بھارتی جھنڈا لہرانے والے کی ضمانت منظور

Umar

Umar

اوکاڑہ (جیوڈیسک) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اوکاڑہ نے اپنے گھر کی چھت پر بھارتی جھنڈا لہرانے والے کرکٹ کے شوقین نوجوان کی درخواست ضمانت منظور کر کے اس کی رہائی کا حکم دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اوکاڑہ کے نواحی گاؤں چک نمبر 54 ٹو ایل کے رہائشی نوجوان عمر دراز نے بھارتی کرکٹر ویرت کوہلی سے اظہار محبت کرتے ہوئے اپنی دکان میں اس کی تصاویر لگا رکھی تھیں جبکہ ایک روز اس نے اپنے گھر کی چھت پر بھارتی پرچم لہرا دیا تھا جس پر پولیس تھانہ صدر اوکاڑہ نے اس کے خلاف مقدمہ درج کرکے اسے گرفتار کر لیا تھا۔

نوجوان کی ضمانت کیلئے علاقہ مجسٹریٹ سے رجوع کیا گیا مگر کئی روز کی سماعت کے بعد عدالت نے اس کی درخواست ضمانت 18 فروری کو مسترد کر دی تاہم آج ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اوکاڑہ نے اس کی ضمانت منظور کرتے ہوئے رہائی کا حکم سنایا ہے۔

واضح رہے کہ اوکاڑہ پولیس نے عمر دراز پر 16 ایم پی او اور دفعہ 123 اے کے تحت مقدمہ درج کیا تھا جس میں جرم ثابت ہونے پر زیادہ سے زیادہ 10 برس قید کی سزا ہو سکتی ہے۔