وزیر داخلہ نے ایگزٹ کنٹرول کی بلیک لسٹ ختم کرنے کا اعلان کر دیا

Nisar Ali Khan

Nisar Ali Khan

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے ایگزٹ کنٹرول کی بلیک لسٹ ختم کرنے کا اعلان ای سی ایل میں تبدیلیوں سے متعلق بریفنگ کے دوران کیا۔ چودھری نثار علی خان نے کہا کہ ماضی میں ایگزٹ کنٹرول لسٹ کو انتقامی کارروائیوں کیلئے استعمال کیا گیا لیکن اب ایسا نہیں ہوگا۔

ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹس اختیار واپس لے لیا گیا ہے۔ ای سی ایل میں کوئی بھی نام سپریم کورٹ اور ہائی کورٹس کی ہدایت پر ہی شامل ہو گا۔

وزیر داخلہ نے بتایا کہ ای سی ایل میں ڈالے جانے والے ناموں کو ری ویو کا حق حاصل ہوگا۔ تین سال میں کیس کو منطقی انجام تک بھی پہنچایا جائے گا تاہم ڈبل پاسپورٹ کا غلط استعمال کرنے والوں کو سزا پوری کرنا ہوگی۔

چودھری نثار علی خان نے بتایا کہ سوا سال پہلے اغوا کئے گئے چینی سائیکلسٹ کو بازیاب کرا لیا گیا ہے جسے جلد چینی سفارتخانے کے حوالے کر دیا جائے گا۔