بھارتی ثقافت ہماری تہذیب کو نگلتی جارہی ہے ‘ جی کیو ایم

Pakistani Culture

Pakistani Culture

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان میں بھارتی فلموں و ڈراموں کی پسندیدگی کے باعث پاکستانی ثقافت و زبان کو پہنچنے والے نقصان پر اظہار افسوس کرتے ہوئے گجراتی قومی موومنٹ کے سربراہ گجراتی سرکار امیر سولنگی عرف پٹی والا المعروف سورٹھ ویر نے کہا کہ بھارتی فلموں و ڈراموں کے باعث نہ صرف پاکستان کی قومی ‘ اسلامی اور علاقائی ثقافت کو نقصان پہنچاہے بلکہ قومی زبان اردو کے ساتھ صوبائی و علاقائی زبانوں میں بھی بھارتی ہندی کی آمیزش ہوتی جارہی ہے جو کسی بھی طور موزوں و مناسب نہیں ہے۔

انہوں نے پاکستان کی قومی ‘ صوبائی وعلاقائی زبانوں کو بھارتی ثقافتی حملے سے محفوظ بنانے کیلئے ملک گیر تحریک چلانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اردو‘ سندھی ‘ پنجابی ‘ بلوچی ‘ پشتو اور کشمیری بولنے والوں کا ہی وطن نہیں بلکہ یہاں سرائیکی ‘ ہندکو اور دیگرزبانیں بولنے والوں کیساتھ گجراتی بولنے والوں کی بڑی تعداد بھی بستی ہے اور ہر زبان سے وابستہ افراد اپنی ایک منفرد ثقافت و تہذیب کے بھی حامل ہیں۔

لیکن بھارتی ثقافت ہماری تہذیب کو نگلتی جارہی ہے اسلئے زبان وثقافت اوتہذیب کو بھارتی ثقافتی حملے سے محفوظ بنانا ہم سب کی ذمہ داری ہے !۔