بھارتی فوج مردانگی کا مظاہرہ کرے، اپنے ہلاک فوجیوں کا بتائے: آرمی چیف

General Raheel Sharif

General Raheel Sharif

بہاولپور (جیوڈیسک) پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ بھارتی فوج مردانگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے ہلاک فوجیوں کا بتایا کرے۔ پاک فوج کی جوابی کارروائی میں 11 بھارتی فوجی مارے گئے۔

انہوں نے کہا کہ مودی کو پاک فوج کی قابلیت کا اندازہ ہے، اسی لیے جارحیت سے باز رہا۔ مودی سمجھ گیا ہے کہ جارحیت سے کچھ نہیں ملے گا۔ آرمی چیف نے کہا کہ سرجیکل سٹرائیک صرف باتوں تک محدود رہی۔ جو دعوے بھارت نے کیے تھے اس پر اسے شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کی فوج میں بہت بڑا فرق ہے۔ وہ اپنے مرنے والے فوجیوں کو ماننے کو تیار نہیں جبکہ ہمارا جوان شہید ہو تو ہم تسلیم کرتے ہیں۔

کنٹرول لائن پر اب تک 45 سے زیادہ بھارتی فوجی مارے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق آرمی چیف نے ان خیالات کا اظہار پاکستان کے دورے پر آئے ترک صدر رجب طیب اردوان کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے کے موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کے دوران کیا۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے حالات کی بہتری میں پاک فوج کا کلیدی کردار ہے۔ پاک فوج کی بہتر ٹیم ورک کی وجہ سے آج بلوچستان کے حالات بہتر ہیں۔ آئندہ بھی حالات بلوچستان میں بہتری کی طرف جائیں گے۔