دریائے سندھ کا سیلابی ریلا ٹھٹھہ کے راستے سمندر میں گر رہا ہے

Sindh Floodwater

Sindh Floodwater

ٹھٹھہ (جیوڈیسک) دریائے سندھ کا سیلابی ریلا ٹھٹھہ کے راستے سمندر میں گر رہا ہے۔ سیلاب سندھ اور پنجاب میں جہاں سے گزرا تباہی کے نشان چھوڑ گیا۔دریائے سندھ میں ٹھٹھہ کے مقام پر ساڑھے پانچ لاکھ کیوسک کا سیلابی ریلا گزر رہا۔ جس سے دریا سے ملحقہ کئی بستیاں پانی میں گھر گئی ہیں۔

سیلابی ریلا کچی بستیوں کو نقصان پہنچاتا ہوا سمندر میں گر رہا ہے۔ادھر کشمور، سکھر، خیرپوراور گھوٹکی سمیت سندھ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں اب بھی پانی موجود ہے۔ متاثرین حفاظتی بندوں پر کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں۔

پنجاب میں بھی دریائے سندھ اور دریائے چناب کے سیلابی پانی نے ہزاروں دیہاتوں کو متاثر کیا۔ راجن پور، ڈیرہ غازی خان، مظفر گڑھ اور لیہ کے سیلاب زدہ علاقوں سے سیلابی پانی کا نکاس نہ ہونے کے باعث متاثرین خیمہ بستیوں اور قومی شاہراہ کے کنارے پناہ لیے ہوئے ہیں۔