مہنگائی کے باعث عوام بنیادی ضروریات زندگی سے محروم ہوتے جا رہے ہیں۔ منعم ظفر خان

Menam Zafar Khan

Menam Zafar Khan

کراچی : رمضان کے آغاز سے قبل ہونے والی ہوشربا مہنگائی سے عوام کو نجات دلانے اور انھیں سستے داموں معیاری اشیاء کی فراہمی کیلئے جماعت اسلامی علاقہ حسین آباد کی جانب سے بچت بازار کا انعقاد کیا گیا۔

بچت بازار میں آٹا ، دال ، گھی ، چینی ، چاول اور روزمرہ ضروریات کی اشیاء سمیت دیگر چیزوں کے اسٹالز لگائے گئے تمام اشیاء کی قیمتوں میں واضح فرق سے بچت بازار میں عوام کا بے پناہ رش دیکھنے میں آیا اور عوام نے جماعت اسلامی کی سرگرمی کو بھر پور الفاظ میں سراہا ۔ امیر جماعت اسلامی ضلع وسطی منعم ظفر خان ، امیر زون دستگیر منیر یعقوب نے بچت بازار کا دورہ کیا اور عوام سے گفتگو کی ۔امیر جماعت اسلامی ضلع وسطی منعم ظفر خان نے کہا کہ مہنگائی نے غریب عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے ۔ غریب عوام کی قوت خرید بری طرح متاثر ہوئی ہے اور عوام بنیادی ضروریات سے بھی محروم ہوتے جارہے ہیں جبکہ حکمرانوں کو عوام کی تکلیف کا ذرہ بھر بھی احساس نہیں ۔ محلات میں چین کی زندگی بسر کرنے والے حکمران اشیاء کی قیمتوں اور معیار سے بالکل ناواقف ہیں۔

انھوں نے کہا کہ انتظامیہ کی نااہلی کے باعث رمضان کی آمد سے قبل ہی پھل ، سبزیوں سمیت دیگر اشیاء کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ کر دیا گیا ہے جو انتہائی ظالمانہ عمل ہے جبکہ اشیاء کی قیمتوں کو حکومتی سطح پر برقرار رکھنے کیلئے کوئی نظام موجود نہیں ۔منعم ظفر خان نے کہا کہ رمضان رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ ہے لیکن ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے باعث اس کو عوام کیلئے زحمت بنا دیا گیا ہے۔ جماعت اسلامی کو عوام کی تکلیف کا پوری طرح احساس ہے اور ہم عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے ہمیشہ کی طرح کوشاں ہیں۔

بچت بازار جماعت اسلامی کی تابندہ روایت ہے اور ہم ہر سطح پر عوام کو سہولت پہنچانے کو کوششوں میں مصروف ہیں لیکن اس کام کی بنیادی ذمہ داری حکومت وقت پر عائد ہوتی ہے ۔ انھوں نے صوبائی حکومت اور کمشنر کراچی سے مطالبہ کیا کہ رمضان کی آمد سے قبل ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کاروائی کرکے عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے۔

سید انوار احمد
سیکریٹر ی اطلاعات
جماعت اسلامی، وسطی
0345-2385320