بھارت سال کے آخر میں بھی این ایس جی ممبر نہ بن سکے گا: چین نے عندیہ دیدیا

China

China

بیجنگ (جیوڈیسک) بھارت اس سال کے آخر میں نیوکلیئر سپلائرز گروپ کے ہونیوالے اجلاس میں بھی بھرپور سفارتی کوششوں کے باوجود گروپ کی رکنیت حاصل نہیں کر سکے گا۔ چین نے عندیہ دیدیا۔

بھارتی ٹی وی کے مطابق بیجنگ میں چینی وزارت خارجہ کے ترجمان ہونگ لی نے بھارت کے اس الزام بیجنگ نے اسکی رکنیت کا راستہ روکا، کے حوالے سے ردعمل میں کہا کہ صرف چین نہیں کئی نیوکلیئر سپلائرز گروپ ممالک نے این پی ٹی پر دستخط نہ کرنیوالے ممالک کو رکن بنانے کے معاملے پرتحفظات ظاہر کئے اور گزشتہ ہفتے ہونیوالے اجلاس میں اپنا واضح نقطہ نظر پیش کیا۔

ہمارا بھی یہی نقطہ نظر ہے کہ این ایس جی میں کسی ”خاص ملک“ کو رکنیت دینے کے حوالے سے ممبر ممالک بھرپور صلاح و مشورے اور نتائج پر غور کے بعد فیصلہ کریں۔ دریں اثنا نیوکلیئر سپلائرز گروپ نے بھارت کی طرف سے رکنیت کی درخواست پر ارجنٹائن کے سفیر رافیل گروسی کو سہولت کار نامزد کیا ہے جبکہ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ انہوں نے بھارت کی درخواست پردوبارہ غور ہونے کے بارے میں نہیں سنا۔