بھارتی فورسز پٹھان کوٹ کا فضائی اڈا 4 روز بعد بھی کلیئر نہ کرا سکیں

Indian Forces

Indian Forces

نئی دہلی (جیوڈیسک) بھارت کا پٹھانکوٹ ائرفورس اسٹیشن چوتھے روز بھی کلیئر نہ کرایا جاسکا،ایک دہشتگرد کے رہائشی علاقے میں چھپے ہونے کی اطلاعات پر تلاش جاری ہے،پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان متاثرہ خاندانوں کا دکھ سمجھ سکتا ہے،ہم دہشتگردی سے سب سے زیادہ متاثر ہیں۔

بھارتی فضائیہ کے اڈے پر حملے کو آج چوتھا روز ہوگیا،6 میں سے ایک حملہ آور تاحال بھارتی فوج کے اعصاب پر سوار ہے ۔ ادھر بھارت آپریشن مکمل ہونے کا اعلان کرتا ہے ادھر دہشتگرد اپنی موجودگی کا احساس دلا کر ان دعووں پر پانی پھیردیتا ہے ،بچ جانے والا دہشت گرد ایئربیس کے رہائشی علاقے میں چھپا بیٹھا ہے۔

3 روز کے دوران 5 دہشتگرد مارے گئے اور بھارتی فوج کے 7 اہلکار ہلاک اور کئی زخمی ہیں،بڑی بڑی بھڑکیں مارنے والے بھارتی میڈیا نے ،فوج کی اس ناکامی پر حواس باختہ ہوکر الزامات کی توپوں کا رخ مسلسل پاکستان کی جانب کررکھا ہے ۔

اُدھر پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پٹھان کوٹ حملے پر بھارت سے رابطے میں ہیں ،بھارت کی طرف سے فراہم کی گئی معلومات پر کام کیا جارہا ہے ۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ دہشتگردی کاچیلنج اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ پاک بھارت تعاون بڑھایا جائے،متاثرہ خاندانوں کی تکلیف اور دکھ درد کو سمجھ سکتے ہیں ،پاکستان خود دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ہو ا ہے ، پاکستان اس واقعے پر بھارتی حکومت اور عوام سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہے۔