باشعور قومیں اپنے ٹیلنٹ کی قدر کرتی ہیں، محمد حسین محنتی

Jamaat e Islami

Jamaat e Islami

کراچی (پ ر) امیر جماعت اسلامی صوبہ سندھ محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ باشعور قومیں اپنے ٹیلنٹ کی قدر کرتی ہیں، تعلیم اور اخلاقیات ہی زندہ قوموں کو عروج پر لے کر جاتی ہیں۔ جماعت اسلامی نے ہمیشہ ہونہار طلبہ کی حوصلہ افزائی کی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی یوتھ ونگ، لیاقت آباد کے زیر اہتمام ہمسفر میرج ہال نزد زینت اسکوائر، ایف سی ایریا میں منعقدہ ”ٹیلنٹ ایوارڈ” کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اصل سرچشمہ قرآن مجید اور نبی اکرم ۖ کی ذات مبارک ہے، اسلام نے علم کا حصول ہر مرد اور عورت پر لازم قرار دیا ہے، علم ہی آگے بڑھنے کی سیڑھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم علم کی قدر و منزلت اور اہمیت کو معاشرے میں عام کرنے اور محنتی طلبا و طالبات کی حوصلہ افزائی کیلئے اس طرح کے پروگرام منعقد کرتے ہیں تاکہ ایسی نسل ملک و ملت کو فراہم کرسکیں جو اللہ کی زمین پر اللہ کا نظام نافذ کرسکے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل سیکریٹری جماعت اسلامی ضلع وسطی محمد یوسف نے کہا کہ باصلاحیت طلبہ ہی ملک و قوم کا اصل مستقبل ہیں جو اس ملک کو علامہ اقبال اور قائداعظم کے افکار کے مطابق صحیح رُخ پر گامزن کریں گے، طلبہ کے لئے وسائل فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے لیکن افسوس پاکستان میں تعلیم و صحت کے شعبے حکومتی توجہ کے متلاشی رہے ہیں۔

ایگزیکٹو ڈائریکٹر عثمان پبلک اسکول سسٹم، نسیم صدیقی کہا کہ تعلیم کو محض دنیا بنانے اور معاشرے میں معیار زندگی بلند کرنے کے لئے حاصل نہیں کرنا چاہئے بلکہ اعلیٰ تعلیمی اوصاف کو معاشرے کی فلاح کے لئے بروئے کار لانا چاہئے۔

اس طرح کے پروگرامات سے بچوں کے اندر احساس پیدا ہوتا ہے جو کہ روشن مستقبل کی طرف لے کر جاتا ہے۔ تقریب میں نائب امیر جماعت اسلامی ضلع وسطی خالد صدیقی و دیگر نے بھی شرکت کی۔

ٹیلنٹ ایوارڈ کی تقریب میں لیاقت آباد کے اسکولوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ میں شیلڈ اور میڈل تقسیم کئے گئے۔ آخر میں امیر جماعت اسلامی زون لیاقت آباد اسحق تیموری نے تمام مہمانوں و شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔

سید انوار احمد
سیکریٹر ی اطلاعات
جماعت اسلامی، وسطی
0345-2385320