بھارتی ظلم و ستم کشمیریوں کے حوصلے پست نہیں کر سکتا، مفتی محمد نعیم

Mufti Muhammad Naeem

Mufti Muhammad Naeem

کراچی : جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمدنعیم نے کہاکہ بھارت ظلم وستم سے کشمیریوں کے حوصلے پست نہیں کرسکتا،پوری دنیا کے مسلمان کشمیریوں کی استقامت اور قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں ، عالمی طاقتو اور اقوام متحدہ کی دوغلی پالیسیاں مسئلہ کشمیر کے حل میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے ، پاکستان کا بچہ بچہ کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے کشمیر کو پاکستان سے کوئی جدا نہیں کرسکتا۔

جامعہ بنوریہ عالمی میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمدنعیم نے کہاکہ خطے میں دہشت گردی کی سب سے بڑی وجہ مسئلہ کشمیر کا حل نہ ہونا ہے اگر بھارت کا کشمیر پر تسلط نہ ہوتاتو خطے میں کشیدگی کی فیضاء نہیں ہوتی مسلم حکمرانوں کشمیر وفلسطین کے تنازعات کو حل کرنے کیلے کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے ، حکمران محض نعروں اور طفل تسلیوں کے بجائے ٹھوس مذاکرات کے ذریعے کشمیر کا حل نکالنے کی کوشش کریں۔

انہوںنے کہاکہ جغرافیائی مذہبی تاریخی اور ثقافتی ہر لحاظ سے کشمیر پاکستان کا حصہ ہے ،خطے کے امن کیلئے ضروری ہے کہ مسئلہ کشمیر کو حل کرلیا جائے ، بھارت کی جانب سے کشمیر پر ظلم وجبر کشمیریوں کے حوصلوں کو کبھی پست نہیں کرسکتے ،انہوںنے کہاکہ اقوام متحدہ میں کشمیریوں کیلئے استصواب کے حق کو تسلیم تو کیا گیا مگر انہیں حق دلانے کی کوئی کوشش نہیں کی گئی بلکہ اس تنازع کی آڑ میں پاکستان اور بھارت کو لڑاکر عالمی دشمن قوتوں نے اپنے مفادات حاصل کیے۔

67سال سے کشمیر میں جاری ظلم وتشددکا بازار گرم ہے ،لاکھوں شہید اور لاکھوں کشمیری مسلمان مرد ، عورتیں ، بچے اور بوڑھے زخمی اور اپاہج ہو چکے ہیںکشمیر کے گھر سے شہداء کی لاشیں نکلی ہیں ،کئیں مائیں اور بہنیں اپنی عزتیں قربان کرچکی ہیں اس کے باوجود اقوام متحدہ سمیت دیگر فورم نے کوئی ٹھوس آواز بلند نہیں کی اور نہ ہی کشمیریوں کو ان کا حق دلانے میں کوئی کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہاکہ کشمیر ی مسلمان خود کو تنہا نہ سمجھے پوری دنیا کے مسلمان ان کے ساتھ ہیں اور آج ساری دنیا ان کی استقامت اور پامروی کو سلام پیش کرتی ہے۔