سندھ طاس معائدہ اور پانی

Indus Water Agreement

Indus Water Agreement

تحریر : شہزاد سلیم عباسی
پاکستان کے آبی مسائل کثیر الجہتی ہیں اور اسکے حصول کے لیے ہماری جہد مسلسل صفر ہے۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور عالمی مافیا کا گٹھ جوڑپاکستان اور بھارت کے درمیان دہائیوں پرانا سندھ طاس معاہدہ ہوا میں اڑا کر پاکستانی دریاؤں کا پانی بند کرکے اسے بنجر و بیابان بنا نے کا ناپاک ارادہ رکھتاہے۔جب کہ ہمارے حکمران علاقائی امن و استحکام کے لیے بلی کو دودھ کا رکھوالا بنانے پر خواب خرگوش میںمدہوش ہیں۔پاکستان میں امسال پانی کے اہم ترین ذخائر انتہائی قلیل تھے جو خوفناک بات ہے۔ پاکستان کی سالانہ آبی ضروریات ایک کروڑ دو لاکھ ایکڑ فٹ کے قریب ہیں اور سال بھر میں ملک کو 120 سے 125 ملین ایکڑ فٹ پانی ہماری ضرورت سے کچھ زیادہ ہے۔ جنرل ایوب کے جانے کے بعد ہم نے اپنی نالائقی اور بد مستی سے 1999میں بھارت کو دریائے جہلم پر بگلہاڑ ڈیم بنانے پر مجرمانہ سکوت اختیار کیے رکھی اوراسی طرح اب بھارت کے دریائے نیلم (جو بھارت میں کشن گنگا کہلاتا ہے) پر ہائیڈرو الیکٹرک پلانٹ کی مکمل تعمیر پر بھی بے زبان ہیں اور شاید اسکے افتتاح پر بھی اقوام متحدہ میں محض ایک آدھ قرار جمع کراکر اپنا فرض ادا کرلیں۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق پاکستان میں ہر سال پانچ سال سے کم عمر کے 2,50,000 بچے آلودہ پانی کی وجہ سے موت کی نیند سو جاتے ہیں۔ پانی کے بغیر زندگی کا تصور ناممکن ہے۔ افسوس کہ پاکستان کونسل آف ریسرچ ان واٹر ریسورسز(پی سی آر ڈبلیو) کی رپورٹ کے مطابق آج بھی ہمارے ملک کی پچاسی فیصد آبادی صاف پانی سے محروم ہونے کے باوجود کسی مسیحا اور انقلابی کے انتظار میں ہے کہ وہ آئے اور ہمارے ملک کے مسائل کو حل کرے۔ حکمرانوں کی فوج ظفر موج یا اپوزیشن میںسوائے سراج الحق کے کوئی ایسا نہیں جس نے اب تک بغیر کسی تعصب کے پانی یا صاف پانی کے حصول کیلئے آواز اٹھائی ہو۔ نئی مردم شماری کے مطابق ملک کی آبادی کم وبیش 21کروڑ ہوچکی ہو گی۔ مادہ پرستی، قتل و غارت گری اور دہشتگردی اور بین الاقوامی نرغوں کے باوجود ارض پاکستان میں ایک خوش گوار تبدیلی رونما ہوئی ہے جس نے انسانیت کی فلاح و بہبود کو اپنا مشن بنا کر لوگوںکی غربت و جہالت اور بھوک افلاس کے خاتمے کا بیڑا اٹھا یا ہے جو صد ستائش کے قابل ہے۔

بے شمار دوسرے اداروں کی طر ح الخدمت فائونڈیشن پاکستان بھی انسانی خد مت کا ادارہ ہے جو کہ اپنے باقی سات پروگراموں کفالت یتیمی ، ڈیزاسٹر مینجمنٹ ، تعلیم ، صحت عامہ، مواخات ، کمیونٹی سروسز کے ساتھ ساتھ پانی اور صاف کے لیے بھی حصہ بقدرجثہ اپنی خدمات سرانجام دے رہا ہے۔ الخدمت فائونڈیشن کے صاف پانی۔ محفوظ زندگی منصوبے کا مقصد ایک صحت مند اور توانا معاشرے کا قیام ہے۔ ۔ الخدمت فائونڈیشن مسلسل آلودہ پانی کے حوالے سے آگاہی مہم کے ساتھ ساتھ صاف پانی کے منصوبوں پر ملک بھر میں مصروف عمل ہے ۔ الخدمت فائونڈیشن نے ملک بھر میں حسب ضرورت 42 فلٹریشن پلانٹس،700 فلٹریشن یونٹس، 1,351 کنویں، 3,483 ہینڈ پمپ بنائے ہیں جبکہ دیگر271 منصوبوں پر کام جاری ہے۔ جس سے روزانہ کی بنیاد پر 1,20,8400 افراد مستفید ہو رہے ہیں۔

پاکستان میں صحت کے معاملات کی سب سے بڑی وجہ آلودہ پانی ہے۔ پی سی آر ڈبلیو کی سہہ ماہی رپورٹوں اورپانی کے کیمیائی اور حیاتیاتی نمونوں کے اعدادوشمار کے مطابق اکثر پانی مضرصحت ہے جس سے لاکھوں افراداسہال، ہیضہ اور یرقان، ٹی بی، کینسر اور ان جیسی متعدد موزی امراض میں مبتلاہو کر موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔ ملک کو آلودہ پانی کی وجہ سے ہونے والے امراض اور دیگر مسائل کے باعث سالانہ 110 ارب روپے سے زائد کا معاشی نقصان ہوتا ہے۔

قیمتی زندگیوں کو بچانے کیلئے میٹھے پانی( بارش کا پانی وغیرو) کو بچانا ہو گاہمیں آج ہی سے گھریلو، صنعتی اور زرعی استعمال میں سائنسی طریقہ کار اپنانا ہوگا۔ بے ہنگم طور پر زیر زمین پانی کی نکاسی پر پابندی عائد کر نا ہو گی۔میٹھے پانی کے غیرانسانی استعمال سے متعلق قانون سازی کر نا ہوگی ۔صنعتی ، تعمیراتی منصوبوں، ورکشاپوں اوردوسری مختلف جگہوں پرپانی کے بیجا اصرا ف پر بھی پابندی عائد کر نا ہو گی۔ صنعتی ، زرعی، فیکٹریوں ، گندے نالوں اور گھروں کے گندے اور فضلہ زدہ پانی کو میٹھے پانی میں شامل ہونے سے بچانا ہو گا۔ پانی کے لائنوں اور گٹر کی لائنوں کو ایک ساتھ رسنے اور بہنے سے بچا نا ہو گا۔ سرکاری طور پر پانی کی منصفانہ تقسیم کو بہتر کرنا ہوگا۔

ماہرین اور اہل الرائے کے نزدیک مستقبل قریب میںپانی کی کمی سے بچنے کا واحد حل مزید ڈیم تعمیر کرنا ہے۔ گزشتہ سال بھی 12 ملین ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ نہ ہونے کی وجہ سے سمندر کی نذر ہوگیا تھا۔ اب نظریہ ضرورت کی علمبردار پیپلزپارٹی اور دوسری جماعتوں کو اپنی ناخالص سیاست اور ذاتی مفادات کوبالائے طاق رکھ کرملک کو آبی جنگ اور آبی خطرے سے باہر نکالنے کے لیے کالا باغ ڈیم جیسے میگا پراجیکٹ پر رضامندی ظاہر کرنا ہوگی۔سہ فریقی معائدے سندھ طاس کی دو بار بدترین خلاف ورزی پر میاں نواز شریف کو جنرل ایوب کا کردار ادا کر کے ڈیم کی تعمیرکا ایمرجنسی حکم دینا ہوگا۔ خوشک سالی ہو یابد حالی، سیلاب ہو یا بادو باران، کالا باغ ڈیم کی تعمیر اور پانی ذخیرہ کرنے کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کرنا ہی ہمارے ملک کی زراعت، صنعت اورزندگی کی دوسری بہترین خوشیوں کی ضامن ہے۔

Shahzad Saleem Abbasi

Shahzad Saleem Abbasi

تحریر : شہزاد سلیم عباسی
0333-31 33 245
shahzadsaleemabbasi@gmail.com