عالمی ادارے اور ریٹنگ ایجنسیاں ہماری معاشی پالیسیوں کو سراہتے ہیں: وزیراعظم

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

واشنگٹن (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے اپنے دورہ امریکا کے دوران پاک امریکا بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا امریکی تاجر پاکستان کے قابل اعتماد شراکت دار ہیں اور پاکستان بیرونی سرمایہ کاروں کے لیے پرکشش منڈی بن چکا ہے۔ بزنس کونسل کا دوطرفہ تعاون میں کردار قابل تعریف ہے۔

وزیراعظم نواز شریف نے اپنے خطاب میں کہا پاکستان میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔ دہشت گردی کیخلاف موثر حکمت عملی اختیار کی گئی ہے۔ دہشت گردوں کیخلاف فوجی آپریشن کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں اور دہشت گردی کے واقعات بہت کم ہو گئے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا پاکستان کی اقتصادی ترقی کو عالمی سطح پر پذیرائی ملی ہے۔

عالمی ادارے اور ریٹنگ ایجنسیاں معاشی پالیسیوں کو سراہتے ہیں جبکہ مہنگائی میں انتہائی کمی آئی ہے اور ترقی کی شرح4 اعشاریہ 2 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ پاکستان کے زرمبادلہ کے زخائر بھی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے فضا سازگار ہے اور پاکستان میں تھری اور فور جی کی شفاف انداز میں نیلامی کی گئی۔

حکومت پاکستان 2017 تک لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا ہدف ہمارے سامنے ہے۔ کاسا اور تاپی جیسے منصوبے توانائی کی قلت کو دور کریں گے۔ انہوں نے کہا چین پاکستان اقتصادی راہداری سے خطے میں خوشحالی آئے گی۔

انہوں نے کہا ہمسایوں سے پرامن اور اچھے تعلقات چاہتے ہیں اور ہم علاقائی ممالک کے درمیان تجارت کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔ وزیراعظم نواز شریف نے خطاب میں کہا مالیاتی خسارے میں کمی اور محصولات میں اضافہ ہوا ہے جبکہ ہماری حکومت نے ٹیکس استشنٰی کا مکمل خاتمہ کر دیا ہے۔