بھارتی فوج کے ہاتھوں نہتے کشمیریوں کے قتل پر تشویش ہے : نواز شریف

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی جانب سے نہتے شہریوں کے خلاف طاقت کا غیرقانونی استعمال افسوس ناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری رہنماء برہان وانی کے قتل کیخلاف مظاہرے کرنے والے شہریوں پر بھارتی افواج کی فائرنگ اور تشدد بھی قابل مذمت ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ نہتے شہریوں پر ریاستی طاقت کے غیرقانونی استعمال جیسے اوچھے ہتھکنڈے کشمیریوں کو حق خود ارادیت کے مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹا سکتے کیونکہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت کشمیریوں کا حق ہے۔

وزیر اعظم نواز شریف نے مقبوضہ کشمیر میں کشمیری رہنماؤں کی مسلسل نظربندی پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ بھارتی حکومت سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق اپنے وعدے پورے کرے اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی ذمہ داریاں پوری کرے۔

دوسری جانب، قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ کشمیری بھائیوں کی تاریخی اور بے مثال قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی، پیپلز پارٹی بھارتی مظالم کے شکار نہتے کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے۔