سب انسپکٹر کی بیوہ، بچے دربدر، جرائم، دہشتگردی کیخلاف جنگ میں سکیورٹی اہلکار مایوس

Lahore

Lahore

لاہور (آن لائن) مسلم لیگ (ن) کے ممتاز راہنما وزیراعظم نواز شریف کے سابقہ حلقہ کی انتخابی مہم کے انچارج مرزا محمد شفیق جرال اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے کوارڈی نیٹر نعیم قریشی نے کہاہے کہ گلشن راوی 141 اے بلاک کے رہائشی پنجاب پولیس کے سب انسپکٹر خالد محمود ورک کو گزشتہ ماہ قصور میں اشتہاریوں (عامر شہزاد وغیرہ) نے مقابلے کے دوران شہید کردیا، ملزم پہلے بھی کانسٹیبل سمیت2 افراد کو قتل کرچکا ہے، شہید نے ایک بیوہ چار بچوں کو سوگوار چھوڑا، انکے اہل خانہ آج بھی باپ کی قبر پرماتم کرتے دربدر ہورہے ہیں، کسی پولیس کے اعلیٰ افسر حکومتی ذمہ دار شخص نے مدد تودور کی بات تعزیت کرنا بھی گورا نہ کی۔

مسلم لیگی راہنما مرزا محمد شفیق جرال وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے کو آرڈی نیٹر نعیم قریشی نے وزیر داخلہ وزیرا عظم نواز شریف، وفاقی و صوبائی سیکرٹری داخلہ، وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے مطالبہ کیا کہ خالد محمود ور شہید کو5 کروڑ مالی امداد، بیوہ کو تاحیات ڈبل پنشن،1 کنال پلاٹ اور بچے کو انکی جگہ پولیس میں ملازمت دیجائے، مسلم لیگ(ن) کے راہنماؤں نے کہا کہ دہشتگردی کے ماحول کے باعث سکیورٹی فورسز کے اہلکار پریشان ہیں۔

اعلیٰ افسران کو ہمیشہ حکومتی سرپرستی حاصل رہی لیکن چھوٹے افسران کو کسی نے نہیں پوچھا۔ جس کے باعث نچلے طبقے میں مایوسی اور نفرت کی فضا بڑھ رہی ہے، انہوںنے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر ہوں یا دہشتگردی کی جنگ دونوں کے خاتمہ کیلئے چھوٹے افسران کی حوصلہ افزائی کے بغیر کامیابی ممکن نہیں،مسلم لیگ ن کے راہنماؤں نے کہا کہ پولیس کا اربوں روپے کا فنڈ کہاں جارہا ہے، اب حالت یہ ہے کہ ڈی آئی جی حیدر اشرف جیسے افسر بھی کینیڈا کی نیشنلٹی کو ترجیح دینے لگے ہیں، انہوںنے کہا کہ ہنگامی بنیادوں پر خالد محمود ورک شہید کے اہل خان کی امداد کی جائے۔