون کے کئی اہم معاہدوں کی منظوری دی گئی ہے۔ ان میں مختلف سیکٹرز میں دونوں ممالک کی ایک دوسرے کے ہاں سرمایہ کاری، دفاع، تونائی اور اقتصادی معاہدے شامل ہیں۔

بھارت اور امارات کے درمیان ڈیڑھ درجن کے قریب معاہدوں کی منظوری کا اعلان ابوظہبی کے ولی عہد محمد بن زاید آل نھیان کے حالیہ دورہ بھارت کے دوران کیا گیا۔

متحدہ عرب امارات نے بھارت میں پہلے ہی آٹھ ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔ یوں ابو ظہبی بھارت میں سرمایہ کاری کرنے والا ایک بڑا ملک سمجھا جاتا ہے۔

اماراتی ولی عہد نے اپنے دورہ بھارت کے دوران بھارت، امارات تعلقات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان سے ہمارے تعلقات آج سے شروع نہیں ہوئے بلکہ دونوں ملکوں کی تعلقات کی تاریخ صدیوں پرانی ہے۔

انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات اور بھارت کے درمیان صرف تجارتی اور سیاسی نوعیت کے تعلقات نہیں بلکہ دونوں اقوام کے درمیان گہرے ثقافتی تعلقات بھی ہماری تاریخ کا حصہ ہیں۔ بھارت نے ہمیشہ خلیجی اقوام بالخصوص اماراتی قوم کو قدر کی نگاہ سے دیکھا ہے۔

بھارتی تارکین وطن نے متحدہ عرب امارات کی تعمیر وترقی میں نمایاں خدمات انجام دیں۔ اماراتی قیادت بھارتی تارکین وطن سے ہمیشہ محبت اور احترام کے ساتھ پیش آتی رہی ہے۔

خیال رہے کہ بھارت کے یوم جمہوریہ کے موقع پر متحدہ عرب امارات کے ولی عہد محمد بن زاید آل نھیان کو خصوصی شرکت کی دعوت دی تھی۔ ان کے نئی دلی پہنچنے پر بھارتی قیادت کی طرف سے والہانہ استقبال کیا گیا۔